Tag: آپریشن کا فیصلہ

  • لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

    لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

    راولپنڈی: مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا، آپریشن سے قبل ہی مختلف علاقوں میں مظاہروں کے ساتھ سیاحوں سے بدتمیزی بھی کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے حکم پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع ہونے سے پہلے ہی مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔

    اس طرح کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ مری کے مختلف علاقوں میں مقامی افراد نے مظاہرہ کی اور اس دوران سیاحوں سے بھی بدتمیزی کی گئی ہے۔

    مری میں غیرقانونی اور خطرناک تعمیرات کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ جاری ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے غیرقانونی، خطرناک تعمیرات کے خلاف بلاتفریق آپریشن کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مری میں سیاحوں سے بدتمیزی اور من مانا کرایہ وصول کرنے کی شکایات عام ہیں، وہاں جانے والے سیاحوں کو مقامی افراد کی حرکات کے باعث کئی بار شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ سندھ کا پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا اور واٹر بورڈ کو اپنے انتظامی نظام بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت واٹر بورڈ کا اجلاس ہوا ، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی کو ایک ہزارایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے جبکہ کراچی کو پانی کی فراہمی 580 ایم جی ڈی ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ کراچی میں بچھائی ہوئی لائن بہت پرانی ہے، لائنیں پرانی ہونےکےباعث پانی ضائع ہوتا ہے، کچھ علاقوں میں کافی دنوں کے بعد پانی مہیا کیا جاتا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں پرانی واٹر سپلائی لائنیں تبدیل کرنی ہوں گی ، 406 ایم جی ڈی پانی کی تقسیم منصفانہ ہونی چاہیے ،65 ایم جی ڈی واٹر سپلائی اسکیم 9.1 بلین روپے کی اسکیم جاری ہے۔

    مراد علی شاہ نے اسکیم پر کام تیز کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا اسکیم پر کام سست روی کا شکار ہے اس کو تیز کریں، کے ڈبلیو ایس بی کو اپنے ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے، شہر کے ہر علاقے کو پانی ملنا چاہیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے واٹر بورڈ کو اپنے انتظامی نظام بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔

  • لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    شکار پور: سندھ حکومت نے آپریشن کا دائرہ کار اندرون سندھ تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ صوبے کے دیگرعلاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    شکارپور میں شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر اورلاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن ہوگا،اورجرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔


    Decision to extend circle of operation in Sindh by arynews

    گرینڈ آپریشن کی منظوری سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی جس کا احوال مولا بخش چانڈیو نے میڈیا کو سنایا، صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو بتایا کہ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی تاہم اس میں رینجرز کا تعاون بھی شامل ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق گرینڈ آپریشن کا آغاز لاڑکانہ اور سکھر کےکچے کےعلاقوں سےہوگا۔ دریا میں پانی کی روانی کم ہوتے ہی ڈاکوؤں، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کےخلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آپریشن کےدوران ضرورت پڑنے پر فوج بھی طلب کی جاسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے شکارپورمیں عید کے اجتماع کو خودکش دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کانسٹیبل محمد رفیق کی بیوہ کو پچاس لاکھ روپے امداد اور بیٹے کو پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔