Tag: آصف غفور

  • بالا کوٹ حملہ، سشما سوراج نے اپنی ہی حکومت کا دعویٰ‌ مسترد کردیا، آصف غفور کا سچ بولنے پر خیر مقدم

    بالا کوٹ حملہ، سشما سوراج نے اپنی ہی حکومت کا دعویٰ‌ مسترد کردیا، آصف غفور کا سچ بولنے پر خیر مقدم

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر  جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بالا کوٹ حملے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سچ بول دیا۔

    بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ ’دیر آید درست آید،  آخرکار سشماسوراج نےسچ بول ہی دیا، زمینی حقائق نےبھارت کو سچ بولنے پر مجبورکردیا’۔

    آصف غفور کا کہنا تھا کہ امید ہے بھارت جلد 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک اور دو طیارے تباہ ہونے کے ساتھ پاکستان کا ایف سولہ طیارہ گرانے کے معاملے پر بھی سچ بولے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشما سوراج نے اپنی ہی حکومت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ بالاکوٹ حملے میں کوئی پاکستانی فوجی یا شہری جاں بحق نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور اُس کے جہاز بالاکوٹ میں واقع جابا کے مقام پر اپنا ایمونیشن گراکر فرار ہوگئے تھے۔ بعد ازاں بھارت نے بالاکوٹ حملے کو کامیاب کارروائی قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ انڈین فضائیہ کی کارروائی میں 300 سے ساڑھے تین سو افراد مارے گئے جبکہ حقیقت میں فیول ٹینک کے دھماکوں سے صرف درخت تباہ ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: غیرملکی صحافیوں، سفراء اور دفاعی اتاشیز کا دورہِ بالاکوٹ ، آئی ایس پی آر نے بھارت کے دعوے کی حقیقت دنیا کو دکھا دی

    بھارتی دعوے کے بعد امریکی اور برطانوی نشریاتی اداروں کی تحقیقاتی ٹیموں نے سیٹلائٹ اور تصاویر کی مدد سے رپورٹ تیار کی تھی جس میں انہوں نے بھارتی فضائیہ کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔ یہ بھی یاد رہے کہ 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک بار پھر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی تھی مگر اس بار پاک فضائیہ کے شیر دلوں نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

  • پاک فوج کے ترجمان رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے آگئے

    پاک فوج کے ترجمان رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے آگئے

    کراچی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور گزشتہ رات کراچی کی سڑکوں پر بغیر پروٹوکول کے نوجوانوں کے ہمراہ کرکٹ کھیلتے رہے ، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں سے ملنے بغیر پروٹوکول کے پہنچ گئے، ان کی اس غیر متوقع آمد پر نوجوان خوشی سے نہال ہوگئے۔

    انہوں نے اس موقع پر کچھ وقت نوجوانوں کے ساتھ گزارا، کرکٹ بھی کھیلی اور بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کراچی کے جوانوں نے اس سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ویڈیوز بنائیں۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی نے اس موقع کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’’کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نوجوانوں کے ہمراہ رات گئے کرکٹ کھیل رہے ۔ ترکی میں ہونے کے سبب میں نے یہ موقع ضائع کردیا‘‘۔

    شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئےشاہد آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر آپ ہوتے تو کسی نے مجھے بلے بازی کے لیے بیٹ نہیں دینا تھا۔ کراچی کے پرجوش جوانوں سے مل کر خوشی ہوئی۔ یہ سب سندھ رینجرز ، پولیس ، قانون نافذ کرنےو الے اداروں اور پاکستانی عوام کے جذبے کے سبب ممکن ہوا ہے۔