Tag: اٹک میں مقدمہ درج

  • چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف اٹک میں مقدمہ درج

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف اٹک میں مقدمہ درج

    اٹک : چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا شیرافضل مروت اور عمیر خان نیازی کیخلاف اٹک میں مقدمہ درج کرلیا گیا، دونوں وکلانے اہلکار کی وردی پھاڑی اور حملہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ تھانہ سٹی اٹک میں ڈپٹی جیل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمےمیں وکیل شیر افضل مروت اور عمیر خان نیازی کو نامزد کیا ہے ، مقدمہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دونوں وکلا نے اہلکار کی وردی پھاڑی حملہ کیا، گزشتہ رات 8 بجکر 40 منٹ پر بذریعہ کنٹرول روم اطلاع ملی۔

    متن میں کہنا تھا کہ عمیر خان نیازی اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر وصول کرانے آئے ہیں، اس دوران شیر افضل مروت بھی پولیس پیکٹ پر پہنچے، دونوں کو ملاقات ختم ہونے کا بتایا تو مجھ پر حملہ آور ہو گئے۔

    منشی ابرار خان پر حملہ کیا گیا، دونوں وکلاچیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے اور وکالت ناموں پر دستخط بھی کرنا چاہتے تھے، وکلاکو بتایا بھی گیا کہ اب جیل لاک اپ ہو چکی ہے، اب کسی اسیر سے ملاقات نہیں کرائی جا سکتی لیکن منشی کی سرکاری یونیفارم پھاڑ کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی۔

  • اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

    اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

    اٹک: فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، نیا مقدمہ اٹک کے تھانہ نیو ایئر پورٹ میں درج کیا گیا ہے۔

    شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں درج اس مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، قاسم سوری، شیخ رشید اور دیگر نامزد کیے گئے ہیں۔

    اس سے قبل شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

    عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج

    ادھر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف ایک اور درخواست سامنے آ گئی ہے، تھانہ مارگلہ پولیس کو شیخ رشید کے خلاف درخواست دے دی گئی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی درخواست میں نامزد کیے گئے ہیں، درخواست گزار نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ والے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، اس لیے سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی ایم این اے راشد شفیق کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتاری کے بعد انھیں فیصل آباد منتقل کیا گیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا ہے کہ اگر ثبوت موجود ہوئے تو عمران خان اور شیخ رشید کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔