Tag: آزادی مارچ

  • ہم نے فوج کو ثالث یا ضامن ننے کا نہیں کہا،عمران خان

    ہم نے فوج کو ثالث یا ضامن ننے کا نہیں کہا،عمران خان

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا قومی اسمبلی میں دیا ہوا بیان مسترد کر دیا اور کہا کہ ہم نے فوج کو ثالث یا ضامن بننے کا نہیں کہا۔

    عمران خان نے گذ شتہ روز کے واقعات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نےجنرل راحیل شریف کو کہہ دیا ہے کہ نواز شریف سے استعفیٰ سے کم کوئی بات قبول نہیں ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف کو اپنے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وزیر اعظم استعفی پر تیار نہیں ، جواب میں عمران خان  نے کہا کہ انہیں نواز شریف پر اعتبار نہیں۔

    عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف معاہدہ کرکے باہر گئے اور جھوٹ بولتے رہے، نواز شریف نے آئی ایس آئی سے پیسے لیکر آئی جے آئی بنائی۔

    عمران خان نے کہا کہ آج شام ایسا اعلان کروں گا جس سے نوازشریف کے لئے حکومت کرنا اور مشکل ہوجائےگا، عمران خان نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات کی درخواست نہیں کی، کپتان نے کہا کہ جنگ میری نہیں پاکستان کی ہے۔ مجھے خریدنے کی کوشش بھی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ نوازشریف کے جھوٹے وعدوں سے متعلق آرمی چیف کو آگاہ کیا، ملک کی خاطر بات چیت کا راستہ اختیارکیا۔

    اس سے قبل چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں وزیراعظم اور چوہدری نثار کے قومی اسمبلی میں دییے گئے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ  فوج سے ثالثی کی درخواست حکومت نے کی تھی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی درخواست ہم نے نہیں کی تھی، عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف ماضی میں بھی جھوٹ بولتے رہے ہیں۔

  • تحریک انصاف کے صدرجاوید ہاشمی دھرنے سے واپس چلے گئے

    تحریک انصاف کے صدرجاوید ہاشمی دھرنے سے واپس چلے گئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے صدرجاوید ہاشمی اسلام آباد کے دھرنے سے اپنے آبائی شہر ملتان پہنچ گئے۔

    مخدوم جاوید ہاشمی نے چودہ اگست سے جاری آزادی مارچ سے خود کو دوسری بار علحیدہ کیا، گزشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف سے ثالث بننے کی درخواست کو سینئر سیاستدانوں نے تنقید کی نظر سے دیکھا تھا۔

    جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ معاملے آرمی کے پاس لے جانے پر افسوس ہوا، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کسی ناراضی کے وجہ سے نہیں گئے۔ جاوید ہاشمی قریبی دوست کی والد کے انتقال اور ساتھی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کیلئے ملتان گئے ہیں۔

    اس سے قبل بھی جاوید ہاشمی آزادی مارچ تحریک میں اس وقت بھی عمران خان سے ناراض ہوکر تحریک سے الگ ہو کر اپنے گھر چلے گئے تھے، جب چیئرمین تحریک انصاف نے ٹیکنو کریٹس کی حکومت کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی شدید علیل ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم گزشتہ روز جب عمران خان تنہا آزادی کنٹینر کی چھت پر کھڑے ہو کر خطاب کر رہے تھے تو جاوید ہاشمی ان کو اکیلا دیکھ کو اسپتال سے ڈاکٹر کے منع کرنے کے باوجود دھرنے میں جا پہنچے اور عمران خان کے ساتھ اسٹیج پر کھڑے ہوگئے تھے، انہوں نے اعلان کیا تھا کہ میں عمران خان کو اکیلا نہیں دیکھ سکتا۔

  • لاہور ہائیکورٹ : اسمبلیاں تحلیل کرانے کیلئے درخواست،حکومت سے جواب طلب

    لاہور ہائیکورٹ : اسمبلیاں تحلیل کرانے کیلئے درخواست،حکومت سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نےاسمبلیاں تحلیل کرنےکے لیے درخواست پرحکومت، الیکشن کمیشن اور رانا ثناء اللہ سمیت فریقین سے نومبر کے دوسرے ہفتے میں جواب طلب کرلیا.
    گزشتہ روز درخواست پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر خان عبدالقیوم خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی کسی نہ کسی صورت میں کرپشن میں ملوث پائے جاتے ہیں ۔

    موقف میں کہا گیا تھا کہ رانا ثنااللہ نے بیان دیا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی ترقیاتی منصوبوں میں دس فیصد کمیشن حاصل کرتے ہیں جس کے بعد ثابت ہوگیا کہ اراکین پارلیمنٹ آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے لہذا عدالت تمام اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیتے ہوئے اسملبیاں تحلیل کرنے کا حکم دے۔

    آئین ِ پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت برے کردار، اسلامی تعلیمات کے مخالف، فاسق، بے ایمان یا سزا یافتہ شخص پارلیمنٹ کا رکن بننے یا چنے جانے کا اہل نہیں ہوسکتا۔

  • طاہرالقادری نےفوج کی ثالثی کی پیشکش قبول کرلی

    طاہرالقادری نےفوج کی ثالثی کی پیشکش قبول کرلی

    اسلام آباد :  ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ثالث اور ضامن بننے کے لئے پیغام بھیجا ہے۔

    اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی درخواست پر آرمی چیف نے ثالث بننے کا پیغام بھیجا ہے،انہوں نے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آرمی چیف کے پیغام پر آمادگی کا اظہار کیا ہے کیا آپ اسے قبول کرتے ہیں؟ جس پر تمام کارکنان نے ہاتھ اٹھا کر رضامندی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی کابینہ کےلئے مزاکرات کے دروازے بند ہوچکے ہیں،اب پاک فوج نے فارمولا تیار کرنے کیلئے 24 گھنٹے کا وقت مانگا ہے جس کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے اور اگر ہمیں اس فارمولا پر تحفظات ہوئے تو ہم اسے قبول نہیں کریں گے، اگر معاہدہ نہیں ہوا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز نے اپنی روایت کو برقرار کرتے ہوئے فوج سے ثالثی کی خبر سب سے پہلے بریک کی تھی۔

  • نوازشریف کا نام شامل نہیں، طاہرالقادری کا ایف آئی آر قبول کرنے سے انکار

    نوازشریف کا نام شامل نہیں، طاہرالقادری کا ایف آئی آر قبول کرنے سے انکار

    اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے میں موجودانقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایف آٗئی آر قبول کرنے سے انکار کردیا۔

    انہوں نے ایف آئی آر میں درج کی گئی آئینی دفعات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایف آٗئی آر میڈیا کی غیر موجودگی میں درج کی گئی اور اس میں نواز شریف کا نام درج مہیں کیا گیا۔ دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں گی تو ایف آئی آر قبول کریں گے۔

    انہوں نے دھرنے کے مظاہرین کو حکم دیا کہ سب کفن پہن لیں اور انقلاب کے لئے تیار ہوجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلا ء کو اب تک ایف آئی آر کی کاپی فراہم نہیں کی گئی نہ ہی انہیں ایف آٗئی آر دکھائی گئی ہے لہذا ہمارے نزدیک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مظاہرہ آئینی اور جمہوری ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا عوامی احتجاج آج تک نہیں ہوا،اورآج یہ شاہراہ ِ دستور شاہراہِ انقلاب بنے گی۔

    انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو مخاطب کر کے کہا کہ دونوں جماعتوں کے کارکن آپس میں سیاسی کزن ہیں لہذا ایک ساتھ جینا اور ایک ساتھ مرنا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ،’’عمران خان عمر میں چھوٹے ہیں لیکن قد میں بڑے ہیں‘‘۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک کے دس سے بارہ کروڑ عوام انتہائی غربت کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں جبکہ پاکستان کا آئین اس بات کی ضمانت دیتا ہے کوئی شخص بنیادی ضروریات سے محروم نہیں رہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پیسے نہیں ہیں لیکن حکمرانوں کی عیاشی کے لئے اور انکی اولادوں کی آسائشوں کے لئے پیسے ہیں۔

    انہوں نے آئین ِ پاکستان کو قائد اعظم کی جانب سے عوام کی فلاح کے لئے ’’چیک‘‘ قراردیا اور کہا کہ جب بھی حکمرانوں سے پارلیمنٹ میں اس چیک کو کیش کرنے کی بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ کہ پیسے نہیں ہیں لہذا آج ہم اس چیک کوکیش کرانے کے لئے سڑکوں پرآئیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے انسانیت کے ناطے حکومت سے تقریباً سات مرتبہ مذاکرات کئے جن میں وفاقی جابینہ کے سینئر وزراء شامل تھےلیکن وہ مذاکرات بے نتیجہ رہے کیونکہ ان کے پاس کسی بھی قسم کے فیصلے کا اختیار نہیں تھا ، ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید انکشاف کیا کہ وفاقی وزراء نے یہ بات تسلیم کی کہ فیصلہ سازی کا اختیار صرف اور صرف شریف خاندان کے پاس ہے جس کے بعد مذاکرات اپنے منطقی انجام تک پہنچ گئے۔

    انہوں نے عالمی دنیا کے سفیروں سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہی جمہوریت ہے؟

    انہوں نے کہ عہد کیا ہے کہ اپنے حقوق لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے دو صوبوں کے گورنر بھی ہمارے مؤقف کی تائید کرچکے ہیں۔ عدالت بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے چکی ہے۔

  • آزادی یاموت،استعفے تک یہاں سے کہیں نہیں جاؤں گا،عمران خان

    آزادی یاموت،استعفے تک یہاں سے کہیں نہیں جاؤں گا،عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان کا آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فائنل میچ ہے،عوام دھرنے میں پہنچیں، وزیراعظم کےاستعفےتک یہاں سے کہیں نہیں جاؤں گا۔

    عمران خان کا کہا ہے کہ میں سمجھ رہا تھا آج میچ کا سیمی فائنل ہوگا، مگر مجھے تو آج میچ کا فائنل نظر آرہا ہے۔

    عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کرائی اور تحقیقات ہونے تک ان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، دھاندلی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے۔

     انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ چلے بھی جائیں تو میں یہیں ہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا، قوم کو ظالموں سے آزاد کرانے تک یہاں سے نہیں جاؤں گا۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پہلے پرویز مشرف سے مک مکا کیا پھر آصف زرداری سے معاملات ٹھیک کئے، یہ لوگ آصف زرداری کے بارے میں بڑی بڑی بات کرتے تھے اور جب وقت آیا تو نوازشریف آصف زرداری کے ڈرائیور بن گئے، نواز شریف سن لیں انہیں آصف زرداری نہیں بچاسکتے کیونکہ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ شام کو لائحہ عمل کا اعلان کرکے نواز شریف غلط فہمی دور کروں گا، عمران خان نے شہباز شریف پر تنقید کرتے  ہوئے کہا کہ ایسا صرف حسنی مبارک کی جمہوریت میں ہوسکتا ہے، شہباز شریف کو آج شام استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

    عمران خان نے  کہا کہ انتخابی دھاندلی میں نواز شریف، جسٹس رمدے اور نجم سیٹھی شامل تھے، شریف برادران استعفیٰ نہیں دیں گے کیونکہ ان کے پاس طاقت ہے، نواز شریف اور شہباز شریف قانون خرید سکتے ہیں، لوگوں کو خریدو یا انہیں ڈراؤ، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔

  • طاہرالقادری کی ڈیڈلائن ختم ہونے میں 2گھنٹے باقی

    طاہرالقادری کی ڈیڈلائن ختم ہونے میں 2گھنٹے باقی

    اسلام آباد :انقلاب مارچ میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر کی ڈیڈلائن ختم ہونے میں تین گھنٹے رہ گئے، انقلاب مارچ میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کفن دکھا کر اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا، طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کفن ایک ہے، میں پہنوں گایا نوازشریف کا اقتدار ایسے پہنے گا۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بھی کہنا ہے کہ آج آخری مذاکرات ہوں گے پھرلائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    پارلیمنٹ کے سامنے حکومت مخالفت دھرنے چوہودویں روز میں داخل ہوگئے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے دی گئی ڈیڈلائن آج شام ختم ہورہی ہے اور عمران خان بھی اپنے حتمی لائحہ عمل کے بارے میں آج عوام کو آگاہ کریں گے۔

    دونوں دھرنوں کو تیرہ دن ہوچکے ہیں اور شرکاء بارش، گرمی، دھوپ میں بیٹھے اپنے عزم کو آزما رہے ہیں، دونوں دھرنوں کے رہنماؤں نے اپنے مطالبات منوانے تک دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، دونوں کے مطالبات میں قدر مشترک وزیراعظم نواز شریف کا استعفا ہے اور یہ نکتہ ایسا ہے جسے قلم زد کیے بغیر ہی حکومت سے مذاکرات ممکن ہیں۔

    عدالت عظمی کی جانب سے شاہراہ دستور خالی کرنے کے حکم کے بعد رہنماؤں پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے جبکہ لاہور میں وزراء کیخلاف مقدمہ قتل کے اندراج کے عدالتی حکم کے بعدحکومت پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    واضح رہے علامہ طاہر القادری نے حمکرانوں کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہادت کی نیت کرلی، کفن خرید لیا، ڈیڈ لائن سے پہلے حکمران اور وزراء اپنا اقتدار چھوڑ کر چلے جائیں اور اسمبلیاں توڑ دیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقاتی رپورٹ میڈیا میں جاری کی جائے، نواز شریف اور حکمرانوں نے اقتدار نہ چھوڑا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

  • شاہراہ دستور پرآمدورفت نہیں رکی، پی اے ٹی اورپی ٹی آئی کا جواب

    شاہراہ دستور پرآمدورفت نہیں رکی، پی اے ٹی اورپی ٹی آئی کا جواب

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف نےسپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ  شاہراہ دستورکی ایک قطارخالی کردی، آمد و رفت نہیں رکی ، دوسری جانب اٹارنی جنرل نے رپورٹ میں کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے دھرنے متبادل جگہ منتقل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائے گئے پی اے ٹی کے جواب میں کہا گیا ہے کہ شاہراہ دستور پر سب کی آمدورفت جاری  رہے گی، دھرنا دینا ہمار اآئینی حق ہے، جو جاری رہے گا، گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے ایک لائن خالی کرلی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے اعلیٰ عدالت کو جواب میں موقف اپنایا گیا کہ ہم شاہراہ دستور پر نہیں، پریڈ گراؤنڈ میں بیٹھے ہیں، پریڈگراونڈ کا شاہراہ دستور سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے جواب میں مزید کہا گیا کہ شاہراہ دستور پی ٹی آئی کے دھرنوں کی وجہ سے بند نہیں اور نہ ٹریفک کی آمدورفت رکی ۔

    اٹارنی جنرل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ تحریک انصاف نے دھرنا متبادل جگہ منتقل کرنے سے انکارکردیا، پاکستان عوامی تحریک بھی شاہراہ دستور چھوڑنے پر آمادہ نہیں، دونوں جماعتوں کو شاہراہ دستور پر آنے کا این او سی نہیں دیا گیا تھا، دھرنوں کے لئے اسپورٹس کمپلیکس اور فیض آباد میں متبادل جگہ دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

    چیف جسٹس نے پیر کے روز شاہراہ دستورخالی کرانے کا حکم دیتے ہوئے وہاں سے گزرنے کا کہا تھا تاہم صبح چیف جسٹس کیبنٹ بلاک اور پارلیمنٹ کےاندرونی راستےسے سپریم کورٹ پہنچے۔

  • حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا دوسرا دوراختتام پذیر، ڈیڈلاک برقرار

    حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا دوسرا دوراختتام پذیر، ڈیڈلاک برقرار

     اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف اورحکومت کے درمیان جاری مذاکرات کا دوسرا دور بھی ختم ہوگیا، وزیرِاعظم کے استعفے کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے کبھی بھی مارشل لاء کی بات نہیں کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی بن چکی ہے جبکہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے حکومت کی جانب سے پیش کی گئی جوڈیشل کمیشن کی تجویز کو ہم نے قبول کرلیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تیس دن کے لئے چھٹی پر چلے جائیں اور عدالتی کمیشن روزانہ کی بنیاد پر کاروائی کرکے ایک مہینے کے اندر فیصلہ سنائے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر نامزد ملزمان کے خلاف درج ہوناایک جمہوری مطالبہ ہے اوراس پرفی الفور عمل ہونا چاہئے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم نے حکومت کو ایک معقول تجویز دے دی ہے اور اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے آئینی مطالبات مانے جائیں گے۔

    ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کے چھے مطالبے ہیں جن میں سے تین آئینی اصلاحات سے متعلق ہیں جن کے لیئے کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے جبکہ تین مطالبات اس مفروضے کی بنیاد پر قائم ہیں کہ گذشتہ الیکشن میں تحریکِ انصاف کے ساتھ دھاندلی ہوئی، اس لئے جب تک جوڈیشل کمیٹی اس معاملے پراپنا فیصلہ نہ دے ان مطالبات پر غور نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں مسلم لیگ ن اور تحریک ِ انصاف کے علاوہ دس دیگر جماعتیں بھی ہیں جنہوں نے قومی اسمبلی میں وزیر ِ اعظم کے استعفے اور پارلیمنٹ کی تحلیل کے خلاف متفقہ قرارداد منظورکی ہے۔

    ان کا کہنات تھا کہ سینٹ جو کہ پاکستان کے وفاق کی علامت ہے اور جہاں مسلم لیگ ن اکثریت میں بھی نہیں ہے بلکہ پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت ہے انہوں نے بھی اسی نوعیت کی قرار داد منطور کی ہے۔

    احسن اقبا ل نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے جلد از جلد حل کرلیں، ضد اور انا کی بنیاد پر کوئی بھی فیصلہ قوم پر مسلط نہیں کرنا چاہتے۔

  • مذاکرات کے لئے آئندہ اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں، چوہدری نثار

    مذاکرات کے لئے آئندہ اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹیوں کی آزادی وزارت ِ داخلہ کی ناک شروع ہونے سے پہلے ختم ہوجاتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیاں عورتیں اور بچوں کو حفاظتی ڈھال کے طور ہر استعمال کررہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی جانب سے روز کنٹینرز ہٹانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے لیکن وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دھرنے کے شرکاء پاکستان کے شہری ہیں اوران کی حفاظت کی ذمہ داری وزارت ِ داخلہ کی ہے لہذا کنٹینر نہیں ہٹائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ آر ہے ہیں جارہے ہیں، انہیں بتایا جائے کہ کس مقام پر لاٹھی چارج ہوا ، یا دھرنے میں شامل کسی شخص کو روکا گیا ہو۔

    Chaudhary Nisar addresses press conference on… by arynews
    انہوں نے انکشاف کیا کہ آئی ایس آئی کی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے لبریز ایک گاڑی دھرنے کے شرکاء کو نشانہ بنانا چاہتی ہے ۔ عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری اگر تحریری طور پر لکھ کردے دیں کہ حفاظت کی ذمہ داری دونوں افراد خود لیتے ہیں تو کنٹینر ہٹالئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مظاہرین کو کسی مقام پر نہیں روکا لیکن اگر قانون شکنی ہوئی تو پھر قانون اپنے دفاع کے لئے حرکت میں آئے گا۔ کسی کو بھی حساس عمارتوں پر حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بامقصد مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہیں اور مظاہرین کے آئینی مطالبات پر غور کیا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مثبت اشارے مل رہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں بہتری کی جانب پیش رفت ہوگی۔

    انہوں نے پاک افواج سے اظہار ِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فوج جو پہلے ہی حالت ِ جنگ میں ہے اسے اس مشکل صورتحال سے باہر نکالیں تا کہ پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریوں پر بھرپور توجہ دے سکے۔

    چوہدری نثار نے وکلاء کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے دفاع کے لئے وکیلوں کی جدو جہد ایک شاندار مثال ہے۔

    چوہدری نثار نے دھرنے اور احتجاج کی باعث اسٹاک مارکیٹ میں ہونے والی مندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے روپے کی قدر متاثر ہورہی ہے۔