Tag: اٹک

  • اٹک: ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر، 6 جاں بحق، 11 شدید زخمی

    اٹک: ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر، 6 جاں بحق، 11 شدید زخمی

    اٹک: فتح جنگ روڈ قطبال ٹول پلازہ کے قریب ڈمپر اور وین میں خوف ناک ٹکر کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 11 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطبال ٹول پلازہ کے قریب حادثہ ڈمپر اور ہائی ایس کے درمیان تصادم کی صورت میں پیش آیا، ڈمپر ڈرائیور کی غفلت اور غلط کراسنگ کی وجہ سے ڈمپر سامنے سے آنے والی ہائی ایس پر چڑھ دوڑا، جس سے 6 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی، طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل اسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق پنڈی گھیب سے ہے، ہائی ایس بھی راولپنڈی سے پنڈی گھیب جا رہی تھی۔

    جھل مگسی میں باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، 16 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے، جاں بحق افراد میں دولھے کے 2 بھائی بھی شامل تھے۔ لیویز ذرایع کے مطابق باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔

    31 جنوری کو گوجر خان جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 3 سگے بھائی بھی شامل تھے۔ تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرانے حادثہ پیش آیا تھا۔

  • 11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی

    11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی

    اٹک: 11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوا کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، گیارہ سال کے بچے عمیر علی کو اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق عدالت نے میاں بیوی سمیت 7 ملزمان کو 2،2 بار عمر قید کی سزا کا حکم سنایا، ملزمان کی تمام جائیدادیں بھی بہ حق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں ملزمان نے مرزا گاؤں سے 11 سالہ بچے عمیر علی کو اغوا کیا تھا، بچے کے اہل خانہ نے 8 لاکھ روپے تاوان بھی ادا کر دیا تھا، تاہم پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے ملزمان کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، ملزمان سے تاوان کے 8 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے تھے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے بچے کی بازیابی کے لیے سی آئی اے، آئی ٹی لیب ٹیم اور ایلیٹ فورس پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے کام یاب کارروائی کرتے ہوئے بچے کو اغوا کاروں کے چنگل سے جلد اور بہ حفاظت بازیاب کرا لیا۔

    بچے کے اغوا کی واردات کی رپورٹ مرزا گاؤں کے تھانے میں بچے کے والد فرخ سلطان کی مدعیت میں درج کرائی گئی تھی۔

  • اٹک میں درندہ صفت ملزم نے 7 سالہ بچے کو بدفعلی کے بعد قتل کردیا

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں درندہ صفت ملزم نے 7 سالہ بچے کو بدفعلی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں درندہ صفت ملزم نے سات سالہ بچے کو بدفعلی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا، پولیس نے ملزم گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالحئی نے اقبال جرم کرلیا، فتح جنگ کا ننھا حذیفہ والد کے پیچھے نماز مغرب کی ادائیگی کے لیے گھر سے نکلا تھا جس کو ملزم نے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا۔

    ملزم نے جرم چھپانے کے لیے سات سالہ حذیفہ کی لاش کنوئیں میں پھینک دی تھی۔

    مزید پڑھیں: لاہور: کمسن بچے سے زیادتی/قتل کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    ڈی پی او اٹک کا کہنا ہے کہ ایسے درندوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ملزم کو اس کی درندگی کی سخت سزا دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اٹک کے علاقے فورملی میں مدرسے کے استاد نے اپنے 10 سالہ شاگرد کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے قاری کو گرفتار کرلیا تھا۔

    بچے کی حالت دیکھ کر جب والدہ اس کو اسپتال لے کر گئیں تو ڈاکٹر نے ٹیسٹ کرنے کے بعد بچے کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی تھی۔

    پولیس نے میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر قاری تنویر کو گرفتار کرکے بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں زیادتی، غیرفطری، جنسی تعلق اور اغوا برائے بدفعلی کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

  • کوہاٹ روڈ پروین اورکارمیں تصادم،4 افراد جاں بحق

    کوہاٹ روڈ پروین اورکارمیں تصادم،4 افراد جاں بحق

    اٹک: صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے کوہاٹ روڈ پر وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 7 افراد زخمی ہوئے جنہیں ٹی ایچ کیو اسپتال فتح جنگ منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    صادق آباد میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    پولیس حکام کے مطابق مسافروین کوہاٹ سے راولپنڈی جا رہی تھی، وین اوورٹیک کرنے کی کوشش میں سامنے سے آنے والی کارسے ٹکرائی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کوٹ سبزل چیک پوسٹ کے قریب گاڑی اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    گوجرانوالہ میں بس حادثہ ‘ 1 شخص جاں بحق ‘ 15 زخمی

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیزرفتار بس فٹ پاتھ سے ٹکرا کرالٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق بس جڑانوالہ سے سیالکوٹ ایئرپورٹ جارہی تھی، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عمرہ عازمین سوارتھے۔

  • اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    اٹک : صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے گاؤں اڑانگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں نکال لیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں میں 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔

    لودھراں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لودھراں کے علاقے بستی سرداروالی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • اٹک میں پہلا ڈیجیٹل سنیما کھولنے کا اعلان

    اٹک میں پہلا ڈیجیٹل سنیما کھولنے کا اعلان

    پشاور: پاکستانی فلموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث اب اٹک میں پہلا ڈیجیٹل سنیما کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلموں کے معیار میں بہتری اور ان کی کامیابی کے بعد شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اٹک میں پہلا ڈیجیٹل سنیما کھولا جائے گا۔

    سنیما مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث سنیما اسکرین کی ڈٰیمانڈ 25 سے بڑھ کر 160 تک جاپہنچی ہے جس میں پنجاب کا بڑا کردار سامنے آیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ تین دہائیوں سے اٹک کے حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے سنیما انڈسٹری کے حوالے سے وہاں کوئی مثبت سرگرمی نہیں دیکھی گئی تھی۔

    اٹک میں پے اے سی سنیما کا افتتاح نومبر میں ہوا تھا جس کو مداحوں کی جانب سے سراہا گیا تھا، سنیما انڈسٹری اس سے قبل کبھی بھی اٹک کی ثقافت کا حصہ نہیں رہی ہے۔

    پچھلے دوماہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں سنیما انڈسٹری کو پروموٹ کرنے کے لیے بل بورڈز اور بینر آویزاں کردئیے گئے ہیں ایک اور سنیما ڈیفنس کے علاقے میں کھولے جانے کے لیے جگہ تلاش کی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ طے کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ڈولبی 7.1 سسٹم لگایا جائے گا جبکہ سنیما میں 350 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

    منیجر پے ای سی سنیما ظفر اقبال کے مطابق ان سنیماؤں کی افتتاحی حقیقت یہ ہے کہ لوگوں نے پاکستان میں فلم مارکیٹ کی صلاحیت کا احساس شروع کردیا ہے اور آنے والے چند سالوں میں پاکستانی سنیما انڈسٹری کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

  • جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین اٹک میں انتقال کر گئے

    جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین اٹک میں انتقال کر گئے

    اٹک: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ کے دوران بھارتی فوج کے جنگی قیدی بنے، قید کے دوران ان پر بے پناہ تشدد کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبول حسین 40 سال بھارتی جیلوں میں قید رہنے کے بعد 2005 میں رہا ہوئے، سپاہی مقبول حسین کو بہادری پر ستارۂ جرات سے نوازا گیا، وہ سی ایم ایچ میں زیرِ علاج تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مقبول حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، انھیں آج فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

    انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے باہمت سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر قوم کی آنکھیں اشک بار ہیں۔


    اسے بھی پڑھیں:  پاک فوج کے میجرعمرفاروق کے لئے برطانوی اعزاز


    واضح رہے کہ سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ میں سری نگر میں ایک  آپریشن میں زخمی ہو کر انڈیا کے قیدی بنے تھے، ان پر بھارتی فوجیوں نے اتنا تشدد کیا کہ وہ اپنی یادداشت بھی کھو بیٹھے، ان کی زبان بھی کاٹی گئی تھی۔

  • اٹک: مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ

    اٹک: مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ

    اٹک : سابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی اموراورمسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 اٹک ون سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ آفتاب کی گاڑی پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

    مسلم لیگ ن کے امیدوار پرفائرنگ کا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب وہ کامرہ سے انتخابی جلسے کے بعد گھرواپس جا رہے تھے۔

    شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ کامرہ کے قریب میری گاڑی پرفائرنگ کی گئی، نامعلوم افراد کے حملے میں محفوظ رہا۔

    سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب این اے 55 اور ان کے صاحبزادے شیخ سلمان سرور بھی اٹک سے ن لیگ کے ٹکٹ پر صوبائی نشست کے لیے امیدوار ہیں۔

    چمن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سابق سینیٹر داؤد خان زخمی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز چمن کے علاقے قلعہ عبداللہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر داؤد خان اچکزئی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

    احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال 6 مئی کو سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نارووال کے علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ کے بعد ہونے والے قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • انھوں نے مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا: نواز شریف

    انھوں نے مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا: نواز شریف

    اٹک: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے انھیں نکال کر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو 14 ماہ کے لئے اٹک کے قلعے میں بند کیا گیا تھا، اسے ہائی جیکر قرار دے کر جہاز کی سیٹ کے ساتھ باندھ دیا گیا.

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کے مستقبل کے لئے دن رات کام کررہا تھا، عوام کی خدمت کررہا تھا، لیکن اچانک ایک دن فارغ کردیا جاتا ہے، یہ نہیں دیکھا جاتا کہ 4 سال میں نوازشریف نے کیا کام کئے.

    انھوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے کہ ہم نیا کے پی کے بنائیں گے، اس سے پہلے اٹک آکر دیکھ لو، کتنا فرق ہے، تم لوگوں نے کے پی کےعوام کو دھوکا دیا، ان سے ناانصافی کی.

    انھوں‌ نے مخالفین کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے تھے، نوازشریف کو ن لیگ کی صدارت سے نکل دیں، تو یہ ختم ہوجائیں گا، نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اسے جرم بنا کر سزا دی گئی.

    نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں روزانہ دہشت گردی ہوتی تھی، جسے ن لیگ نے ختم کیا، اب کہاں گم ہوگئی لوڈشیڈنگ، اٹک پنجاب کا بہترین ضلع بن رہا ہے.

    انھوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کوووٹ دینا ہے، دل سے عہد کریں، آئندہ ووٹ کو بے عزت و بے توقیر نہیں ہونے دیں گے، ووٹ کی عزت خودبھی کریں گےاور دوسروں کو بھی کرنا ہوگی.


    وطن دشمن اورغدارکہنے سے کچھ فرق نہیں پڑتا، نوازشریف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد / اٹک : اسلام آباد میں ڈاکو بینک کی اے ٹی ایم خالی کر گئے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا، سی سی ٹی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، اٹک میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے پہلے سیف سٹی اسلام آباد میں ڈاکؤوں نے اے ٹی ایم لوٹ لی، ڈاکو سیکٹر ایس6میں واقع نجی بینک کے اے ٹی ایم روم کی چھت سے اندر داخل ہوئے اور اے ٹی ایم کھول کر54لاکھ روپے لے اڑے۔

    ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، پولیس کو سی سی ٹی وی ریکارڈ جنگل سے پڑا ہوا ملا، ڈکیتی کی جیو فینسنگ کر کے پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی، ملزمان نے رقم بھی گھر میں چھپا رکھی تھی۔

    دوسری جانب اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی گارڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ڈاکو لوٹ مار کیے بغیر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    رات گئے مسلح ڈاکو نجی بینک کی اے ٹی ایم توڑنے کے لیے پہنچے تو سکیورٹی گارڈ نے بہادری سے ڈاکوؤں کو للکارا اور ان پر گولیاں چلادیں۔

    دوطرفہ فائرنگ سے بینک کا مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا، اطلاع ملتے ہی پنڈی گھیب پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد ڈاکو بھاگ نکلے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔