Tag: آغا سراج درانی

  • اثاثہ جات کے بعد ایک اور کیس میں آغا سراج درانی  کی ضمانت منسوخ

    اثاثہ جات کے بعد ایک اور کیس میں آغا سراج درانی کی ضمانت منسوخ

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کےبعدایک اورکیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی درخواست ضمانت منسوخ کردی، آغا سراج درانی پرایم پی ای ہاسٹل کےتعمیراتی فنڈمیں خورد بردکاالزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیرات میں کرپشن کیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔

    آغا سراج اور ان کے وکیل شہاب سرکی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، شوکت حیات ایڈووکیٹ نے بتایا شہاب سرکی ایڈووکیٹ بارالیکشن میں مصروف ہیں، وہ جلد عدالت پہنچ جائیں گے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا تفتیشی افسرعدالت میں موجودہیں،ملزم کوپیش ہوناچاہیےتھا، جس پر جسٹس محمداقبال کا کہنا تھا کہ ہم کچھ مزید انتظار کر لیتے ہیں،شاید وہ پیش ہوجائیں۔

    معاون وکیل نے بتایا کہ گزشتہ روزسندھ ہائیکورٹ سےدرخواست ضمانت مسترد ہوئی ، فیصلے کے خلاف آغا سراج نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہے، آج کی سماعت ملتوی کردی جائے۔

    جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا ہم نےہی توکل درخواست ضمانت مسترد کی ، آج یہ کیس کیسے ملتوی کرسکتے ہیں، ملزم پیش نہیں ہوا، درخواست ضمانت مستردکردیتے ہیں، کوئی قانونی ریلیف بنتا تو ہم ضرور دیتے۔

    عدالت نے معاون وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پراسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی عبوری ضمانت منسوخ کردی، نیب کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی پرایم پی ای ہاسٹل کےتعمیراتی فنڈمیں خورد بردکاالزام ہے ، ملزم کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیاگیا ہے۔

    گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سےزائداثاثوں کےالزام میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی عبوری ضمانت مسترد کی تھی۔

  • زائد اثاثہ جات ریفرنس، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کا حکم

    زائد اثاثہ جات ریفرنس، آغا سراج درانی کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کا حکم

    کراچی : احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ سمیت دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے نیب کو حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کراچی کی احتساب عدالت ہوئی، آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مفرورملزمان کی گرفتاری میں کیاپیش رفت ہے؟ تفتیشی افسر ملزمان کےپتہ پرکیوں نہیں جاتا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سکھر پولیس کو اس حوالے سے کہیں گے۔

    نیب پراسیکیوٹر کے رویے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی نہیں تفتیشی افسر کی رپورٹ چاہئے ، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے حتمی مہلت دے رہے ہیں اگر مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو تفتیشی افسر کو جیل بھیج دیں گے اور آئندہ سماعت تک مفرور ملزمان گرفتار نہ ہوئےتو کیس الگ کیاجائے گا۔

    عدالت نے مفرور ملزمان کےایک بارپھر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی، مفرور ملزمان میں آغا سراج کے بیٹے،اہلیہ،بیٹیوں سمیت 12ملزمان شامل ہیں۔

    قبل ازیں پیشی کے موقع پر صحافی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے لاڑکانہ میں حالیہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر سوال کیا جس پر آغا سراج نے کہا کہ میں تو لاڑکانہ میں تھا ہی نہیں مجھے نہیں پتا کیا ہوا، میں جیل میں ہوں مجھے کچھ نہیں پتا جب جیل سےباہر آ گیاتو اچھی اچھی خبریں دوں گا۔

    خیال رہے آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ۔

    واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • آغاسراج درانی کی ساتھیوں سمیت عدالت میں پیشی

    آغاسراج درانی کی ساتھیوں سمیت عدالت میں پیشی

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب کارروائی ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش کیا گیا ، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب عدالت نے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔

    نیب نے آغا سراج درانی اور دیگر ساتھیوں کو لنک جج کے سامنے پیش کرکے بتایا کہ آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

    اس موقع پرتفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ تفتیشی افسر پیش کیوں نہیں ہوا؟۔ جواب میں نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کے پیش ہونے کےبارے میں مجھے کچھ نہیں معلوم ہے۔

    آغا سراج درانی کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے موکل فروری سے جیل میں ہیں، مفرور ملزمان کے خلاف جو بھی کارروائی کرنی ہے کریں، اور آغا سراج درانی خلاف کیس جلد شروع کریں۔

    ان کی درخواست پر عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ جج ہی نہیں ہیں، جج تعینات ہوں گے تو دیکھیں گے۔

    گزشتہ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کی بےنامی جائیداد،گاڑیوں سمیت57اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔عدالت نے سماعت کے بعد آج نیب پراسیکیوٹر کو دلائل دینے کے لیے طلب کیا تھا ۔

    خیال رہے کہ اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کرپشن کیس میں جیل میں ہیں۔آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ۔

    نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےاسپیکر سندھ اسمبلی  آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامستردکردی، فاضل جج نے وکیل صفائی سے استفسار کیا  آپ نے ہائی کورٹ میں ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسپیکرسندھ اسمبلی سراج درانی کےخلاف ریفرنس منظور کرنے پردرخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نےاحتساب عدالت میں ریفرنس کی کارروائی روکنےکی استدعامستردکردی، فاضل جج نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا ؟

    وکیل صفائی نے جواب دیا آغا سراج درانی نےکبھی اختیارات کاغلط استعمال نہیں کیا، نیب نے کال اپ نوٹس بھی جاری نہیں کیا جبکہ نیب وکیل کا کہنا تھا آغاسراج درانی نے بطور وزیر اور اسپیکر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ۔

    مزید پڑھیں : آغا سراج درانی کی نیب کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد

    عدالت نے دلائل کے بعد نیب کو اکیس اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا ۔

    یاد رہے دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کےوارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد کردی،عدالت نےقراردیا وارنٹ پرتوعمل ہوچکا، اب کیسے معطل کرسکتے ہیں؟.

    خیال رہے آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،  نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ، دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیا، ملزمان پر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہیں۔

    واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں توسیع

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں توسیع

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 13 روز کی توسیع کردی گئی، نیب کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی آج احتسابعدالت کے روبرو پیش ہوئے ، سماعت میں نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی تھی جسے منظور کرتے ہوئے انہیں 12 اپریل تک نیب کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    عدالت نے ریمانڈ میں توسیع دیتے ہوئے نیب کے وکیل کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت میں آغا سراج درانی کے کیس پر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے ۔

    اس موقع پر آغا سراج درانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھ سے کسی نئی چیز پر تفتیش نہیں ہورہی۔ نیب حکام تفتیش میں وہی سب پوچھ رہے ہیں جو میں پہلے بتاچکاہوں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیب حکام آتے ہیں اور مجھ سے 10منٹ تفتیش کرکے چلے جاتے ہیں۔

    گزشتہ ماہ 20 فروری کو نیب کراچی نےآمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کوگرفتارکیا تھا۔21 فروری کو نیب حکام نے انہیں احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ پر اپنی تحویل میں لیا تھا۔ جس میں بعد ازاں عدالت نے توسیع بھی دی تھی۔ پہلے ریمانڈ کے موقع پر نیب کے تفتیشی افسر نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ نیب کے قانون میں 90روزہ ریمانڈ بھی لیا جاسکتا ہے۔

    تفتیش کے دوران حاصل کردہ معلومات کی روشنی میں نجی بینک کے لاکرز کی تلاشی کے دوران تفتیشی ٹیم کو لاکھوں روپے کے غیر ملکی کرنسی نوٹ اور بڑی تعداد میں سونا ملا، نیب نے اسپیکر کے لاکرز سے 55 لاکھ 18 ہزار 744 روپے کی غیر ملکی کرنسی جبکہ 2 کلو 14 گرام سونا برآمد ہوا۔آغا سراج درانی کی اہلیہ کے لاکرز سے ایک کلو 9 گرام سونے کے زیورات بھی برآمد کیے۔برآمد ہونے والے سونے کی قیمت 2 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، قیمت کا تعین کر کے تفصٰل قومی بینک دولت کو بھیج دی جائے گی۔

    دوسری جانب دیگر اہل خانہ سے تفتیش کے دوران نیب کو لاکرز سے ریال، درہم، امریکی ڈالرز سمیت دیگر ملکوں کی کرنسی ملی، برآمد ریال اور درہم کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 30 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق لاکرز سے  4400 امریکی ڈالر اور 4200 برطانوی پاؤنڈ ملے۔

    نیب نے تمام لاکرز جوڈیشل مجرسٹریٹ کی نگرانی میں کھولے جبکہ اس موقع پر بینک مینیجر، آپریشن مینیجر اور دیگر بینک کے افسران بھی موجود تھے۔ نیب نے برآمد ہونے والی کرنسی اور سونے کو ضبط کرلیا تھا۔

  • آغا سراج درانی کے لاکرز کی تلاشی، لاکھوں کی غیرملکی کرنسی اور کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

    آغا سراج درانی کے لاکرز کی تلاشی، لاکھوں کی غیرملکی کرنسی اور کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

    کراچی: قومی احتساب بیورو نے زیرحراست اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے نجی بینک لاکرز سے لاکھوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی اور کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتاراسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے نجی بینک لاکرز کی تلاشی کے دوران تفتیشی ٹیم کو لاکھوں روپے کے غیر ملکی کرنسی نوٹ اور بڑی تعداد میں سونا ملا، نیب نے اسپیکر کے لاکرز سے 55 لاکھ 18 ہزار 744 روپے کی غیر ملکی کرنسی جبکہ 2 کلو 14 گرام سونا برآمد ہوا۔

    نیب کی تفتیشی ٹیم نے آغا سراج درانی کی اہلیہ کے لاکرز سے ایک کلو 9 گرام سونے کے زیورات بھی برآمد کیے۔

    ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے سونے کی قیمت 2 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، قیمت کا تعین کر کے تفصٰل قومی بینک دولت کو بھیج دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: آغا سراج درانی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، واٹس ایپ پر حکم نہیں ملا، نیب

    دوسری جانب تفتیش کے دوران اہل خانہ کے لاکز سے ریال، درہم، امریکی ڈالرز سمیت دیگر ملکوں کی کرنسی ملی، برآمد ریال اور درہم کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 30 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق لاکرز سے 4400امریکی ڈالر اور 4200 برطانوی پاؤنڈ ملے۔

    نیب نے تمام لاکرز جوڈیشل مجرسٹریٹ کی نگرانی میں کھولے جبکہ اس موقع پر بینک مینیجر، آپریشن مینیجر اور دیگر بینک کے افسران بھی موجود تھے۔ نیب نے برآمد ہونے والی کرنسی اور سونے کو ضبط کرلیا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے یکم مارچ کو آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 11 مارچ تک توسیع کی منظوری دی تھی۔

    یاد رہے کہ 21 فروری کو عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پہلا ریمانڈ ہے، 14 روزہ ریمانڈ مانگ رہے ہیں، نیب قانون میں 90 روزہ ریمانڈ ہوسکتا ہے۔

    ایڈووکیٹ شہاب سرکی کا کہنا تھا کہ گھرمیں جس طرح کارروائی کی گئی وہ نامناسب ہے، آغا سراج درانی بیمارہیں اور انہیں حراست کے دوران ادویات تک فراہم نہیں کی جارہیں۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرزموجود ہیں، ملزم کا میڈیکل کرایا گیا، آغا سراج درانی نے کہا کہ گھرسے کیا لے گئے ہیں اورکیا اپنے پاس سے شامل کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں11مارچ تک توسیع

    بعدازاں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 20 فروری کو نیب کراچی نےآمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کوگرفتارکیا تھا۔

  • آغا سراج درانی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، واٹس ایپ پر حکم نہیں ملا، نیب

    آغا سراج درانی کو عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، واٹس ایپ پر حکم نہیں ملا، نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آغا سراج درانی کی گرفتار ی سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے ملزم کو عدالتی احکامات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آغاسراج درانی کی گرفتاری سے متعلق میڈیا پر کچھ رپوٹس نشر ہوئی جس پر نیب نے ردعمل دیتے ہوئے واٹس ایپ میسج کےذریعے وارنٹ گرفتاری کے الزامات کی سختی تردید کردی۔

    قومی احتساب بیورو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب قومی ادارہ ہے جو آئین و قانون کے مطابق فرائض انجام دےرہاہے، سراج درانی کےگھرپر سرچ آپریشن عدالتی احکامات کی روشنی میں کیاگیا۔

    مزید پڑھیں: آغا سراج درانی کیس: کاروباری شخصیت گلزار احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آغاسراج درانی کےگھر پر سرچ آپریشن میں لیڈیز پولیس بھی موجود تھی، گھرسےجتنی دستاویزات برآمدکیں ان پرمتعلقہ افراد نےدستخط کئے، تلاشی کے دوران کسی بھی اہلکار نے اہل خانہ سے بدسلوکی نہیں کی اور نہ اس کا کوئی سوال پیدا ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ نیب نے چند روز قبل پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں اسلام آباد سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا تھا جس کے بعد انہیں اگلے روز احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    احتساب عدالت نے اسپیکر اسمبلی کو یکم مارچ تک ریمانڈ پر  نیب کے حوالے کیا، دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی کی رہائش گاہ سے قومی احتساب بیورو نے چھاپے کے دوران اہم دستاویزات برآمد کیں جن کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: زیر حراست اسپیکر کی سربراہی میں اجلاس، آغا سراج درانی کی نیب کے خلاف ہرزہ سرائی

    پیپلزپارٹی نے اہم رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری پر لسانی کارڈ کھیلنے کی کوشش کی اور اس کارروائی کو ماورائے آئین قرار دیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین نیب سے نوٹس لینے کی استدعا بھی کی۔

  • چیئرمین نیب آغا سراج درانی کی فیملی سے بدسلوکی کا نوٹس لیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    چیئرمین نیب آغا سراج درانی کی فیملی سے بدسلوکی کا نوٹس لیں: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر  اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب اہل کاروں نے آغا سراج کی فیملی سے بدتمیزی کی، چیئرمین نیب نوٹس لیں.

    تفصیلات کے مطابق وزیر زاعلیٰ نے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آغا سراج درانی کے گھر  چھاپے کے دوران نیب کے عملے پر بدسلوکی کا الزام عائد کیا.

    انھوں نے کہا کہ آغا سراج درانی دوسری مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، وہ اسلام آباد میں ایک تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے، انھیں ایک ہوٹل سےگرفتارکیا گیا، راہداری ریمانڈ کے بعد آغا سراج کو کل رات کراچی لایا گیا.

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری کے بعد ان کے گھر پر دھاوا بولا گیا، گیٹ توڑ کر  دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، آغا سراج درانی کی فیملی کو گھر سے نکال کر  لان میں کھڑا کردیا گیا، اطلاع ملی تو  پیپلزپارٹی کے کچھ رہنما آغا سراج درانی کے گھر پہنچے.

    انھوں نے کہا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے بھی اسپیکرکو  نیب کی دہشت گردی سے بچانہ سکا، ان کی فیملی کو تحفظ نہیں دے سکا، نیب اہل کاروں نے زبردستی خواتین سے دستاویزات پر دستخط کرائے، پرچے پرکیوں دستخط کرائے گئے، معلوم نہیں.

    یہ بھی پڑھیں: آغا سراج درانی کے گھر کسی سے بد سلوکی نہیں کی، خواتین بھی نامزد ہیں، ترجمان نیب

    مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سب کرنے کی اجازت دنیا کا کوئی قانون نہیں دیتا، کوئی قانون چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنےکی اجازت نہیں دیتا چیئرمین نیب سے درخواست ہے کہ اس سلوک کا نوٹس لیں، چیئرمین نیب سے بات کرنے کی کوشش ابھی تک کامیاب نہیں ہوا.

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے لوگ جیل میں ہیں، شنوائی نہیں ہوتی، قائم مقام اسپیکر نے کل صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، امید ہے، وہ کل اجلاس میں آئیں گے.

  • شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، آغا سراج درانی

    شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، آغا سراج درانی

    مٹیاری: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ دوسروں پر کیس ہوئے تو فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں جبکہ شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی پر تیس سال سے کیس چل رہے ہیں، سارے کیس ختم ہوگئے تھے نیا کیس بنایا گیا جس کا سامنا کریں گے۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا اب بھی کریں گے دوسروں پر کیس ہوئے تو وہ فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں، میں بھی گرفتار ہوا اور باعزت بری ہوا۔

    یہ کیس ہے یا احتساب، صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ یہ تو انہیں کو پتا ہے جو کیس کررہے ہیں، کسی کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہئے۔

    واضح رہے کہ آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام آگے بڑھنے سے ہی مضبوط ہوگا، ایوان قوانین کے مطابق ہی چلے گا کوئی کارروائی چھپائی نہیں جاسکتی سب کچھ ریکارڈ پر ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈی جی نیب کا آغا سراج درانی اور وسیم اختر کے خلاف تحقیقات کا حکم

    خیال رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف نیب نے تحقیقات کا حکم دیا تھا، ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل، سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات ہوں گی۔

  • سندھ اسمبلی: آغا سراج درانی اسپیکر، ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    سندھ اسمبلی: آغا سراج درانی اسپیکر، ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اسپیکر جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں۔ آغا سراج نے دوسری بار اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق  آغا سراج درانی دوسری بار سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں،وہ 2013 سے 2018 کے عرصے میں بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں 75 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے۔

    سندھ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی کا متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف سے مقابلہ  تھا. آغا سراج کو 96 ووٹ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے  جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے ہیں، تین ووٹ مسترد کیے گئے۔

     یاد رہے کہ انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا۔ دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا۔

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کی ریحانہ لغاری اور تحریک انصاف کی رابعہ اظفر آمنے سامنے تھیں۔

    ریحانہ لغاری نے 98 جبکہ رابعہ اظفر نے 59ووٹ حاصل کیے۔ اسمبلی میں کل 158 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔

    حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 75 ، تحریک انصاف نے 23، ایم کیو ایم نے 16، جی ڈی اے نے 11 ، ٹی ایل پی نے 2 اور ایم ایم اے نے ایک نشست حاصل کی ہے۔

     یاد رہے کہ سندھ اسمبلی آئین پاکستان کے آرٹیکل 106 کے تحت قائم کی گئی۔ اس ایوان کی 168 نشستیں ہیں جن میں سے 130 پر براہ راست انتخابات منعقد ہوتے ہیں جبکہ 38 نشستیں خواتین اور غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں۔

    سندھ اسمبلی کا قیام سنہ 1937 میں عمل میں آیا تھا، اس کے پہلے اسپیکردیوان بوج سنگھ تھے جبکہ موجودہ اسپیکر آغا سراج درانی دوسری بار اس عہدے  کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔