Tag: اٹک

  • اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے تھانے کی عمارت منہدم، 5 اہلکار زخمی

    اٹک میں آسمانی بجلی گرنے سے تھانے کی عمارت منہدم، 5 اہلکار زخمی

    اٹک: پنجاب کے شہر اٹک میں ایک پولیس تھانے کی عمارت اس وقت اچانک منہدم ہو گئی جب اس پر تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گری۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ اٹک خورد کی عمارت آسمانی بجلی گرنے سے گر گئی، تھانے کی عمارت کے ملبے دبنے سے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی تھی، عمارت گرتے ہی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔ معلوم ہوا کہ تھانے کی عمارت بوسیدہ تھی۔

  • گھریلو جھگڑا،  دو بیٹوں نے ماں کے ساتھ مل کر والد کو قتل کردیا

    گھریلو جھگڑا، دو بیٹوں نے ماں کے ساتھ مل کر والد کو قتل کردیا

    اٹک : گھریلو جھگڑے کے دوران دو بیٹوں نے ماں کےساتھ مل کر والد کو قتل کردیا، پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، فتح جنگ تاجہ بارہ میں گھریلو جھگڑے کے دوران بیٹوں نے ماں کے ساتھ مل کر والد پر سفاکانہ تشدد کیا، تشدد سے والد چل بسا۔

    دونوں بیٹے اور ماں جائے وقوع سے فرار ہوگئے تاہم مقتول امیرگل کی لاش قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی، جلد گرفتار کرلیں گے۔

  • اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

    اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

    اٹک: فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، نیا مقدمہ اٹک کے تھانہ نیو ایئر پورٹ میں درج کیا گیا ہے۔

    شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں درج اس مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، قاسم سوری، شیخ رشید اور دیگر نامزد کیے گئے ہیں۔

    اس سے قبل شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

    عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج

    ادھر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف ایک اور درخواست سامنے آ گئی ہے، تھانہ مارگلہ پولیس کو شیخ رشید کے خلاف درخواست دے دی گئی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی درخواست میں نامزد کیے گئے ہیں، درخواست گزار نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ والے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، اس لیے سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی ایم این اے راشد شفیق کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتاری کے بعد انھیں فیصل آباد منتقل کیا گیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا ہے کہ اگر ثبوت موجود ہوئے تو عمران خان اور شیخ رشید کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

  • شادی کی تقریب کے دوران گیس لیکج سے دھماکا ،  9 افراد زخمی

    شادی کی تقریب کے دوران گیس لیکج سے دھماکا ، 9 افراد زخمی

    اٹک : شادی کی تقریب کے دوران گیس لیکج کے دھماکے کے نتیجے میں چھ خواتین سمیت کم از کم نو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر اٹک کی فاروق اعظم کالونی میں ہولناک واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران گیس لیکج سے دھماکا ہوگیا۔

    گیس لیکج کے دھماکے کے نتیجے میں 6 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں راولپنڈی منتقل کر دیاگیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد گھرمیں آگ لگ گئی جبکہ قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

    اس سے قبل جمعہ کو راولپنڈی میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں ایک خاتون اپنے دو کمسن بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئی تھی۔

    واقعہ راولپنڈی کے علاقے مظہر آباد میں گیس لیکیج کے باعث پیش آیا، جہاں دھماکے کی شدت سے مکان ملبے کا ڈھیر بن گیا۔

  • کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا: وزیر اعظم

    کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا: وزیر اعظم

    اٹک: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا ہے، غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ضلع اٹک کی تحریک انصاف قیادت سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جب آئی تو مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاشی خسارے کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری مشکل تھی، ہمارا انحصار درآمدات پر ہے، باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی بڑھتی ہیں۔ محنت کر کے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے 1 ارب ڈالر پر لے آئے، اس کے بعد وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، کامیاب پالیسیوں کی بدولت کرونا وائرس کا مقابلہ کیا اور چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب رہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پذیرائی کی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا پنجاب میں آغاز کر رہے ہیں، صحت کارڈ سے غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ احساس سبسڈی پروگرام میں آٹا، دالوں، گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی۔ کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے بغیر سود قرضے فراہم کرے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکہ مستحق پروگرام سے باہر نہ رہ جائیں، کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ ہر سطح پر تمام پروگرامز کا فائدہ اپنے اپنے علاقوں میں غربا تک پہنچائیں، ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ مقامی سطح کی قیادت متحرک ہو کر مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم عمران خان آج اٹک میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بستر کے اسپتال پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج اٹک کا ایک روزہ دورہ کریں گے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،صوبائی وزیریاورعباس بخاری بھی عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان اٹک میں مدر اینڈ کیئر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 300 بیڈز پر مشتمل اسپتال کی تعمیر پر 6ارب لاگت آئے گی ، جس کی افتتاحی تقریب کامسیٹ یونیورسٹی میں ہوگی۔

    مدراینڈچائلڈاسپتال اٹک سمیت پنجاب بھر میں 5بڑے اسپتال بن رہےہیں ، اٹک کےاسپتال میں320 ملازمین کیلئے رہائشی مکان اورہاسٹل بھی ہوگا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،اس ضمن میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں۔

  • اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری

    اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب اور بلوچستان کے شہروں اٹک اور لورا لائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کردیے گئے، وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ہر کنویں کی دریافت کے علاقے میں سالانہ 30 ہزار ڈالر فلاحی کاموں پر خرچ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لائسنس کی اجرا کی تقریب ہوئی، تقریب میں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2 کنوؤں کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کر دیے گئے۔ اٹک اور لورالائی میں تیل اور گیس کی دریافت کے لیے لائسنس جاری کیے گئے۔

    وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہر کنویں کی دریافت کے علاقے میں سالانہ 30 ہزار ڈالر فلاحی کام پر خرچ ہوں گے، ذخائر کی دریافت میں کامیابی کی صورت میں قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی معدنی وسائل کی دریافت کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، اگلے چند ماہ میں آف شور ایکسپلوریشن لائسنسز کا اجرا بھی کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گیس کی درآمد کے لیے نئے ٹرمینلز پر کام کر رہی ہے، مقامی گیس کی دریافت پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    اٹک: معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کھیل کے میدان میں بھی متحرک ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک امین اسلم نے اپنے انتخابی حلقے میں کھیل کے نئے میدان بنانا شروع کر دیے، انھوں نے ضلع اٹک میں 10 نئے کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ملک امین اسلم نے آج تحصیل حضرو کے علاقے چیچیاں میں کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کرکٹ گراؤنڈز کلین گرین پاکستان ویژن کے تحت بنائے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور میچ بھی دیکھا، انھوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو بہت جلد دورہ اٹک کی بھی دعوت دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

    واضح رہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا حکومت نے بھی ایک سال قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 40 کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دی تھی، منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈز پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر 2 کروڑ کی منظوری دی گئی تھی۔

  • وزیر اعظم آج حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم آج حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں گے

    اٹک: وزیر اعظم عمران خان آج حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج اٹک کا دورہ کریں گے جہاں وہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن اور سکھ یاتریوں کے لیے تیار کی جانے والی ٹرین کا افتتاح کریں گے۔

    افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران شرکا سے خطاب بھی کریں گے، ان کے ہمراہ وزیر ریلوے شیخ رشید بھی تقریب میں شریک ہوں گے، وزیر اعظم دورہ اٹک کے بعد سوات جائیں گے۔

    سوات میں وزیر اعظم سیدو شریف اسپتال کے نئے بلاک کا افتتاح کریں گے، وزیر اعظم صحت سہولت کارڈ کی تقسیم کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور ایک اجتماع سے خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم  سوات میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، بڑے پیکیج کا اعلان متوقع

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں تاریخ کے سب سے بڑے صحت پروگرام کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں ہر شہری کے لیے صحت کارڈ پلس کی سہولت کا اجراہوگا، شہریوں کو قومی شناختی کارڈ پر صحت کارڈ پلس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر شناختی کارڈ پر مستقل پتا خیبر پختون خوا کا ہے تو شہریوں کو علاج معالجے کے لیے پیسوں کی بالکل فکر نہیں کرنی چاہیے، ایسے شہری کے پی حکومت کے صحت کارڈ پلس کے ذریعے صحت کی مفت سہولیات کے حق دار ہوں گے۔