پشاور(27 اگست 2025): شہر میں ایک بار پھر آٹے کے نرخوں کو پر لگ گئے، ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 300 روپے اور فی کلو میں 20 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
مقامی آٹا ڈیلرز کے مطابق فی کلو آٹے کی قیمت 15 سے 20 روپے تک بڑھ گئی ہے، مکس آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اب 1800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ فائن آٹے کی قیمت 1900 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ڈیلرز نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ گندم کی بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں نے بڑی مقدار میں گندم کسانوں سے براہ راست خرید کر ذخیرہ کر لیا ہے جس سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
ڈیلرز نے خبردار کیا کہ اگر ذخیرہ اندوزی جاری رہی اور حکومتی مداخلت میں تاخیر ہوئی تو آٹے کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔
ادھر پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، گندم کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے، اچانک اضافے نے صارفین اور تاجروں میں یکساں طور پر بڑے پیمانے پر تشویش کو جنم دیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں معتدد مارکیٹس میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ 595 کی روپے کی بجائے 650 روپے تک فروخت جاری ہے،شہریوں نے حکومت نے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔