Tag: اٹلی

  • کرونا وائرس سے اٹلی میں بھی خوف و ہراس، اسکول اور عبادت گاہیں بند

    کرونا وائرس سے اٹلی میں بھی خوف و ہراس، اسکول اور عبادت گاہیں بند

    میلان: کرونا وائرس نے اٹلی میں بھی خوف و ہراس پھیلا دیا، مہلک وائرس کی وجہ سے لومباردیا میں اسکول غیر معینہ مدت تک بند کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کے صوبے لومباردیا میں اسکول غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے، ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، سماجی محافل اور جلسے جلوسوں پر بھی پابندی کر دی گئی۔

    عبادت گاہوں میں لوگوں کا جمع ہونا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، صوبے میں صرف سرکاری دفاتر ہی کھلے رہیں گے۔

    تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    خیال رہے کہ قاتل کرونا وائرس نے ایران میں بھی 7 افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ 28 سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے، سینما ہالز پر بھی تالے پڑ گئے، تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے روک دیا۔

    عراق اور ترکی نے ایران کے ساتھ سرحدیں بند کر دیں، عراقی ایئر ویز کا آپریشن بھی معطل کر دیا گیا، پاکستان نے بھی تفتان اور چاغی بارڈر بند کر دیے، ایران سے ملحقہ بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔

    ادھر چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2400 سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ 77 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جنوبی کوریا میں بھی وائرس بے قابو ہو گیا ہے، جہاں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

  • تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    بیجنگ / تہران: ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران میں جامعات اور سینما بند کردیے گئے، شہر کے ضلعی میئر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ چین میں جان لیوا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ایران میں 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات اور سینما ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔

    ایران میں اب تک 18 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں تہران کے 13 ضلعوں کے میئر مجتبیٰ رحمٰن زادہ بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے مزید 96 افراد موت کے گھاٹ اتر گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2 ہزار 458 ہوگئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا وائرس کے مزید 648 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار ہوگئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 968 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    چین کے بعد جنوبی کوریا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اٹلی میں جان لیوا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہوگئی۔ وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اٹلی کے شمالی علاقوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔

  • جعلی افغان شہریت پر اٹلی کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے والا ملزم گرفتار

    جعلی افغان شہریت پر اٹلی کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے والا ملزم گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی افغان شہریت پر اٹلی کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے ایمیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی افغان شہریت پر اٹلی کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

    محمد اسرارخٹک پرواز ای کے 612 پر دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، دوران امیگریشن مسافر کا افغان پاسپورٹ جعلی پایا گیا، تلاشی کے دوران مسافر کے سامان سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اسرار خٹک نے جعلی افغانی دستاویز پر اٹلی میں سیاسی پناہ لے رکھی تھی، ملزم اٹلی کی حکومت کو چکمہ دے کر پاکستان پہنچ گیا تھا، ملزم کو گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، مطلوب ملزم گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کو مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ظفر اقبال پرواز ٹی کے 710 سے استنبول سے اسلام آباد پہنچا تھا، دوران ایمیگریشن ملزم ظفر اقبال کو نام بلیک لسٹ میں ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

  • جب ایتھوپیا کے شہنشاہ کا محافظ اٹلی کے میدان میں‌ ننگے پاؤں دوڑا…

    جب ایتھوپیا کے شہنشاہ کا محافظ اٹلی کے میدان میں‌ ننگے پاؤں دوڑا…

    ابیبے بیکیلا شہنشاہِ ایتھوپیا کا ذاتی محافظ تھا جس نے ننگے پاؤں دوڑ کر ایک فتح کا تاج اپنے سَر پر سجایا اور پہلی بار کھیلوں کے مقابلوں میں اس ملک نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

    یہ 1960 کی بات ہے جب اٹلی کے اولمپک مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ یہ فتح اس لیے بھی نہایت اہم تھی کہ اس ملک نے اٹلی ہی کے تسلط سے آزادی حاصل کی تھی۔ اور ابھی اس آزادی کو صرف بیس برس ہی بیتے تھے۔

    ابیبے بیکیلا نے 42 کلومیٹر کا فاصلہ دو گھنٹے اور پندرہ منٹ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    شاہِ ایتھوپیا کے اس محافظ نے مقابلے میں ننگے پائوں دوڑنا کیوں پسند کیا؟ جواب اسی کی زبانی سنیے۔

    "میں اٹلی کو دکھانا چاہتا تھا کہ ایتھوپیا کے باشندے کتنے مضبوط اور طاقت ور ہیں۔”

    میراتھن ریس کے حوالے سے ایتھوپیا کے باشندے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ اس کی کیا وجہ ہے؟ غربت، پسماندگی، جنگ اور خوں ریز معرکے دیکھنے والے ایتھوپیائی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں ہر شخص مسلسل حرکت میں رہتا ہے۔

    یورپ کو ٹیکنالوجی پر زیادہ بھروسا ہے اور کسی مقابلے کی تیاری کرنے کا ان کا انداز ہم سے بہت مختلف ہے۔ اس کے برعکس ایتھوپیا میں سب کچھ ایک قسم کی دوڑ سے مشروط ہے۔ ہر چھوٹی بڑی چیز کا حصول، کام یابی بھاگ دوڑ سے جڑی ہوئی ہے۔

    ایتھوپیا کے باشندوں کا کہنا ہے کہ بچے اسکول کی جانب دوڑ لگاتے ہوئے نظر آتے ہیں، ان کے لیے پینے اور استعمال کے پانی کا حصول ایک مسئلہ ہے۔ وہ کنویں سے پانی لانے کے لیے بھی دوڑ لگاتے ہیں اور وہ ننگے پاؤں ہوتے ہیں۔

    ابیبے بیکیلا نے اپنے ملک کے لیے کارنامہ انجام دیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ وہاں اس کھلاڑی کو ہمیشہ بہت عزت اور احترام دیا گیا۔

    اٹلی کے ایک میدان میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے ساتھ ننگے پاؤں دوڑ لگاتے ہوئے کام یابی اپنے نام کرنے والے ابیبے بیکیلا نے 1973 میں ہمیشہ کے لیے دنیا چھوڑ دی، مگر ایتھوپیا کی تاریخ میں ان کا نام آج بھی زندہ ہے۔

  • اٹلی کا پاکستان کو آسان شرائط پر ایک ارب 20 کروڑ روپے کا قرض دینے کا اعلان

    اٹلی کا پاکستان کو آسان شرائط پر ایک ارب 20 کروڑ روپے کا قرض دینے کا اعلان

    پشاور : اٹلی نے محکمہ آرکیالوجی کیلئےآسان شرائط پر ایک ارب 20 کروڑ قرض دینےکااعلان کیا ، قرض سے آرکیالوجیکل سائٹس کو محفوظ اورلیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر عاطف خان سے اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹا کارو کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں اٹلی نے محکمہ آرکیالوجی کیلئےآسان شرائط پر ایک ارب 20 کروڑ قرض دینےکااعلان کیا ، قرض سے آرکیالوجیکل سائٹس کو محفوظ اورلیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔

    اٹلی کے سفیر نے کہا آرکیالوجیکل اسپیشل پولیس کو اٹلی کی پولیس تربیت دےگی، پولیس صوبے میں نوادرات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد فراہم کرے گی جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے بھی فنڈز کی یقین دہانی کرائی۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ کےپی میں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے، حکومت سیاحت کو فروغ دینےکےلئےسنجیدہ اقدامات کررہی ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ زلفی بخاری سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر نے خصوصی ملاقات ہوئی تھی، جس میں اٹلی نے پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اٹلی کی معاونت، اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا

    اس موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، اٹلی پاکستان میں سیاحتی منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

    دریں اثنا زلفی بخاری نے کہا تھا کہ سیاحت کا شعبہ وزیر اعظم کے دل کے بہت قریب ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اور بڑے فیصلے کیے ہیں، برانڈ پاکستان کی تشکیل کا کام بھی جلد مکمل ہوجائے گا، سیاحتی ترقی سے ملکی معیشت میں 20ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اٹلی شمالی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیاں بڑھانے کی تیاری شروع کردے، کرتارپورکوریڈور پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہم کڑی ہے، کرتارپور کے اقدام سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آیا۔

  • فلائٹ چھوٹ جانے پر باپ بیٹے نے رن وے پر دوڑ لگادی

    فلائٹ چھوٹ جانے پر باپ بیٹے نے رن وے پر دوڑ لگادی

    روم: اٹلی میں فلائٹ چھوٹ جانے پر باپ بیٹے نے رن وے پر دوڑ لگادی، باپ بیٹے چھٹیاں گزارنے کے لیے اٹلی کے سردینیا آئس لینڈ پہنچے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں فلائٹ چھوٹ جانے پر 65 سالہ انتونیو لوئی اور ان کے بیٹے 40 سالہ ٹونی لوئی نے رن وے پر دوڑ لگادی، ایئرپورٹ پولیس نے باپ بیٹے کو پکڑ کر 2000 یورو کا جرمانہ کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں باپ بیٹے کیگلیاری ایئرپورٹ پر موجود تھے جب انہیں احساس ہوا کہ جیٹ فلائٹ کے لیے یہ آخری کال ہے اور انہیں گھر واپس پہنچنا ہے۔

    انتونیو لوئی اور ان کے بیٹے ٹونی لوئی اٹلی کے آئس لینڈ پر چھٹیاں گزارنے پہنچے تھے، دونوں نے جبری طور پر دروازہ کھول دیا اور روانہ ہوائی جہاز کا پیچھا کرنا شروع کردیا۔

    ایرئپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے الارم بجادئیے اور بعد میں انہیں گولی مارنے کا حکم دیا بعدازاں پولیس نے انہیں حراست میں لے کر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

    ٹونی لوئی کا کہنا تھا کہ ہم عام طور پر پہلی منزل کے کسی گیٹ پر سوار ہوتے ہیں اسی لیے ہم بیٹھے لیکن وہ وہ نیچے سے سوار ہوگئے، میرے کانوں میں ہیڈ فون لگا تھا میں کچھ سن نہ سکا۔

    ٹونی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ میرے لیے مضحکہ خیز اور احمقانہ ہے، میں سوچ رہا تھا کہ ہوائی جہاز کی سیڑھیاں اب بھی کھلی ہوئی ہیں۔

    ٹونی کا مزید کہنا تھا کہ ہم کرمنل نہیں ہیں اور نہ ہی ہم نے کوئی نشہ کیا ہے، ہم پر جو جرمانہ عائد کیا گیا ہے اس کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • چھٹیاں گزارنے کے لیے آپ کس ملک کا انتخاب کرنا چاہیں‌ گے؟

    چھٹیاں گزارنے کے لیے آپ کس ملک کا انتخاب کرنا چاہیں‌ گے؟

    چھٹیاں گزارنے کے لیے زیادہ تر ملکوں کے شہری اہل خانہ کے ہمراہ دوسرے ممالک میں جانا پسند کرتے ہیں تاکہ اس لمحے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے یادگار بنایا جائے اور اس طرح بچے بھی خوش ہوجاتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چھٹیاں گزارنے کے لیے بہترین ممالک کی فہرست میں یورپی ملک اسپین پہلے نمبر پر آگیا ہے، اسپین سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، تفریح کے لیے اسپین وہ ملک جہاں امن و امان دیگر ممالک سے بہتر ہے۔

    ٹاپ ٹین ممالک کی فہرست میں یورپی ملک فرانس، اٹلی اور امریکا بھی شامل ہیں۔

    ٹریول اور ٹورازم کے لیے ورلڈ اکنامک فورم نے 140 خوبصورت جگہوں کی درجہ بندی مرتب کی گئی جس میں اسپین پہلے نمبر آیا ہے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق دنیا بھر کے تمام ملک میں فلائٹ کی موجودگی، روپے کی قدر، اور سفری حفاظت کو مدنظر رکھا گیا ہے، اسپین نے مسلسل تیسری بار پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کے انڈیکس کے مطابق جن شعبوں کو اجاگر کیا گیا ہے ان ممالک کا قدرتی اور ثقافتی وسائل بھی دیکھا گیا ہے۔

    فہرست میں اسپین پہلے، فرانس دوسرے، جرمنی تیسرے، جاپان چوتھے، امریکا پانچویں، برطانیہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، اٹلی آٹھویں، کینیڈا نویں اور سوئٹزرلینڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

    دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے امن و امان کے لحاظ سے خراب ممالک کی فہرست بھی شائع کی گئی ہے جن میں یمن خانہ جنگی کی وجہ سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی فورسز اور حوثی باغیوں کی جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد حوثی باغی ہلاک ہوچکے ہیں اور باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد بار حملے بھی کیے جاچکے ہیں جنہیں عرب اتحاد کی جانب سے ناکام بنادیا جاتا ہے۔

  • اٹلی میں ساحلی ریت لینے پر فرانسیسی جوڑا گرفتار

    اٹلی میں ساحلی ریت لینے پر فرانسیسی جوڑا گرفتار

    روم : اٹلی کے ایک جزیرے میں چھٹیاں منانے کے لیے جانے والے ایک فرانسیسی جوڑے کو پولیس نے محض اس لیے گرفتار کرلیا کہ وہ ساحل سمندر سے ریت لے کر جا رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں واقع بحریرہ روم کے دوسرے بڑے جزیرے کا درجہ رکھنے والے ’سارادینا‘ کے ایک ساحل پر چھٹیاں منانے والے جوڑے کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا جب پولیس نے ان کی گاڑی میں ریت سے بھری 14 بوتلیں پکڑیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جوڑا سارادینا کے سفید ریت کی دولت سے مالا مال جزیرے سے پلاسٹک کی 14 بوتلوں کے ذریعے ریت کو چوری کرکے منتقل کر رہا تھا کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

    حکام کوجزیرے کی پیٹرولنگ کے دوران ساحل سے ریت کی چوری کے نشانات ملے، جس کے بعد پولیس نے وہاں آئے ہوئے سیاحوں کی گاڑیاں چیک کیں،پولیس کو چھٹیاں منانے کے لیے آنے والے ایک فرانسیسی جوڑے کی گاڑی میں ریت سے بھری 14 بوتلیں ملیں، جن میں جوڑا مجموعی طور پر 40 کلو ریت لے جا رہا تھا۔

    پولیس نے جوڑے کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا، جہاں ان کے خلاف ’ریت کی اسمگلنگ‘ کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

    جوڑے کے خلاف 2017 میں کے ریت چوری کے آئین کے مطابق مقدمہ چلایا جا رہا ہے، جس کے تحت انہیں 3 ہزار امریکی ڈالر اور 6 سال تک جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

    گرفتاری کے بعد جوڑے نے پولیس اور عدالت کو بتایا کہ انہیں علم نہیں تھا کہ وہ ریت کو لے جا کر کوئی جرم کر رہے ہیں تاہم پولیس کے مطابق اگر انہیں علم نہیں تھا تو بھی انتظامیہ نے ساحل پر جگہ جگہ بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں کہ ریت سمیت کسی بھی معدنیات کو لے جانا قانونا جرم ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس جزیرے پر کئی سال سے ریت اور مٹی سمیت دیگر معدنیات کی منتقلی یا اسمگلنگ قانونا ًجرم ہے اور 2017 کے قانون کے مطابق ایسا کرنے والے کو 3 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ اور 6 سال قید یا پھر دونوں سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سارادینا جزیرے پر آنے والے سیاح کئی سال سے یہاں سے ریت اور مٹی لے جاتے رہے ہیں، جس وجہ سے اس خوبصورت ساحل کو شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حکام کا کہنا تھاکہ عام طور پر یہاں آنے والے سیاح 20 سے 40 کلو ریت یا مٹی لے جاتے ہیں اور اگر اسی حساب سے یہاں آنے والے لاکھوں سیاح ریت لے جاتے رہے تو یہاں ایک دن کچھ بھی نہیں بچے گا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عام طور پر سیاح یہاں سے یادگار یا تحفے کے طور پر ریت لے جاتے ہیں، تاہم حکام کے مطابق وہ اس ریت کو آن لائن ویب فروخت کرتے ہیں۔

    حکام نے دعویٰ کیا کہ چوں کہ سارا دینا میں سونے اور چاندی کی معدنیات بہت ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ ریت میں سونے اور چاندی کے ذرات شامل ہوتے ہیں، اس لیے یہاں کے ریت کی مانگ زیادہ ہے۔

  • اٹلی میں آتش فشاں پھٹنے سے سیاح خوفزدہ، سمندر میں چھلانگ لگادی

    اٹلی میں آتش فشاں پھٹنے سے سیاح خوفزدہ، سمندر میں چھلانگ لگادی

    روم : آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ آسمان پر ایک بڑا سیاہ رنگ کا بادل نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جس سے ہمیں آتش فشاں پھٹنے کا اندازہ ہو گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے جزیرے اسٹروم بولی میں آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا جس کے باعث سیاحت کے لئے آئے لوگوں نے ڈر کر قریبی سمندر میں چھلانگ لگا دی، آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے وقت اس جزیرے پر موجود لوگوں نے آسمان پر ابھرتے ہوئے سیاہ بادلوں اور اڑتی ہوئی چنگاریوں کو دیکھا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جزیرے پر موجود اس واقعے کے عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہم لوگ دن کا کھانا کھا رہے تھے کہ اچانک ہم نے دیکھا کہ تمام لوگ ایک رخ کی جانب گردن گھما کر دیکھ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آسمان پر ایک بڑا سیاہ رنگ کا بادل نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جس سے مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ آتش فشاں پہاڑ پھٹ چکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتش فشاں پھٹنے کے باعث ایک جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شخص آتش فشاں کی جانب بڑھ رہا کہ پھتروں سے ٹکرانے کے باعث ہلاک ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے جزیرے پر موجود تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، اسٹروم بولی بحیرہ روم میں واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جو سیاحت کے لئے دنیا بھر میں مقبول ہے۔

  • پانیوں کے شہر وینس میں نصب کیے جانے والے انوکھے مجسمے

    پانیوں کے شہر وینس میں نصب کیے جانے والے انوکھے مجسمے

    روم: اٹلی کے خوبصورت ترین پانیوں کے شہر وینس میں دیو قامت ہاتھوں کے خوبصورت مجسمے نہر پر نصب کردیے گئے۔

    وینس کی آرسینل نہر پر نصب کیے جانے والے یہ ہاتھ مجسمہ سازی کی انوکھی جہت ہیں۔ 6 ہاتھوں کے یہ جوڑے باہم ایک دوسرے میں پیوست ہیں اور سیاحوں اور مقامی افراد کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔

    اسے بنانے والا مجسمہ ساز لورینزو کوئن ہے، یہ وہی مجسمہ ساز ہے جس نے 2 سال قبل گرینڈ کنال پر بھی دیو قامت ہاتھ نصب کیے تھے۔

    اس وقت ان ہاتھوں کو بنانے کا مقصد کلائمٹ چینج کی طرف توجہ دلانا تھا۔ جس مقام پر یہ ہاتھ نصب کیے گئے تھے وہاں 14 ویں صدی کا ایک تاریخی ہوٹل موجود تھا اور کوئن کا کہنا تھا کہ یہ ہاتھ دراصل علامتی طور اس ہوٹل کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اب ان ہاتھوں کو بنانے کا مقصد محبت، یکجہتی اور دوستی کا پیغام دینا ہے۔

    50 فٹ اونچے اور 65 فٹ چوڑے ان ہاتھوں کو وینس کی آرسینل نہر پر نصب کیا گیا ہے۔ کوئن کا کہنا ہے کہ 6 ہاتھوں کے جوڑے ذہانت، امید، مدد، یقین، دوستی اور محبت کی علامت ہیں۔

    کوئن کہتا ہے کہ ذاتی طور پر اسے ہاتھوں کے مجسمے بنانا بہت پسند ہے، ’کیونکہ اشاروں کی زبان عالمی زبان ہے، اور ہم اطالوی ویسے بھی اپنے ہاتھوں سے گفتگو کرتے ہیں‘۔