اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ منتقلی کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کےوکیل نعیم حیدرپنجوتھا کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ، جس میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ممبران کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے اور ذاتی معالج، خاندان کےافراد اور پارٹی کے سینئر قائدین سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔
گذشتہ روز تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اسلام آباد پولیس کے بجائے پنجاب پولیس کے ہاتھوں گرفتاری پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے اڈیالہ کے بجائے اٹک جیل منتقلی پر احتجاج کیا۔
شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت ہونےوالے اجلاس میں شرکا نے کہا تھا گرفتاری کےبعدچیئرمین کی کچھ خبر نہیں ہے، حکومت وکلا کو سابق وزیراعظم تک رسائی دینے سے انکاری ہے، ان کے میڈیکل سے بھی کچھ معلومات نہیں ہیں۔
یاد رہے ہفتے کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد انھیں اٹک جیل منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بے ایمانی اور بد عنوانی کا مرتکب قرار دیا، اور انھیں تین سال کی قید اور لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جب کہ پانچ سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا۔