Tag: آصف زرداری

  • عمر ایوب کا صدر آصف زرداری پر سندھ کا پانی بیچنے کا الزام

    عمر ایوب کا صدر آصف زرداری پر سندھ کا پانی بیچنے کا الزام

    ہری پور: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے صدر آصف زرداری پر سندھ کا پانی بیچنے کا الزام لگادیا، سندھ کے عوام کی پیٹھ میں خنجرگھونپا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے مرکزی دفتر میں پی ٹی آئی کنونشن کا انعقاد ہوا، کنونشن میں جنید اکبر ،علی اصغر خان ،صوبائی وزرا اور ایم پی ایز نے شرکت کی۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی اسیران کو رہا کیا جائے، پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا ہے، سندھ کے عوام کی پیٹھ میں خنجرگھونپا گیا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی کا بحران،بلوچستان میں امن و امان خراب ہے، ہمیں گرفتار کیاگیا،تشدد کانشانہ بنایاگیا،ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےہر کال پر لبیک کریں گے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے خبردار کیا کہ کارکن قیادت کے بغیر نکلے تو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے کم ہونے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی کی رضامندی کے بغیر صوبائی حکومت منرل مائنزبل پاس نہ کرے، بل پاس ہواتو ایسا نہ ہوصوبائی حکومت اور صوبائی تنظیم علیحدہ ہو جائے۔

  • دنیا کو چین کی ترقی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ، آصف زرداری

    دنیا کو چین کی ترقی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ، آصف زرداری

    اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے کہ چین کا عروج مثبت پیش رفت ہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری نے چائنہ میڈیا گروپ کو انٹرویو میں چین کی پرامن ترقی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران چین کی تیزرفتارترقی اورتبدیلی سے بے حد متاثر ہوں، جب آؤ لگتا ہے کہ کسی نئے شہر آگیا ہوں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دیرینہ دوست ہونے کےناطےجانتےہیں چین کبھی دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔

    انھوں نے کہا کہ چین کے عروج سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، یہ مثبت پیشرفت ہے، چین کی ترقی دنیا کیلئےاچھی چیز ہے۔

    انہوں نے چین کے پرامن ارادوں اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط دوستی پر اپنے اعتماد کا اعادہ کیا اور عدم مداخلت کی تاریخ اور دیرینہ ہمسایہ تعلقات کا بھی حوالہ دیا۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا لپ چین کے ہر شخص کا اپنے شعبے میں بہترین کام ہے، جو قوم کے اجتماعی فائدے کا باعث بن رہا ہے۔

    یاد رہے صدر مملکت فروری کے پہلے ہفتے میں اپنے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین پہنچے تھے، بیجنگ میں قیام کے دوران صدر زرداری نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین پر مشتمل وفد کے ہمراہ صدر شی اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت چینی قیادت سے مختلف ملاقاتیں کیں۔

    اس دورے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (منصوبوں میں تیزی لانے، چینی شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات، سائنس و ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے دیگر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مزید برآں، دونوں ممالک نے پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے تھے۔

  • صدر مملکت آصف زرداری کل 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    صدر مملکت آصف زرداری کل 4 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

    صدر مملکت آصف علی زرداری کل چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گے انہیں چینی ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کل سے 8 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ انہیں چینی ہم منصب ژی جن پنگ نے چین آنے کی دعوت دی تھی۔

    صدر مملکت اس دورے کے دوران چینی ہم منصب اور وزیر اعظم سمیت ودیگر قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اس دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی وتجارتی تعاون، انسداد دہشتگردی، سیکیورٹی تعاون کے معاملات زیر غور آئیں گے جب کہ چین کے سی پیک اور مستقبل کے روابط کے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون پر ببھی غور کیا جائے گا۔

    اس دورے کے دوران صدر آصف زرداری ہربن 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کرینگے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین میں اعلیٰ سطح تبادلوں کی روایت کو اجاگر کرتا ہے۔

  • توشہ خانہ کیس : آصف زرداری اور نواز شریف بڑی مشکل میں پھنس گئے

    توشہ خانہ کیس : آصف زرداری اور نواز شریف بڑی مشکل میں پھنس گئے

    اسلام آباد : ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے آصف زرداری اور نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ کیس کی تفتیش شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آصف زرداری، نواز شریف ،یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    ایف آئی اے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش شروع کر دی، ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے نیب کو خط لکھ کر شواہدسمیت توشہ خانہ کاریکارڈ مانگ لیا ہے۔

    نیب سےآصف زرداری، نواز شریف ، یوسف گیلانی کا ریکارڈ مانگا گیا، جے آئی ٹی شواہد کی روشنی میں نیا ضمنی چالان تیار کرے گی۔

    نیب ریکارڈ کے بعد تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے۔

    توشہ خانہ ریفرنس کیا ہے؟

    قومی احتساب بیورو نے تحفے میں ملی گاڑیاں سستے داموں خریدنے پرپاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں اور یہ گاڑیاں غیر ملکی سربراہان مملکت یا رہنماوں کی طرف سے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کو تحفے میں دی گئی تھیں مگر قانون کے تحت یہ گاڑیاں پاکستان کے سرکاری توشہ خانہ یا گفٹ سینٹر میں جمع کروانی ہوتی ہیں۔

    نیب کا کہنا تھا کہ سنہ 2008 میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قواعد میں نرمی کرتے ہوئے صرف پندرہ فیصد رقم کی ادائیگی کرکے یہ گاڑیاں آصف زرداری اور نواز شریف کو دینے کی منظوری دی۔

    نیب نے الزام لگایا کہ آصف علی زرداری نے گاڑیوں کی کل مالیت کی صرف 15 فیصد ادائیگی ’جعلی اکاؤنٹس‘ کے ذریعے کی، آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملی تھیں، ان نئے ماڈلز کی تین گاڑیوں کی اصل قیمت چھ کروڑ تھی تاہم ابتدائی طور پر صرف نوے لاکھ کی ادئیگی کی گئی اور تینوں گاڑیاں دو کروڑ کی ادائیگی پر آصف زرداری کے نام کر دی گئیں۔

    سابق وزیراعظم کے متعلق نیب نے بتایا تھا کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، ان کو بغیر کوئی درخواست دیے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی، انہیں 1992 ماڈل گاڑی ان کے دوسرے دور حکومت میں ایک دوست ملک سے تحفے میں دی گئی تھی جو کہ سال 1997 میں قومی توشہ خانہ میں جمع کروا دی گئی تھی۔ بعد میں یہ گاڑی 2008 میں انہیں بغیر درخواست دیے تحفے میں دی گئی۔

    ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے کاروں کی صرف 15 فیصد قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف کو ملنے والی مرسیڈیز گاڑی کی اصل قیمت 42 لاکھ تھی جس کا 15 فیصد یعنی چھ لاکھ ادا کرکے گاڑی انہیں پیپلز پارٹی حکومت کی طرف سے تحفے میں دی گئی۔

  • صدرِ مملکت کی  چینی وزیراعظم سے ملاقات،  اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق

    صدرِ مملکت کی چینی وزیراعظم سے ملاقات، اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق

    اسلام آباد : صدر آصف زرداری اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی ملاقات میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا اور پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاکستان اور چین کا معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور دونوں ممالک نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    صدرِ مملکت نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، پاک-چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے۔

    آصف زرداری نے تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے،سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

    صدر مملکت نے بتایا کہ نومبر میں چین کا دورہ کروں گا ، پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے ، تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں۔

    انھوں نے ملاقات کے دوران اپنے سابقہ دور حکومت میں چین کے دوروں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی۔

    صدر پاکستان نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا ، پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے اور سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

    آصف زرداری نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

    صدر نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کے تمام بنیادی امور بشمول تبت، بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔

    پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ، پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

    چینی وزیراعظم نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زوز دیتے ہوئے کہا چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔

    چینی وزیر اعظم نے "ون چائنا” پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔

  • آصف زرداری کی نواسوں کیساتھ جھولا جھولنے کی ویڈیو وائرل

    آصف زرداری کی نواسوں کیساتھ جھولا جھولنے کی ویڈیو وائرل

    اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری کی نواسوں کیساتھ جھولا جھولنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے والد کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔

    جس میں صدرِ زرداری اپنے نواسے میر حاکم اور میر سجاول کے ساتھ جھولا جھول رہے ہیں، نانا کی نواسوں کیساتھ جھولاجھولنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    خیال رہے صدر مملکت آصف علی زرداری آج 69ویں سالگرہ منارہے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے صدر پاکستان کی سالگرہ کی تقریب لاہور میں آزادی فلائی اوور پر منائی۔

    جیالوں نے اتش بازی کا مظاہرہ اور سالگرہ کا کیک کاٹا، سالگرہ کا کیک ٹرک کے اوپر سے ہی تقسیم کیا گیا۔

  • واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شانگلا واقعے پر کہا ہے کہ یہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا واقعہ تھا، انھوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    صدر آصف زرداری نے آج بدھ کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے ان کا استقبال کیا، صدر مملکت نے چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    صدر آصف زرداری نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوش حالی اور سلامتی کے لہے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر انھیں پکڑنے کی ضرورت ہے۔

    چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے لیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

  • شیر افضل مروت کا آصف زرداری کی جانب سے رابطے کا انکشاف

    شیر افضل مروت کا آصف زرداری کی جانب سے رابطے کا انکشاف

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت نے آصف زرداری کی جانب سے رابطے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا پیغام دیا گیا ہے کہ ہماری ترجیح ن لیگ کے بجائے تحریک انصاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کی جانب سے رابطے کرنے کا انکشاف کیا۔

    شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کچھ لوگوں کے ذریعے رات گیارہ بجے رابطہ کیا، پیپلز پارٹی کے رابطے پر دستیاب پارٹی قیادت کو آگاہ کردیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ ہماری ترجیح ن لیگ کے بجائے تحریک انصاف ہے، کل بانی پی ٹی آئی سےملاقات میں رابطوں سے آگاہ کروں گا۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپنی نشستیں ضابطے کی کارروائی کے تحت واپس لے لیں، اعتراض نہیں ہوگا۔

  • طے کیا ہے آپس میں مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے، آصف زرداری

    طے کیا ہے آپس میں مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے، آصف زرداری

    آصف زرداری نے دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ طے کیا ہے مل کرپاکستان کومشکلات سے نکالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر ملک کی بڑی سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں نے نیوز کانفرنس کی جس میں آصف علی زرداری، شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی، شجاعت حسین، علیم خان اور صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج حکومت سازی کیلئے ملاقات طے کی گئی تھی۔ طے کیا گیا ہے کہ ہم مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ معیشت، دہشت گردی سمیت تمام درپیش مسائل کا حل نکالیں گے۔ مصالحت کے ذریعے چلیں گے، جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے۔ مصالحت کے تحت چلیں گے تاکہ پاکستان کو کامیاب کرائیں۔ ہمیں معلوم ہے پاکستان کے قرضوں کی کتنی قسطیں ادا کرنی ہیں۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کیخلاف الیکشن بھی لڑے۔ الیکشن میں مخالفت ہوتی ہے لیکن ساتھ بیٹھ کر ملک سنبھال سکتے ہیں۔

    پی پی شریک چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کیلئے بہتر ہوگا کہ ہم سب کو مل کر چلنا چاہیے۔ ایک ہی بات کہتا ہوں کہ پاکستان کھپے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ چوہدری شجاعت کا شکرگزار ہوں انھوں نے سب کو یہاں مدعو کیا۔ ہم سب اس لیے اکٹھے ہوئے کہ قوم کو بتا سکیں ملک کیلئے ایک ہیں۔ الیکشن کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے اب نئی پارلیمان وجود میں آنے والی ہے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ ہماری جنگ ملک کو درپیش چیلنجز کےخلاف ہے۔ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے جو سب سے بڑا چیلنج ہے۔ وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن کی لیڈرشپ ملک کیلئے ایک ہوجائیں۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے، معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے ملک کو معاشی استحکام ملا۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے قرضوں کا معاملہ حل کرنا ہے، مہنگائی کیخلاف جنگ لڑنی ہے۔ معیشت کو بہتر کرنا ہے جو ایک اہم ایجنڈا ہے۔ تقسیم میں منڈیٹ ملا ہے جس کو ہم سب قبول کرتے ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے ن لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ چوہدری شجاعت، ایم کیو ایم، علیم خان اور صادق سنجرانی کا بھی شکرگزار ہوں۔ جو پارٹیاں یہاں موجود ہیں یہ ہاؤس کی دوتہائی اکثریت رکھتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار حکومت بنانے کا شوق رکھتے ہیں تو اکثریت لے آئیں۔ پی ٹی آئی اکثریت لے آئے ہم ان کا احترام کریں گے

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ جمہور، پارلیمان اور آئینی تقاضہ ہے کہ اکثریتی فیصلےکا احترام کیا جائے۔ ہم اس قابل ہیں کہ ہمارے پاس اکثریت بھی ہے۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے سربراہ خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات اور تلخی ہوسکتی ہے لیکن ترجیح پاکستان ہے۔ ہم سب مل کر باہمی تعاون سے پاکستان کو مضبوط کریں گے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات سے پہلے ہی شہبازشریف کا ساتھ دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ ہم اب بھی شہباز شریف کا ساتھ دیں گے، وعدے پورے کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کو بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔ مل کر چلیں گے تو سال کے آخر تک ملک کو بہترصورتحال کی طرف لے جائیں گے۔

    اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ جیسے پہلے اکٹھے تھے کوشش ہے دوبارہ ایک ہوکر ملک کیلئے کام کریں۔ ہماری پارٹی جیسے پہلے شہباز شریف کیساتھ کھڑی تھی اب بھی کھڑی ہے

    استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت نے ہم سب کو مدعوکیا، شکریہ ادا کرتا ہوں۔ امید کرتا ہوں پاکستان بہتری کی طرف جائے گا

    علیم خان نے کہا کہ غریب کے حالات برے ہیں، مہنگائی میں پسا ہوا ہے۔ عوام کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے اپنی ذات سے باہر نکلنا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ شہباز شریف کی حکومت احسن طریقے سے فرائض انجام دیگی۔ شہباز شریف کیلئے دعاگو ہوں کہ وہ مسائل حل کرسکیں گے

    اس موقع پر ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جمہوریت کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کا مفاد نمبر ون پر رکھا جائے، مل کر ساتھ چلنا چاہیے۔ معاشی ایجنڈا سرفہرست رکھنا چاہیے۔

  • الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے،  آصف زرداری

    الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے، آصف زرداری

    لاہور : سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کے لیے حکمت عملی پر کام جاری ہے، الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے اسلام آباد میں ملاقات کرنے والوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کرسکتی ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کے لیے حکمت عملی پر کام جاری ہے، یہ طے ہے جس جماعت کےپاس اکثریت ہوگی پہلے اسے حکومت کا موقع دیا جائے گا۔

    آزاد امیدواروں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ آزاد امیدوار سب کے لیے اہمیت اختیار کرجائیں گے، اس بار پیپلز پارٹی پورے پاکستان سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ نشستیں لے گی اور پیپلز پارٹی واحد جماعت ہوگی جو چاروں صوبوں سے نمائندگی حاصل کرلے گی۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلاول درست کہہ رہےہیں کہ کسی کی ماں بہن جیل میں نہیں ہونی چاہیے، ماضی میں مجھے اور میری بہن کو جیل میں رکھ کر غلط روایت ڈالی گئی۔

    آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم بنا تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا، جس کسی نے قانون کی نظر میں جرم کیا انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آکر اچھی روایات کی بنیاد ڈالیں گے، میں جب صدر تھا جب کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، پیپلز پارٹی اوروں کی طرح سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھتی۔