Tag: آزادی اور انقلاب مارچ

  • اسلام آبادمیں دھرنے، وزیرِاعظم پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کریںگے

    اسلام آبادمیں دھرنے، وزیرِاعظم پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کریںگے

    اسلام آباد:  دھرنوں کی صورتحال اورحکمتِ عملی طے کرنے کیلئے وزیرِاعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کو آج طلب کرلیا ہے، دوسری جانب تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں بلالیا ہے۔

    آزادی اور انقلاب مارچ سے نمٹنے اورصورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیرِاعظم نوازشریف کی زیرِصدارت اجلاس شام ساڑھے بجے ہوگا۔ وزیرِاعظم نے پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں کو چیمبر میں طلب کیا ہے۔

    دوسری جانب تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں طلب کرلیا ہے، جس میں جمعے کو منائے جانے والے’گو نواز گو ڈے‘ کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

  • اسلام آباد دھرنوں میں 5سے 6دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں ، وزارتِ داخلہ

    اسلام آباد دھرنوں میں 5سے 6دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں ، وزارتِ داخلہ

    اسلام آباد:حساس اداروں کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریکِ انصاف کے دھرنوں میں دہشتگرد شامل ہوگئے ہیں۔

    اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ ریڈزون کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    حساس اداروں نے وزارتِ داخلہ کو دہشتگردوں کی گفتگو سے آگاہ کردیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دہشتگرد پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کو بڑا نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سیاسی جرگے سے ملاقات کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ ماحول خراب نہ کرے،  مذاکرات کے دوران اس طرح کی جملے بازی سے اجتناب کیا جائے تو بہتر ہے۔

    اےآروائی نیوز کے نمائندے اظہر بن کریم کے مطابق چھ دہشت گرد جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے بتایا جارہا ہے، دونوں دھرنوں میں داخل ہوچکے ہیں اور وہ دونوں دھرنوں میں دہشت گردی کی  بڑی واردات کرنا چاہتے ہیں۔

    سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق تحریک ِ انصاف اورعوامی تحریک کی جانب سے دیئے گئے دھرنوں کی انتظامیہ کو مطلع کردیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع  سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق دھرنوں میں ممکنہ طور پر دہشت گردی کی بڑی کاروائی ہوسکتی ہے اوراس میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں، حساس اداروں نے یہ معلومات ٹیلی فون کالز کے ذریعے حاصل کی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک ِ انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں جاری دھرنوں کو تین ہفتے سے زائد وقت گزرچکاہے ، دھرنوں کی حفاظت کے لئے دونوں جماعتوں نے اپنے کارکنان پر مشتمل کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہوئی ہیں۔

  • الطاف حسین کا دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخر کرنے کی تیسری مرتبہ اپیل

    الطاف حسین کا دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخر کرنے کی تیسری مرتبہ اپیل

    کراچی: الطاف حسین نےسیلاب کے پیش نظر دھرنے دینے والوں سے احتجاج موخرکرنے کی اپیل کردی،کہتے ہیں دل سوز صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرین سیلاب کی مددکو ترجیح دی جائے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دھرنے دینے والی جماعتوں سے ایک بار پھر اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کے پیش نظراحتجاجی دھرنے موٴخرکردیں۔

    انہوں نے کہا کہ دھر نے دینے والی سیاسی ومذہبی جماعتوں سے دوبارہ کہتا ہوں کہ خدارا سیلاب متاثرین کی بہن، بیٹیوں کو دیکھیں جو بے سہارا ہوگئیں ہیں ،وہ باعزت سہارے کی تلا ش میں ٹھوکریں کھا رہی ہیں ،معصوم بچے بھو ک سے بلبلا رہے ہیں،

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثرہورہے ہیں متاثرہ عوام کوفاقہ کشی کی صورتحال کا سامنا ہے،اُن کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کی امداد اولین ترجیح ہے ایسی صورتحال میں اگر وہ احتجاجی تحریک چلا رہے ہوتے تو احتجاج فوری ختم کر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کردیتے۔

    دوسری جانب الطاف حسین نے دروغہ والا لاہور میں نماز ظہر کے دوران مسجد کا مینار چھت پر گرنے کے المناک حادثہ میں متعدد نمازیوں کے ملبے تلے دب کر شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے، انہوں نے شہید ہونے والے نمازیوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔

  • الطاف حسین کی عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنے موخر کرنے کی اپیل

    الطاف حسین کی عمران خان اور طاہر القادری سے دھرنے موخر کرنے کی اپیل

    کراچی: الطاف حسین نے عمران خان اور طاہرالقادری سے دھرنے مؤخر کرنے کی اپیل ہے، سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دھرنے مؤخر کرکے سیلاب زدگان کی مددکی جائے ،تحریک انصاف وعوامی تحریک اپنی ٹیمیں ریلیف کے کاموں کیلئے بھیجیں، الطاف حسین کا کہنا ہے کہ مطالبات کیلئے ناچ گانے اورتفریح کرنا ان کے ضمیر کیخلاف ہے،اس سے قبل رحمان ملک نے ٹیلی فون کرکے حق پرست اراکین اسمبلی کے استعفے واپس لینے پر الطاف حسین کا شکریہ کیا اور کہاکہ اگر یہ فیصلہ نہ ہوتا تو ملک میں سیاسی بحران مزید بڑھ سکتا تھا۔

    انہوں نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے الطاف حسین کی کاوشوں کو سراہا اور بات چیت کے جاری عمل میں ایم کیوایم کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کیے جائیں، اس وقت مسلح افواج شمالی وزیرستان میں تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں مصروف ہے ، سرحدوں پر کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے ، پنجاب میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے شدید جانی مالی نقصان ہوا ہے، الطاف حسین نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ صوبہ سندھ میں ممکنہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

  • چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے سے بہت نقصان ہوا، شرمیلا فاروقی

    چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے سے بہت نقصان ہوا، شرمیلا فاروقی

    سکھر : پیپلزپارٹی کی رہنماء شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے سے بہت نقصان ہوا ہے۔ آزادی مارچ کے حوالے سےشرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دھرنا، دھرنا نہیں بلکہ میوزیکل کانسرٹ  ہے ،عمران خان اپنے تمام ایم این ایز کا استعفیٰ نہیں لے سکے میاں صاحب کا استعفیٰ کیا لیں گے ۔

    انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا ہے اوردنیا بھر میں پاکستان کا امیج بہت متاثر ہوا ہے۔

    سکھر میں قائم میر معصوم شاہ لائبریری کے افتتاح کے موقع پر شرمیلا فاروقی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قادری صاحب خود تو کنٹینر میں بیٹھے ہوئے ہیں ، عورتوں اور بچوں کو شیلڈ بنا کر استعمال نہ کریں، ہمیں جمہوریت سے لگاﺅ ہے، ہم میاں صاحب کو بچا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر بینظیر بھٹو تک ملک میں بڑی سازشیں ہوئیں ہیں، ہم نے آمرانہ دور میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سابق صدر آصف علی ذرداری نے جمہوری قوتوں کو اکٹھا کیا، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے۔

     ان کا کہنا تھا کہ آنے والے سیلاب سے نمٹنے کے لئے سابق صدر آصف علی ذرداری نے تمام ایم پی ایز کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں خود موجود رہیں۔

  • امپائر کے اشاروں کی سیاست نہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    امپائر کے اشاروں کی سیاست نہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھٹو کے وارث ہیں، امپائر کے اشاروں کی سیاست نہیں کریں گے، دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی تقریر میں بھٹو خاندان کا نام احترام سے لیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا ہے کہ بلاول بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کا نواسا اور بنظیر بھٹو کے بیٹا ہیں اور ہم کبھی بھی امپائر کے اشارہ پر سیاست نہیں کریں گے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی تقریر میں بھٹو خاندان کا نام احترام سے لیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی خاندان نہیں، بھٹوخاندان نے ملک، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لئے شہادتیں دیں ہیں۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ان کے لیڈر ہیں اور اٹھارہ کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، سیاست میں جو زبان عمران خان استعمال کررہے ہیں، اس سے ان کی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔

  • پارلیمنٹ کالان خالی کردیا،شیخ رشید کاسپریم کورٹ میں جواب

    پارلیمنٹ کالان خالی کردیا،شیخ رشید کاسپریم کورٹ میں جواب

    اسلام آباد: شیخ رشید نےجواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے، جواب میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کالان خالی کردیا، پرامن دھرنا آئین کے مطابق ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ ق اوردھرنے کے شرکا کی جانب سے شیخ رشید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ ہاوس کا لان خالی کردیا گیا ہے دھرنا پر امن اور آئین کے مطابق ہے۔

    شیخ رشید نے جواب میں کہا ہے کہ راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیئے جائیں اور کارکن رہا کردیئے جائیں تو دھرنا واپس ڈی چوک پرمنتقل کردیں گے۔

    سپریم کورٹ میں بدھ کے روزماورائےآئین اقدام سے متعلق سماعت میں شیخ رشید نے پارلیمان کا لان خالی کرانےکی یقین دہائی کرائی تھی، بعد میں انھوں نےدھرنے میں پہنچ کرطاہر القادری کے روبرواس معاملے کو رکھا۔ جس پر ڈاکٹر طاہر القادری نےدھرنےکے شرکاء کو پارلیمنٹ کا لان خالی کردینے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • سپریم کورٹ: دھرنوں سے سرکاری،غیرسرکاری نقصان کی تفصیل طلب

    سپریم کورٹ: دھرنوں سے سرکاری،غیرسرکاری نقصان کی تفصیل طلب

    اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے دھرنوں سے ہونے والے سرکاری اور غیرسرکاری نقصانات کی تفصیل طلب کرلی ہے، جسٹس انور ظہیر جمالی نےکہا کہ سیاسی معاملات چھوڑ کر قانونی معاملات پر فیصلہ دینے کا وقت آگیا ہے۔

    سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدامات کیخلاف درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔

    اعتزاز احسن نے پارلیمنٹیرین کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاوس کے لان میں خیمہ بستی قائم کردی ہے ، انہیں نکالنے کا حکم دیا جائے، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سربراہ اسپیکر ہوتے ہے وہ یہ حکم کیوں جاری نہیں کررہے، اعتزازاحسن نے کہا کہ عدالت کا حکم  زیادہ موثر ہوگا کیونکہ فریقین عدالتی اختیار تسلیم کررہے ہیں۔

    دھرنےمیں شریک لوگوں کی جانب سے شیخ رشید نےموقف پیش کیا اور کہا کہ دھرنےمیں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،انھوں نے پارلیمنٹ کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی کام چل رہا ہے، دھرنے کےشرکاء کریک ڈاون کے خطرے کے پیش نظر سڑکوں پر نہیں سوسکتے۔

    جسٹس ثاقب نثارنے کہا کہ احتجاج اوربنیادی حقوق کی حد ہوتی ہے، دنیا میں مظاہرین ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہیں کرسکتے، امریکا اور برطانیہ میں بھی ایسا نہیں ہوتا جیسا احتجاج یہاں ہورہا ہے، جسٹس جواد نے شیخ رشید سے مکالمہ میں کہا کہ آپ بتائیں پارلیمنٹ کے احاطے میں بیٹھنا درست ہے، اعتزاز احسن اور شیخ رشیداپنا موقف دیں فیصلہ ہم کریں گے۔ کیا آئین کے مطابق ہے اور کیا نہیں؟

    جسٹس ثاقب نےکہا کہ یہ لوگ سترہ دن سڑکوں پر بیٹھے رہےکچھ نہیں ہوا مسئلہ تب پیدا ہوا، جب انھوں نے آگے بڑھنا چاہا، شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے پانچ سو لوگ اسپتال میں ہیں اُنہیں زخمی کیا گیا۔

    جس پر چیف جسٹس نےکہا کہ اس حوالے سےدرخواست دیں وہ بھی سن لیں گے، اعلیٰ عدالت نے دلائل سُننے کے بعد فریقین سے دھرنوں سے ہونے والے سرکاری ، غیرسرکاری نقصان اور ہلاک اور زخمی ہو نے والے افراد کی تفصیل طلب کرلی ہے۔

  • ڈیڈ لاک ختم ہوگیا، قوم جلد خوشخبری سنے گی ، رحمان ملک

    ڈیڈ لاک ختم ہوگیا، قوم جلد خوشخبری سنے گی ، رحمان ملک

    اسلام آباد: اپوزیشن کاوفد مذاکرات میں ڈیڈ لاک توڑنے میں کامیاب رہا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ قوم جلد خوشخبری سنے گی۔

    اپوزیشن جماعتوں کا جرگہ مذاکرات میں ڈٰیڈ لاک توڑنے میں کامیاب ہوگیا، چھ  رکنی وفد نے پہلے کی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر علامہ طاہرالقادری سے ملنے پہنچے،  طویل ملاقات کے بعد رحمان ملک نے جلد خوشخبری سنانے کی نوید سنائی ۔

    رحمان ملک کا کہنا تھا کہ گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا جائے تو ماحول سازگار ہو جائے گا، پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کی قیادت سے ملنے سے پہلے اپوزیشن کی کمیٹی کو وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ نے بریفنگ دی تھی۔

    امیرجماعت اسلامی نے بتایا کہ عمران خان اورطاہرالقادری نے دومذاکراتی کمیٹیاں بنا دی ہیں، جن سے مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا، فریقین کسی معاہدے پر متفق ہوئےتو ضامن بننے کیلئے تیارہیں۔

  • جبر،دھونس سے جمہور کے فیصلے تبدیل نہیں ہوتے، خواجہ سعد رفیق

    جبر،دھونس سے جمہور کے فیصلے تبدیل نہیں ہوتے، خواجہ سعد رفیق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ جبر اور دھونس کےذریعے جمہور کے فیصلے تبدیل نہیں کیے جا سکتے اگر یہ اصول مان لیا گیا تو ملک میں کوئی آئین و قانون باقی نہیں رہے گا اور جنگل کا قانون رائج ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ جتنا چاہے زور لگالیں اس ملک کی پارلیمنٹ ان کی کوشش کو ناکام بنادے گی، عمران خان سب کچھ ہوسکتے ہیں لیکن سیاست دان نہیں ہوسکتے، عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہوجائیں تو نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوئی طاقت یا گروہ ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹا سکتے، اس طرح نہ استعفے لیے جاتے ہیں اور نہ دیئے جاتے ہیں۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں آج جو بھی ہورہا ہے وہ ایک سازش کا حصہ ہے اور اس میں طاہر القادری، عمران خان، شیخ رشید، چوہدری برادران اور پرویز مشرف شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، کسی جمہوری شخص کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ڈنڈے اٹھا کر دارالحکومت کو فتح کرنے پہنچ جائے۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کو ڈانواڈول کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی میں پھوٹ ڈال دی ہے لیکن اپنی انا سے باز نہیں آتے۔