Tag: آندھی

  • سندھ میں بارش کے دوران آندھی اور بجلی  گرنے کی پیشگوئی

    سندھ میں بارش کے دوران آندھی اور بجلی گرنے کی پیشگوئی

    کراچی (18 اگست 2025): آج سے 22 اگست تک سندھ بھر میں تیز بارشوں کا امکان ہے اس دوران اربن فلڈنگ آندھی اور بجلی گرنے کے بھی امکانات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کی ہے۔ اس کے مطابق ملک بھر میں مون سون کا طاقتور سسٹم اثر انداز ہوچکا ہے۔ اس نئے سسٹم کے تحت آج سے 22 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

    مون سون کے اس نئے سسٹم کے تحت سندھ میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی کے مطابق صوبے میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جب کہ بارش کے ساتھ آندھی چلنے اور بجلی گرنے کے خدشات بھی موجود ہیں۔

    آج سے شروع ہونے والے مون سون سسٹم کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور اور نوشہروفیروز میں بارش متوقع ہے، جس کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ دادو، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، حیدر آباد میں وقفے وقفے سے ان پانچ دنوں کے دوران بارش کا امکان ہے جب کہ جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے اسی دوران تھرپارکر میں بھی درمیانی اور تیز شدت کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    کراچی میں بھی آج سے 22 اگست تک بادل برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے، جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

  • ممبئی میں آندھی نے تباہی مچادی، بل بورڈ گرنے سے 35 افراد زخمی

    ممبئی میں آندھی نے تباہی مچادی، بل بورڈ گرنے سے 35 افراد زخمی

    بھارت کے گنجان آباد شہر ممبئی میں تیز آندھی نے تباہی مچادی، 100 فٹ لمبا بل بورڈ گرنے سے درجنوں افراد اس کی لپیٹ میں آگئے۔

    میڈیا رپوٹس کے مطابق گزشتہ دن شہر میں تیز آندھی کے ساتھ ساتھ بارش بھی ہوئی۔ ممبئی کے گھاٹ کوپر کے علاقے میں ایک 100 فٹ طویل بل بورڈ آندھی کے باعث نیچے گر گیا۔ بی ایم سی کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں تقریباً 35 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    طوفان کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اچانک موسم بدلنے سے کئی جگہ سڑکوں پر ٹریفک رک گیا۔ لوگوں نے آندھی سے بچنے کے لیے الگ الگ مقامات پر پناہ لی۔

    ممبئی ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور کچھ دیر کے لیے طیاروں کی آمد و رفت روکنی پڑ گئی۔ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان کے سبب 15 پروازوں میں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی جبکہ شام 5.03 بجے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہوا۔

    شہر میں چلنے والے دھول کے جھکڑوں کے ساتھ آندھی کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس دوران آسمان پر ہر طرف اندھیرا چھا گیا جس کے کچھ دیر بعد تیز بارش ہونے لگی۔

    ممبئی کے علاقوں گھاٹ کوپر، باندرا، کرلا اور دھاراوی میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کے سبب کافی دیر تک ٹریفک بھی جام رہا۔

    محکمہ موسمیات نے ممبئی، ٹھانے اور پالگھر میں تیز بارش کے ساتھ بجلی گرنے اور طوفان کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز اور دھول بھری آندھی چل سکتی ہے۔

  • پشاور: ریحام خان کالیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ

    پشاور: ریحام خان کالیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ

    پشاور: بارشوں سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لیے ریحام خان نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا،ان کاکہنا تھا کہ مریضوں کے فوری علاج کےلیے سہولیات کی فراہمی مشکل تھی۔

    پشاور میں آندھی اور طوفانی بارشیں کئی افراد کو زخمی اور کئی زندگیوں کے چراغ گل کر گئیں،تباہی کی نئی داستان رقم ہوئی تو ریحام خان بھی بنا پروٹوکول پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچ گئیں اور زخمیوں کی عیادت کی۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم کو منظم ہونے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہے، ان کاکہنا تھا کہ وہ مریضوں کے علاج سے مطمئن ہیں۔

    ریحام خان نے کہا کہ دعا ہے کہ زیادہ نقصان نہ ہو ، مشکل گھڑی میں متاثرین کیساتھ ہیں۔

  • پشاورمیں طوفانی بارش، 35افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    پشاورمیں طوفانی بارش، 35افراد جاں بحق، متعدد زخمی

     پشاور: طوفانی بارش اورآندھی نے تباہی مچادی ہے پچیس افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

     تفصیلات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث کئی گھروں کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں، اطلاعات کے مطابق پینتیس افراد جاں بحق ، جب کہ دو سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    طوفانی بارشوں اور شدید آندھی نے پشاور اور مضافاتی علاقوں میں تباہی مچادی،درجنوں کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں چھتیں اڑ گئیں جبکہ درخت اکھڑ گئے ۔

     پشاور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، چھتیں گرنے کے واقعات چارسدہ روڈ، پخہ غلام، بدھو ثمر باغ، شب قدر اور بڈھنی میں پیش آئے جب کہ موسلا دھار بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    پخہ غلام کے علاقے میں بارش اور تیز آندھی سے کئی چھتیں اور درخت گر گئے جس سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، شب قدر کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جب کہ ناصر باغ جی ٹی روڈ پر دو مکانوں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

     تیز آندھی اور بارش کے باعث جاں بحق افراد میں بچے اور 2 بہنیں بھی شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی کی رفتار 110 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں آندھی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔