Tag: آلو

  • کیا آلو واقعی موٹاپے کا ذمہ دار ہے؟

    کیا آلو واقعی موٹاپے کا ذمہ دار ہے؟

    آلو کو موٹاپے اور صحت کے بیشتر مسائل کی وجہ سمجھا جاتا ہے لیکن اگر سائنسی تحقیقات پر نظر ڈالی جائے تو آلو میں ایسی کوئی بات نہیں۔

    آلو بلاشبہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سبزی ہے جو کہ پوری دنیا میں کھائی جاتی ہے اور اسے فرائی، گرل یا ابال کر کئی طریقوں سے تیار کیا جا سکتا ہے۔

    صحت کے مسائل اور موٹاپے کا ذمہ دار آلو نہیں بلکہ آلو سے تیار کیے گئے تلے ہوئے اسنیکس جیسے کہ چپس اور فرنچ فرائز ہوسکتے ہیں کیونکہ ان میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔

    ماہرینِ صحت کے مطابق، آلو کا استعمال صحت بخش ہے کیونکہ اس میں فائبر اور دیگر غذائی اجزا جیسے کہ پوٹاشیئم، وٹامن سی، وٹامن بی 6، مینگنیز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اور اس میں موجود نشاستہ مزاحم قسم کا ہوتا ہے، جو آپ کی آنتوں میں موجود بیکٹیریا کو ختم کرتا ہے۔

    اس لیے اگر آپ بھی اس غلط فہمی کا شکار ہو کر کہ صحت کے مسائل اور موٹاپے کا ذمہ دار آلو ہے، اپنے گھر میں بنی ہوئی آلو کی سبزی پر پروسیسڈ فوڈ جیسے کہ نوڈلز کو ترجیح دیتے ہیں تو آپ کے علم میں مندرجہ ذیل باتیں ضرور ہونی چاہئیں۔

    ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تر پروسیسڈ فوڈ صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔

    اس لیے اگر آپ اپنے گھر میں بنی ہوئی آلو کی سبزی پر نوڈلز کو ترجیح دیتے ہیں تو آپ کا انتخاب غلط ہے کیونکہ انسٹنٹ نوڈلز میں 950 گرام سوڈیم اور دیگر کیمیکلز، ایسیڈیٹی ریگولیٹرز، اینٹی کیکنگ ایجنٹس، پرزرویٹوز، مصنوعی رنگ، اور ہیو میکٹینٹس بھی ہوتے ہیں۔

    ماہرینِ صحت نے آلو کو دوسری سبزیوں کے ساتھ ملا کر کھانےاور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا کہ غذا میں کچھ پروٹینز بھی شامل ہوں۔

  • آلو اب دوا میں بھی استعمال ہوگا

    آلو اب دوا میں بھی استعمال ہوگا

    آلو ہماری روزمرہ خوراک کا حصہ اور ایک عام سبزی ہے، حال ہی میں ماہرین نے اس کے اجزا میں طاقتور اینٹی بائیوٹک دریافت کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یورپی ماہرین کئی سال کی تحقیق کے بعد دنیا بھر میں استعمال ہونے والی سب سے عام سبزی آلو سے نئی طاقتور اینٹی بائیوٹک دریافت کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    ماہرین نے کئی سال کی تحقیق کے بعد آلو میں بیماری پیدا کرنے والے بیکٹیریاز یا کیڑوں میں چھپی طاقتور اینٹی بائیوٹک کو ڈھونڈ نکالا ہے، جسے انہوں نے سولانی مائسن کا نام دیا ہے۔

    طبی جریدے ایم بائیو میں تحقیق کے مطابق یورپی ماہرین نے کئی سال کی محنت کے بعد آلو کو خراب کرنے والے بیکٹیریاز میں موجود طاقتور اینٹی بائیوٹک کو دریافت کیا ہے جو نہ صرف سبزیوں، پھلوں اور پودوں میں لگنے والی بیماری کو ختم کرنے کے کام آسکتی ہے بلکہ اس سے انسانوں کو ہونے والی جلد کی بیماریوں اور عام طور پر خارش کا علاج کیا جا سکتا ہے۔

    ماہرین نے ٹماٹر میں پائی جانے والے خصوصی اجزا ڈکیا سلونی یا ڈی سلونی پر تحقیق کی جو آلو میں ٹماٹر سے زیادہ مقدار میں پائی جاتی ہے۔

    مذکورہ اجزا کو ماہرین نے پہلی بار ایک دہائی قبل ٹماٹر میں دریافت کیا تھا اور اس کے بعد ماہرین نے شک ظاہر کیا تھا کہ یہی اجزا آلو میں بھی ہوں گے اور بعد ازاں یہ امکان درست ثابت ہوا تھا۔

    ماہرین نے مذکورہ اجزا میں آلو کو کیڑا لگانے یا انہیں نقصان پہنچانے والے بیکٹیریاز اوسیڈائن اے پر تحقیق کی، جہاں سے انہیں ایک طاقتور اینٹی بائیوٹک ملی۔

    مذکورہ بیکٹیریاز آلو کو سخت نقصان پہنچاتے ہیں مگر ان ہی بیکٹیریاز میں طاقتور اجزا بھی موجود ہیں جو دیگر پھلوں، سبزیوں اور پودوں کی بیماریوں کو ختم کرنے کا کام کر سکتے ہیں۔

    ماہرین نے آلو کو بیمار بنانے والے بیکٹیریاز سے دریافت ہونے والی اینٹی بائیو ٹک کو سولانی مائسن کا نام دیا ہے، جس سے پودوں، پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ انسانوں کو لگنے والے فنگس کا کامیاب علاج کیا جا سکتا ہے۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر ماہرین کو امید ہے کہ آلو کو خراب کرنے والے بیکٹیریاز سے دریافت ہونے والی اینٹی بائیوٹک پودوں سمیت انسانوں کو بھی فائدہ پہنچائے گی۔

  • آلو غذا کے ساتھ خوبصورتی کا خزانہ بھی

    آلو غذا کے ساتھ خوبصورتی کا خزانہ بھی

    آلو ہماری روزمرہ کی غذا میں شامل ایک عام سبزی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں آلو ہماری جلد اور بالوں کے لیے بھی بے حد مفید ہے؟

    بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق آلو ہماری جلد اور بالوں کے لیے جادوئی اثرات رکھتا ہے۔

    گرمیوں کے موسم میں دھوپ سے جھلسنے کے بعد آلو جلن سے نجات کے لیے بے حد مفید ہے، آلو میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور وٹامن سی جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔

    اس سبزی کو قدرتی فیشل بھی کہا جاتا ہے۔

    آلوؤں کو چھیل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں پیس لیں۔ اب اس پیسٹ کو چہرے پر 30 منٹ تک لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ باقاعدہ استعمال جلد چمکدار ہوجائے گی۔

    اس مقصد کے لیے آلو کے قتلوں سے چہرے پر مساج بھی کیا جاسکتا ہے۔

    بالوں کے لیے

    آلو کا رس بالوں پر لگانے سے صحت مند بال جلد بڑے ہو جاتے ہیں، آلو کا رس نہ صرف بالوں کو بڑھاتا ہے بلکہ یہ کسی بھی وجہ سے متاثر ہونے والے بالوں کا علاج بھی ہے۔

    آلو وٹامن اے، بی اور سی سے بھرپور ہوتا ہے جو انسانی جسم کی اہم ضرورت سمجھے جاتے ہیں۔

    آلو کے رس میں ایک انڈے کی زردی اور ایک چمچ شہد ملاکر بالوں پر لگائیں، اس سے بال صحت، چمکدار اور گھنے ہوجائیں گے۔

  • انسانی پاؤں کی شکل والا عجیب الخلقت آلو

    انسانی پاؤں کی شکل والا عجیب الخلقت آلو

    برازیلیا: برازیل کے گاؤں میں شہریوں نے آلو کاشت کیا اور 6 برس بعد اُسے باہر نکالا تو حیران رہ گئے کیونکہ اس کی شکل انسانی پاؤں کی طرح اور  وزن بھی بہت زیادہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کی ریاست سانٹا کنٹارینا کے علاقے میلیرو میں مارلی اور پاؤل نے اپنی زمین پر 6 برس قبل آلو مٹی کے اندر دبایا اور اُسے 6 برس بعد نکالا تو یہ بالکل انسانی پیر جیسا نظر آرہا تھا۔

    زمیندار نے آلو باہر نکالا اور اس کی تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ عام آلو کے مقابلے میں بہت بڑا اور وزن میں بھی زیادہ نظر آرہا ہے۔

    مارلی کا کہنا تھا کہ 6 برس قبل میں نے اپنی زمین پر آلو دبایا اور اُسے گزشتہ روز نکالا تو یہ میرے ہاتھ کے برابر تھا اور اس کا وزن تقریبا 8 گلوگرام کے قریب تھا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میں عرصہ دراز سے سبزیاں کاشت کررہا ہوں مگر ایسا پہلی بار ہوا کہ کوئی سبزی انسانی پیر کی طرح بن گئی، یہ ہمارے لیے بہت ہی زیادہ حیران کُن ہے۔

    مارلی کا کہنا تھا کہ ہم نے آلو اور سبزیاں کاشت کی تھیں جو اپنی اصل شکل میں باہر نکلیں البتہ اُن میں سے ایک آلو حیران کُن طور پر بہت ہی زیادہ علیحدہ ہے جسے ہم سجائیں گے تاکہ لوگ خدا کی قدرت کو دیکھ سکیں۔

    آلو کے حوالےسے جب مقامی انتظامیہ کو خبر ملی تو وہ ماہرین کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے معائنہ کیا۔ طبی ماہرین نے اس آلو کو مضرِ صحت قرار دیا۔

    مارلی اور اُن کے خاوند نے مستقبل میں مزید سبزیاں اور بالخصوص آلو کاشت کرنے کا اعلان کیا البتہ وہ آئندہ اپنے گھر کے آنگن میں ہی سبزیاں لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    محکمہ زراعت کے وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ آج سے قبل دنیا میں اتنا وزنی اور ایسی شکل کا آلو نہیں اُگا، حکومت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کو مدعو کرے گی تاکہ اس کا اندراج عالمی سطح پر کروایا جاسکے۔