Tag: اٹلی

  • اٹلی میں ٹینس کی گیند جتنے اولوں کی بارش ،  110 افراد زخمی

    اٹلی میں ٹینس کی گیند جتنے اولوں کی بارش ، 110 افراد زخمی

    میلان : اٹلی میں موسم گرما میں ٹینس بال کے برابر اولے پڑنے لگے، جس نے سب کو حیران کردیا ، اولے پڑنے سے 110 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں موسمیاتی تبدیلی نے سب کو حیران کردیا، کالے بادلے چھائے، بجلی کڑکی اور تیز ہواوں کیساتھ بارش ہوئی اور ساتھ ہی اولے بھی برسے ، جس کے باعث گلیاں برفیلے پانی کی ندیاں بن گئیں۔

    اٹلی کے مَنٹووا اور میلان میں طوفانی بارش کے بعد شدید ژالہ باری ہوئی، جس میں ٹینس بال کے برابر بھی اولے پڑے ہیں۔ جس کے باعث ایک سو دس افراد زخمی ہوئے۔

    کہیں گیند نما توکہیں آسمان سے برستے چھوٹے چھوٹے اولےموتیوں کی طرح بکھر گئے۔

    دس سینٹی میٹر قطر تک کے اولے پڑنے سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، موسم کی خراب صورتحال کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    شہر میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے تاکہ مدد کا کام تیز کیا جاسکے جبکہ حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے،

    ژالہ باری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوگئے اور متعدد افراد نے اولوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں.

    خیال رہے کہ اس وقت یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ، اسپین اور یونان میں ہیٹ ویو کا راج ہے جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں 41 درجے سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

  • اٹلی شدید گرمی سے بلبلا اٹھا، ہیٹ ویو الرٹ جاری

    اٹلی شدید گرمی سے بلبلا اٹھا، ہیٹ ویو الرٹ جاری

    دنیا کے مختلف ممالک اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے دوچار ہیں،کئی ممالک کو اس وقت شدید بارش اور سیلاب کا سامنا ہے تو دوسری جانب شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صحرائے صحارا سے آنے والے اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر  دیکھنے میں آئی جس نے سیاحوں کو  بےحال کردیا۔

    اٹلی میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جس کے  پیش نظر  محمکہ موسمیات نے اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

    اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی میں کام کرنے والا ایک شخص ہلاک ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ  اٹلی کے دو بڑے جزیروں سسلی اور سارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب چین کے شہر شنگھائی میں بھی ریکارڈ توڑ گرمی ہے، محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کر دیا، پارہ رواں سال پہلی بار 37 ڈگری تک چلا گیا۔

    خیال رہے ایک طرف دنیا کے مختلف ممالک میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے اب یورپ کے شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں رواں ماہ جولائی کا پہلا ہفتہ دنیا بھر میں ریکارڈ تاریخ میں گرم ترین ہفتہ قرار دیا گیا ہے۔

    موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان، بھارت، جاپان، اسپین سمیت امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی، کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ کو بھی شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم موسم شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔

  • پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد کے قتل کا اشتہاری ملزم اٹلی سے گرفتار

    پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد کے قتل کا اشتہاری ملزم اٹلی سے گرفتار

    لاہور: پنجاب پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد کے قتل کے اشتہاری ملزم کو اٹلی سے گرفتار کرلیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد کے قتل کے اشتہاری ملزم کو اٹلی سے گرفتار کرلیا گیا، 10سال سے مفرور محمد ارشد شناخت چھپا کر مختلف ممالک میں روپوش رہا۔

    اسپیشل آپریشن سیل، سی آئی اے نے اشتہاری کو اٹلی میں ٹریس کر کے اکتوبر میں گرفتار کیا، انٹرپول کی مدد سے قانونی تقاضے پورے کر کے پنجاب پولیس ٹیم ملزم کو لیکر پاکستان پہنچ گئی۔

    خیال رہے اشتہاری محمد ارشد نے 2013 میں پولیس حراست میں  اپنے مخالف شہاب دین کو قتل کیا تھا، ملزم سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • خاتون نے 900 روپے کے عوض خوبصورت ترین شہر میں 3 مکانات خرید لیے

    خاتون نے 900 روپے کے عوض خوبصورت ترین شہر میں 3 مکانات خرید لیے

    امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اٹلی میں صرف 931 روپے میں تین شاندار مکان خرید لیے۔

    اٹلی کافی عرصے سے اپنے پرانے قصبوں کے متروک مکانات کوڑیوں کے دام فروخت کر رہا ہے، اس کا مقصد ان قصبوں میں پھر سے رونقیں بحال کرنا ہے۔

    ان مکانات کو خریدنے والے اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ وہ ان کی تزئین و آرائش کریں گے جس کے خاصے اخراجات ہیں تقریباً 24 ہزار ڈالر (67 لاکھ پاکستانی روپے)، اور پھر ان میں رہائش اختیار کریں یا کاروباری سرگرمیاں شروع کریں گے۔

    اب امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے وہاں پر 3 مکانات نہایت معمولی قیمت پر خریدے ہیں۔

    ربیعہ ڈینیلز نامی ان خاتون کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے انٹرنیٹ پر ان مکانات کی فروخت کا اشتہار دیکھا تو انہوں نے یہاں سرمایہ کاری کا سوچا۔

    ان کے مطابق انہیں 3 دن لگے حتمی فیصلہ کرنے، ٹکٹ بک کرنے اور پھر روم کی فلائٹ لینے میں، انہوں نے صرف 3.30 ڈالرز یعنی 931 پاکستانی روپے میں یہ مکانات خریدے ہیں۔

    ان کے خریدے گئے مکانات جزیرہ سسلی کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے میں ہیں اور اس قصبے کی آبادی 10 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

    ربیعہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک گھر میں آرٹ گیلری قائم کریں گی جبکہ دوسرے میں ویل نیس سینٹر بنائیں گی۔

  • بے نظیر پروگرام: اٹلی 50 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

    بے نظیر پروگرام: اٹلی 50 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

    اسلام آباد: پاکستان، بے نظیر نشونما پروگرام کے لیے اٹلی سے 50 کروڑ ڈالر کی امداد وصول کرے گا، رقم شیر خوار بچوں اور ماؤں کی صحت اور غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان 50 کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے، اٹلی پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

    وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان میں بے نظیر نشونما پروگرام کے لیے خرچ کی جائے گی۔

    وزارت کے مطابق اٹلی 2 سال سے کم عمر 16 ہزار بچوں کے لیے غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرے گا، رقم سے بلوچستان میں 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں کے لیے صحت کا پروگرام بھی شروع ہوگا۔

  • اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا

    اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا

    روم: اطالوی کوسٹ گارڈ نے فلمی انداز میں 1000 سے زائد تارکین کو ریسکیو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈ نے تارکینِ وطن کو بچانے کے لیے سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے فلمی انداز میں ایک ہزار سے زائد تارکین کو بچا لیا۔

    اطالوی کوسٹ گارڈ نے کلابریا کے علاقے میں کشتیوں میں سوار سیکڑوں پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے متعدد امدادی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اٹلی کے ساحل پر اب بھی 1300 افراد خطرے میں ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا آغاز اٹلی کے پناہ گزینوں کی سمندری بچاؤ کی صلاحیتوں کی جانچ پڑتال کرنا ہے۔ دو ہفتے قبل ہی اٹلی کے ساحل پر ایک کشتی تباہ ہونے کی وجہ سے کم از کم 73 افراد ڈوب کر مر گئے تھے، کشتی میں پاکستانی تارکین وطن بھی سوار تھے۔

    کوسٹ گارڈ نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ بچاؤ کی کارروائیاں بہت پیچیدہ ہیں کیوں کہ جن کشتیوں پر بڑی تعداد میں لوگ سوار وہ سمندر میں ادھر ادھر بہتی جا رہی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کوسٹ گارڈ کے جہاز ایک کشتی پر سوار 500 افراد کو بچانے کے لیے روانہ کیے گئے تھے، کلابریا سے تقریباً 160 کلومیٹر دور مشکل میں گرفتار دو مزید کشتیوں پر 800 افراد کو بچانے کے لیے بھی دیگر جہاز بھیجے گئے تھے۔ اس وقت مجموعی طور پر تین کشتیوں پر سوار تارکین وطن کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    اطالوی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بحریہ کی پٹرول بوٹ سے اضافی مدد طلب کر لی ہے، وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ فوجی جہاز مطلوبہ امداد کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔

  • پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    اسلام آباد: اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 16 کو بچا لیا گیا ہے اور 4 لا پتا ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ لا پتا پاکستانیوں کی معلومات جلد مل جائیں گی، کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے ایک سینئر اہل کار نے ملاقات کی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔

    ادھر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لا پتا پاکستانیوں سے متعلق قریبی رابطے میں ہے۔

    اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی شامل تھے، اور ملنے والی جن لاشوں کی شناخت ہوئی تھی ان میں 28 پاکستانی بھی تھے۔

    رپورٹس کے مطابق ترکی سے روانہ ہوئی کشتی میں 200 افراد سوار تھے، کشتی اس وقت تباہ ہوئی جب اس نے اٹلی کے جنوبی علاقے کروٹون میں لنگر انداز ہونے کی کوشش کی۔

  • اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    اٹلی: اطالوی ساحل کے قریب کشتی تباہ ہونے سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، سمندر سے 140 افرد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جن میں سے 28 پاکستانیوں کی بھی شناخت ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی ساحلی شہر کروٹون کے جنوبی علاقے کیلابریا میں غیر قانونی تارکین وطن اور مہاجرین کو لے جانے والی ایک کشتی تباہ ہو کر ڈوبنے سے بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق یہ کشتی کئی روز قبل ترکی سے افغانستان، ایران، پاکستان اور کئی دیگر ممالک کے تارکین وطن کے ساتھ روانہ ہوئی تھی اور اتوار کو طوفانی موسم میں کیلابریا کے مشرقی ساحل پر واقع ایک ساحلی تفریحی مقام کے قریب ٹوٹ کر تباہ ہو گئی۔

    حادثے میں 100 کے قریب لوگوں کو بچا لیا گیا ہے، جب کہ 140 لاشیں نکال لی گئی ہیں، کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی بھی شامل تھے، لاشوں میں 28 پاکستانیوں کی شناخت ہو چکی ہے۔

  • ’بچنا اے حسینو‘ کے گانے پر اٹلی میں اُسی مقام پر بھارتی سیاح کا ڈانس وائرل

    ’بچنا اے حسینو‘ کے گانے پر اٹلی میں اُسی مقام پر بھارتی سیاح کا ڈانس وائرل

    روم: اٹلی کے شہر روم کی سڑک پر بھارتی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کے مشہور گانے ’اسمال ٹاؤن گرل‘ پر عین اُسی مقام پر ایک بھارتی سیاح کا ڈانس وائرل ہو گیا ہے، جہاں یہ گانا شوٹ کیا گیا تھا۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رنبیر کپور اور بپاشا باسو کی 2008 کی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کے مشہور گانے ’اسمال ٹاؤن گرل‘ کو دو بھارتی سیاحوں نے پھر سے ’شوٹ‘ کیا۔

    ویڈیو میں دونوں دیسی سیاح رنبیر کپور کا گانا گاتے دکھائی دیتے ہیں، مانو شرما اور سورو گارگ جب روم پہنچے تو انھیں مذکورہ گانے کو بالکل اسی مقام پر ’ری میک‘ کرنے کا خیال آیا جس پر اس گانے کی شوٹنگ کی گئی تھی۔

    دیسی جوڑی نے گانے کے ابتدائی مکالمے بھی پھر سے بنائے، اصل گانے میں بپاشا نے رنبیر کو سڑک کے بیچوں بیچ رقص کرنے کی فرمائش کی تھی، وائرل ویڈیو میں بپاشا کا کردار مانو شرما نے ادا کیا، اور سورو گارگ نے رنبیر کے اسٹیپس کی ہو بہو نقل اتاری۔

    انھوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’آپ کس کا انتخاب کریں گے، 20 رکنی عملے کے ساتھ رنبیر کپور اور بپاشا باسو یا 2 نیند سے محروم ہندوستانی جو روم میں وقت گزاری کا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں۔‘‘

    یہ ویڈیو کلپ اتنی وائرل ہوئی کہ اب تک لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے۔ لوگوں کو یہ بات بہت پسند آئی کہ ویڈیو دیسی بوائز نے اصل گانے میں استعمال ہونے والے کیمرہ اینگل کو بھی فالو کرنے کی کوشش کی۔

  • دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    دیوار سے نکلنے والا درخت جو الٹا لٹک رہا ہے

    روم: اٹلی میں ایک عمارت کی محراب کے اندر ایک درخت موجود ہے جو الٹا زمین کی طرف لٹک رہا ہے، اس پر کبھی کبھار انجیر کا پھل بھی اگ آتا ہے۔

    بایائے نامی آثارِ قدیمہ میں ایک قدیم محراب بنی ہے جو رومیوں کے عہد میں تعمیر کی گئی تھی، اس غار نما محراب کی چھت کے عین درمیان میں انجیر کا یہ درخت لگا ہوا ہے اور اب بھی بڑھ رہا ہے۔

    ماہرین ہوں یا عام افراد کوئی بھی یہ بتانے سے قاصر ہے کہ یہ درخت آخر کس نے اگایا یا کس طرح نمو سے گزر رہا ہے؟ تاہم اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ یہ شجر مضبوط ہورہا ہے اور کبھی کبھار اس پر انجیر بھی اگ آتی ہے۔

    بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اینٹ گارہ بنانے کے دوران انجیر کا بیج بھی پلستر میں مل کر محراب کا حصہ بن گیا اور مناسب ماحول کی وجہ سے اگ آیا تھا۔

    واضح رہے کہ یہ انجیر کی قدیم ترین قسم بھی ہے جو دنیا میں کئی مقامات پر ملتا ہے۔ 9 ہزار 400 قبل مسیح میں اردن کی وادی میں بھی اسی قسم کی انجیر اگتی تھی جس کے رکاز (فاسل) بھی ملے ہیں۔

    انجیر کے یہ درخت خشک اور دھوپ والے مقامات پر افزائش پاتے ہیں اور پانی کی معمولی مقدار ہی ان کے لیے کافی ہوتی ہے، تاہم الٹے درخت کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں جو بلاشبہ ایک نباتاتی عجوبہ ہے۔