Tag: آلائشیں

  • قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے کراچی میں 7 خندقیں تیار

    قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے کراچی میں 7 خندقیں تیار

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور شہر کا ماحول بہتر رکھنے کےلیے کراچی میں 7 خندقیں تیار کر لی گئیں۔

    پاکستان میں ہفتہ 7 جون کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔ عید کے تین ایام مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کریں گے۔

    ان ایام میں سب سے زیادہ مسئلہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی وجہ سے ہوتا ہے جو بروقت تلف نہ کیے جانے کے باعث شہر میں تعفن کا باعث بنتی ہیں۔ تاہم اس سال سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ نے عیدالاضحیٰ پر جانوروںکی آلائشیں بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دے دی ہے۔

    ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت تلف کرنے کے لیے شرافی گوٹھ میں 7 خندقیں کھود لی گئی ہیں۔ آلائشوں کو ان خندقوں میں دفن کیا جائے گا۔

    طارق نظامانی کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں آلائشیں اٹھانے کے لیے ڈور ٹو ڈور ٹیمیں کام کریں گی اور 16 ہزار ملازمین فرائض انجام دیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر 98 کلیکشن پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں جب کہ عوامی شکایات کے لیے 1128 نمبر بھی چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/eid-ul-adha-jf-17-thunder-meraj-f-16-names-of-cattles/

  • وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، شہر قائد میں آلائشیں اٹھانے کا مناسب نظام موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں ہے اور  وزیر  بلدیات سندھ کا بیان سمجھنےسے قاصر ہوں۔

    متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، بلدیاتی نمائندے بغیر کسی مدد کے کام کر رہے تھے۔

    سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ عید کا تیسرا روز گزرنے کے بعد سندھ حکومت شہر قائد سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں‌ تاحال ناکام رہی ہے.

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے تینوں دن دس لاکھ سے زائد جانوروں کو قربان کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق شہر کی سڑکوں، گلیوں سے آلائشیں مکمل طور پر نہ اٹھائی جاسکیں، کچرے کے ڈھیروں میں آلائشیں موجود ہونے سے تعفن پھیلنے لگا جبکہ ضلع وسطی، جنوبی، غربی اور ملیر میں آلائشیں اٹھانے کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔

  • آلائشیں اٹھانا میئر کراچی کی ذمہ داری نہیں ہے، سعید غنی کا اعتراف

    آلائشیں اٹھانا میئر کراچی کی ذمہ داری نہیں ہے، سعید غنی کا اعتراف

    کراچی: شہرقائد کے ضلع غربی اور ضلع غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل سست روی کا شکار ہوگیا، وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کرلیا کہ آلائشیں اٹھانا میئر کراچی کی ذمہ داری نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید ِ قرباں کے دوسرے دن بھی آلائشیں اٹھانے کا عمل سست روی کا شکار ہے، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ آلائشیں ٹھکانے لگا نا شہری حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے، تاہم اس کے باوجود شہر میں ڈی ایم سیز کی گاڑیاں سرگرمِ عمل نظر آرہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع غربی کے علاقے مومن آباد روڈ کا برا حال ہے وہاں آلائشوں کے ڈھیر ہیں اور ان سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں، اے آروائی نیوز کو ضلع وسطی سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں شہری اسی نوعیت کی صورتحال کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

    گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ تمام اداروں سے رابطے میں ہیں، شکایات موصول ہونے پر فوری طور پر آلائشوں کو اٹھایا جارہا ہے اور صفائی پر توجہ دی جارہی ہے۔

    دوسری جانب عید سے ایک روز قبل میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عید کے تینوں دن بلدیاتی نمائندے سڑکوں پر ہوں گے، وہ خود بھی علاقوں کا دورہ کرتے رہیں گے۔ انھوں نے سعید غنی کو مخاطب کر کے کہا ’ہم نے پلان ترتیب دے دیا ہے، آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘