Tag: آزادی مارچ

  • ایک تقسیم ملک میں اورایک تحریک ِانصاف میں ہورہی ہے،عمران خان

    ایک تقسیم ملک میں اورایک تحریک ِانصاف میں ہورہی ہے،عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک ِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پورا ملک دو حصوں میں تقسیم ہے اور ایک تقسیم تحریک ِ انصاف میں بھی ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک طرف غریب عوام ہے تو دوسری جانب چھوٹا سا طالم طبقہ یعنی ’’اسٹیٹس کو‘‘ ہے اور آج یہ فرق واضح نظر آرہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اکیس سال گراؤنڈ میں مقابلہ کرنا سیکھا ہے، مضبوط ٹیموں سے مقابلہ کرنے میں زیادہ مزہ آتا ہے، انہوں نے سوال کیا کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہم نے کونسا غیر جمہوری عمل کیا ہے، ہماری تحریک جمہوری حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک تقسیم ملک میں اور ایک تقسیم تحریک ِ انصاف میں ہورہی ہے، ہمیں پتہ چل رہا ہے کہ کون قوم کی خدمت کرنے آیا ہے اور کون سونامی کی لہروں سے فائدہ اٹھانے آیا ہے۔

    ہم نواز شریف کے خلاف نہیں بلکہ اس مخصوص ذہنیت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جو عوام کے حقوق صلب کرتی ہے۔

    انہوں نے ارسطو کی حکایت کا بھی تذکرہ کیا کہ’’کوئی انسان ظلم اور زیادتی کو برداشت نہیں کرے گا سوائے اس کے جو بزدل اور خود غرض ہوگا‘‘۔

    خیبر پختونخواہ میں اگر کوئی وزیر کسی پولیس والے کو غلط احکام دیتا ہے تو وہ ان احکامات کو قبول کرنے سے انکارکردیتا ہے اور اگر کسی کو اس بات میں شک ہے تو کے پی کے آئی جی ناصر درانی سے تصدیق کرسکتا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ زندگی میں اتنا مزہ نہیں آیا جتنا آج کل آرہا ہے اللہ نے میری ساری زندگی اس مقابلے کے لیے ٹریننگ کرائی تھی یہ ساری تحریک حقوق کی تحریک ہے یہ انسانی حقوق کی تحریک ہے یہ جمہوری حقوق کی تحریک ہے، پارلیمنٹ میں جتنا زہر اگل رہا تھا وہ اتنا ہی دو نمبر ہے، اتنا ہی خوف تھا اس کو پارلیمنٹ میں بڑی بڑی تقریریں ہوئیں، جو زیادہ زور لگا رہا تھا۔ اسے خوف تھا اگرمیں کامیاب ہوگیا تو وہ ایوانوں اور محلوں سے نکل کرجیل جائیں گے اسی لیے سب شور مچا رہے ہیں ۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے گیلانی کو کہا کہ کرپشن کی انکوائری تک استعفی دو وہ یوسف رضا گیلانی کے لیے ٹھیک تھا، نواز شریف کیلئے ٹھیک نہیں۔

  • حکمرانوں کو اپنےکاروباراورپیسے میں دلچسپی ہے، ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکمرانوں کو اپنےکاروباراورپیسے میں دلچسپی ہے، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آج اس پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا جوآئین کی خلاف ورزی کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے۔

    پارلیمنٹ کے سامنے انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے مشترکہ شرکاء سے خطاب کے دوران ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ آج اس پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا جوآئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قائم کی گئی ہے اور جس میں کہا گیا ہے کہ ہم آئین اور جمہورت کے ساتھ غیر مشروط کھڑے ہیں، کیا ہم آئین اور جمہوریت کے دشمن  ہیں؟  کیا ہم نے کبھی آئین کی نفی کی ہے ؟۔

    حکومت کومخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افضل خان نے حکومت کی دھاندلی کا پول کھول دیا، ان حکمرانوں کی جمہوریت دھونس، دھاندلی اور بادشاہت ہے، یہ جمہوریت نہیں بلکہ ظلم ہے، موجودہ جمہوریت کیسے جمہوریت ہو سکتی ہے جس میں آئین میں بنیادی انسانی حقوق کے تمام آرٹیکلز معطل ہیں،آئین کے 40آرٹیکل ہر شہری کو حقوق دیتے ہیں ، وہ جس آئین کی بات کرتے ہیں اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا، آئین کو لکھے 41 سال ہوگئے، کوئی تیسری جماعت سامنے نہیں آتی، ہماری جنگ آئین کے نفاذ کے لئے ہے۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنے کاروبار اور پیسے میں دلچسپی ہےاور ہماری دلچسپی اس میں ہے کہ غریب کو روز گار ملے، بھوکے کوروٹی ملے ،  ہر غریب کو انصاف ملے، آوٗ ذرا فیصلہ کریں کون جمہوریت کے ساتھ کون کھڑا ہیں، ماڈل ٹاون میں 14 افراد کو قتل کیا گیا  کیا یہ جمہوریت ہے؟، ماڈل ٹاون کو جیل بنادیا گیا کیا یہ جمہوریت ہے ؟ ۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ہمارا پی ٹی وی پرحملے سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے تو یہ بھی نہیں پتا کہ پی ٹی وی کا دفتر کس طرف ہے ، پی ٹی وی کا گھیراؤ کرنا جمارے منصوبے میں شامل نہیں تھا اور حملہ کرنے والے ہمارے کارکن نہیں تھے بلکہ ن لیگ کے گلو بٹ تھے۔

    خطاب سے قبل ڈاکٹرطاہرالقادری کے کیمپ کا ساوٗنڈ سسٹم کسی خرابی کا شکار ہوگیا تھا اور خطاب میں تاخیر ہورہی تھی، جس کی بناء پرعمران خان نے طاہرالقادری کو تحریک انصاف کے ٹرک کے ذریعے خطاب کی دعوت دی جسے قبول کرکے ڈاکٹر طاہر القادری نے دونوں دھرنے کے شرکاء سے مشترکہ خطاب کیا۔

  • عمران نےکہا نئے جج نوازشریف کو فارغ کر دینگے، جاوید ہاشمی

    عمران نےکہا نئے جج نوازشریف کو فارغ کر دینگے، جاوید ہاشمی

    اسلام آباد : مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان غیر آئینی طریقے اپنا رہے ہیں، پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے اپنی جان دے دوں گا مگر اس پر حملہ برداشت نہیں کرونگا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ معاملات طے کر لئے ہیں، ستمبر میں نئے الیکشن ہونگے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے، انہوں نے کہا "وہ” کہتے ہیں کہ طاہر القادری کیساتھ چلیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے پارٹی سے نکالنے کیلئے آئینی طریقہ کار استعمال نہیں کیا، عمران خان اپنی پارٹی کے آئین کو بھی تو پڑھ لیتے، میں کل بھی تحریک انصاف کا صدر تھا اور آج بھی ہوں۔

    مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان مرضی کے مالک ہیں، مرضی ہو تو آئین مانتے ہیں، مرضی نہ ہو تو نہیں مانتے، میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے تقدس کیلئے اپنی جان دے دونگا۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کو بدنام کیا، میں عدالت عالیہ کی توہین نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ میں کسی کے ساتھ نہیں ہوں،میں کسی صف میں نہیں ہوں اور صرف ان کے ساتھ ہوں جوآئین کی بالادستی کے لئے لڑتے ہیں،عمران خان کا امیج قوم کی نظر میں خراب ہوگیا۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان ایک منصوبے کے تحت اسلام آباد آئے تھے، عمران خان نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نواز شریف اور شہباز شریف کو فارغ کر دے گی۔

  • جہموریت کے اندر پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے،عمران خان

    جہموریت کے اندر پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے،عمران خان

    تحریک انصاف کے سربراہ  عمران خان  نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی عمارت میں داخل ہونے ہمار کارکن نہیں تھے، انھوں نے کہا کہ ظلم کے نظام میں کبھی قوم آگے نہیں بڑھتی ۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو کسی کرپشن کی سزا نہیں ملی، ظلم کرنے والوں کو سزر نہیں ملی تو یہ دوبارہ ظلم کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جہموریت کے اندر پر امن احتجاج ہمارا حق ہے، عمران خان نے کہا کہ آج گولی لگنے سے ایک کارکن شہید ہوا، کارکنوں کو کسی عمارت میں جانے کیلئے نہیں کہا۔

    عمران خان نے کہا ہے کہ جس کسی نے بھی سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی یا کسی بھی سرکاری عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی وہ تحریک انصاف کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو 1999 میں سزا مل جاتی تو آج ملک میں امن ہوتا، ملک میں کبھی کمزور کو انصاف نہیں ملتا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی وہ پی ٹی وی سمیت کسی بھی سرکاری عمارت میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔

    عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کسی کوسرکاری عمارت کے اندرجانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔۔۔۔امن تب آتا ہے جب سزا اور جزا کا قانون ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ماڈل ٹاؤن واقعے کی سزا مل جاتی تو ہفتے کی رات یہ ظلم نہیں ہوتا اور نوازشریف سے فوری طور پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا۔

  • وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات

    وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم  نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اہم ملاقات جاری ہے ، ملاقات میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ، آرمی چیف وزیر اعظم نواز شریف کو گزشتہ روز ہونے والی کورکمانڈر کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم  نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے۔

    گزشتہ روزکور کمانڈرزکانفرنس میں موجودہ حالات پر شدید تشویش کا اظہارکیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس میں جمہوریت کیلئے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے مزید طاقت کا استعمال نہ کیا جائے اور وقت ضائع کئے بغیر اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جائے۔

    جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہونے والے غیر معمولی کور کمانڈرز اجلاس میں موجودہ سیاسی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ، جس میں صورتحال پرتشدد ہونے کے بعد کئی قیمتی جانوں کے نقصان کا باعث بنی اور اس میں کئی لوگ زخمی ہوئے ۔

    کانفرنس میں زور دیا گیا کہ اس صورتحال میں طاقت کا مزید استعمال صورتحال کو مزید سنگین کردے گا ، اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مزید وقت ضائع کئے، بغیر بحران کے حل کئے سیاسی راہ اپنائی جائے ، کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج ریاست میں سکیورٹی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور قومی امنگوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

  • نوازشریف فوری طورپرمستعفی ہوجائیں، پورا پاکستان مخالف ہے،عمران خان

    نوازشریف فوری طورپرمستعفی ہوجائیں، پورا پاکستان مخالف ہے،عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کر سربراہ عمران خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف فوری طور پر مستعفی ہوجائیں ، پورا پاکستان مخالف ہے، لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں تو وہ پارلیمنٹ واپس میں جان بچانے کے لئے داخل ہوئے۔،

    انہوں نے کہا کہ میں چودہ ماہ سے کہہ رہا تھا کہ انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آئیں گے، نوازشریف کے استعفے کے بغیر انصاف نہیں ملے گاانھوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے گلو بٹوں نے جس طرح سے میڈیا اور صحافیوں پر تشدد کیا ہے، وہ قابل مذمت ہے۔

    عمران خان نے اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری سے بات چیت کرکے اگلے لائحہ عمل طے کریں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نےکہا کہ وزیراعطم نواز شریف کے پاس اب اخلاقی طور پر وزیراعظم رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مظاہرین اور پولیس میں لڑائی کی خبریں مل رہی ہیں، آگے جانے والے کارکن پر امن رہیں، اگر پولیس کچھ نہیں کر رہی تو آپ بھی پر امن رہیں، ایسی کوئی حرکت نہ کی جائے جس سے لڑائی ہو، ان کا کہنا تھا کہ  ہم پہلے بھی پر امن تھے اور آئندہ بھی پر امن رہیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے کارکنوں سے کہیں کہ پر امن رہیں۔

    واضح رہے کہ آج صبح مظاہرین  کی جانب سے  ریڈ زون میں پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد ایک بار پھر ریڈ زون میدان جنگ بن گیا، مظاہرین وفاقی سیکرٹریٹ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور منسٹرز ہاؤسز کی جانب پیش قدمی شروع کر دی، تاہم پاک فوج کے اہلکاروں نے مظاہرین کو واپس پیچھے بھیج دیا۔

  • حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : ڈاکٹر طاہرالقادری کا نے کہا کہ شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے۔

    پارلیمنٹ کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب اور آزادی کے شرکاء کو سلام پیش کرتا ہوں،انقلاب اور آزادی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔

    نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خود کو مسلم لیگ کے وارث کہنے والے کرپشن کے علمبردار ہیں، ایشیا کے سب سے بڑے انوسٹر نواز فیملی ہے،شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے، 15 ممالک کی فہرست میرے پاس ہے جہاں نواز فیملی کے کاروبار چل رہے ہیں۔

    ملک میں حکمرانوں نے کرپشن کو عروج پر پہنچادیا ہے، کرپشن ختم ہوجائے تو ملک قائم رہے گا، موجودہ حکمران کے مزاج میں جمہوریت نہیں، افسوس سے کہ رہا ہوں پاکستان کو دینت دار قیادت نہیں ملی۔

    اُنہوں نے کہاکہ چین پاکستان سے ایک سال بعد آزادہوالیکن آج ہرکسی سے آگے نکل گیا، امریکہ کو بھی آنکھیں دکھاسکتاہے کیونکہ وہاں قیادت ملی ،دیگراقوام کی تقدیر بدل سکتی تو پاکستانی عوام کی کیوں نہیں ؟ کیونکہ یہاں حکمران اپنی نسل اور خاندانوں کا سوچتے ہیں ، سارے پاکستان میں اُنہیں اپنے خاندان سے باہر کوئی قابل اعتبار بندہ ہی نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے تقدیر نہیں بدلتی ۔

    شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلے میں اور عمران الگ الگ جنگ لڑرہے تھے اب متحد ہیں، ملکی خوشحالی کے لئے اللہ نے مجھے اور عمران کو ملا دیا ہے، لوگوں کا سمندر حکمرانوں کے ظلم اور بربریت کا خاتمہ کرے گی۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ مجھے جینے سے محبت نہیں رہی عوام نے میری جان خرید لی ہے، پہلے بھی کارکنوں کے لئے جیتا تھا اب بھی ان کے لئے جیتا ہوں۔

  • دھرنا وزیراعظم ہاوٗس کے سامنے منتقل کیا جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری

    دھرنا وزیراعظم ہاوٗس کے سامنے منتقل کیا جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری

    اسلام آباد :  ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پُرامن دھرنا اب وزیراعظم ہاوٗس کے سامنے منتقل کیا جارہا ہے۔

    اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جس طرح 17 دن سے پُرامن دھرناجاری ہے اسی طرح پُر امن دھرنا اب وزیر اعظم ہاوٗس کے سامنے منتقل کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوگا ، کوئی تشدد ، کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوگی، پُرامن دھرنا حقیقی جمہوریت کے لئے ہوگا،کسی سے دشمنی نہیں ، وہ اورچوہدری برادران سمیت تمام لوگ صرف غریبوں، مزدوروں اور کمزوروں کے لیے آئے ہیں جنہیں ملک کا قانون اور آئین بھی تحفظ نہ دے سکا، یہ حکمران اورجمہوریت بھی تحفظ نہ دے سکے اور اب تمام شرکاءپرامن طریقے سے اپنی تیسری منزل کی طرف جارہے ہیں۔

    خطاب میں رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ، طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اللہ مظلوموں کی مدد کرے گا ، انہوں تحریک انصاف کے کارکنان کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

  • مذاکرات کے راستے بند ہوئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا،عابد شیر

    مذاکرات کے راستے بند ہوئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا،عابد شیر

    ملتان : وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کے کان اور آنکھیں ہے،  مذاکرات کے راستے بند ہوگئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا۔

    مسلم لیگی رہنما رانا محمودالحسن کے گھر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آتے ہی سازشیں شروع ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ چند ہزارلوگوں کو اسلام آباد میں بٹھا کر حکومت کے خلاف سازش کی جارہی ہے، میڈیا کو کنٹرول کرکے سازش پھیلائی جارہی ہے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان ہر موقع پر یوٹرن لے لیتے ہیں، صبح سے شام تک طوطا کہانی چلتی ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ دھرنا دینے والے پاکستان سے کیا چاہتے ہیں؟ انہوں نے فوج کو ملک کی آنکھیں اور کان قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر فوج نے تعاون کیا تو کون سا جرم کیا؟ ہم نہیں چاہتے کہ فوج اور عوام آمنے سامنے ہوں۔

    عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کو آزاد عدلیہ پر بھی اعتماد نہیں، ججوں کی مدت ملازمت ختم ہوجاتی ہے تو عمران خان یوٹرن لے لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قبریں کھود کرخون خرابے کا پیغام دیا جارہا ہے۔

  • موجودہ سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف مزاکرات  ہے،آصف زرداری

    موجودہ سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف مزاکرات ہے،آصف زرداری

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان افتخارچوہدری کے سامنے سرنہ جھکاتے تومسائل حل ہوگئے ہوتے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف مزاکرات مذاکرات اور مذاکرات ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب بھی تمام فریقین سے کہوں گا کہ موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات سے حل کریں، آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے افتخار چوہدری کے آگے اپنا سر جھکا لیا، اگر عمران خان سابق چیف جسٹس کے سامنے اپنا سر نہیں جھکاتے تو مسائل حل ہوگئےہوتے۔