Tag: اٹک

  • اٹک:ڈینگی اسپرے سے متاثرہ 29طالبات ایک مرتبہ پھر اسپتال منتقل

    اٹک:ڈینگی اسپرے سے متاثرہ 29طالبات ایک مرتبہ پھر اسپتال منتقل

    اٹک : ڈینگی مار اسپرے سے متاثرہ طالبات کی حالت سنبھل نہ سکی۔ انتیس طالبات کوایک مرتبہ پھر اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک میں انتظامیہ کی غفلت کی سزا اسکول کی طالبات کو ملی۔ جمعرات کے روز ڈینگی مار اسپرے سے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول جنڈ کی سو سے زائد طالبات بے ہوش ہوگئی تھیں۔

    متاثرہ طالبات طبی امداد اورآرام کے بعدپیر کے روز جب دوبارہ اسکول پہنچیں تو انتیس طالبات کی طبیعت ایک مرتبہ پھربگڑ گئی، بچیوں کو فوری طبی امداد کے لئے اٹک کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیاہے۔

    جمعہ کے روزبھی سترہ طالبات کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیاتھا۔

    واضح رہے کہ اٹک کےسرکاری اسکول میں آدھی چھٹی کےوقت کسی احتیاطی تدبیر کے بغیر زہریلا مچھرماراسپرے کردیاگیاتھا۔

    انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کی مہم تو چلائی جارہی ہے لیکن احتیاطی تدابیر کا ایک پمفلٹ تک نہیں چھاپا گیا۔ عملےکی یہ بھی علم نہ تھا کہ یہ اسپرے بچیوں کےلئےکتنا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

  • راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی: ملک کے مختلف شہروں میں سزائےموت پانے والوں چار مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    ملک میں سزائے موت کی سزاؤں پرعمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں سزائے موت پانے والے چار مزید مجرمان اپنے انجام کو پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اغوا برائے تاوان کے مجرم اکرام الحق کو پھانسی دیدی گئی، مجرم اکرام الحق نے سن دو ہزار دو میں تین سالہ بچی کو تاوان کےلیے اغوا کیا تھا۔

    میانوالی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی حب دار شاہ کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم حب دار شاہ نے سن دو ہزار میں معمولی تنازع پردو افراد کو قتل کیا تھا۔

    سرگودھا جیل میں سزائے موت کے منتظر محمد ریاض کو صبح سویرے پھانسی گھاٹ پر لٹکا دیا گیا، مجرم محمد ریاض نے سن دو ہزارمیں دوران ڈکیتی دو افراد کو قتل کیا تھا۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دیدی گئی، مجرم امین نے سن انیس سو اٹھانوے میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کے بعد سے اب تک سزائے موت پانے والے مجرموں کی تعداد پینسٹھ ہوگئی ہے۔

  • اکرام الحق کی پھانسی کیخلاف ورثا اور سول سوسائٹی کا مظاہرہ

    اکرام الحق کی پھانسی کیخلاف ورثا اور سول سوسائٹی کا مظاہرہ

    اٹک : تحصیل جنڈ کے گاؤں رنگلی کے اکرام الحق کی پھانسی کے خلاف ورثا اور سول سوسائٹی نے احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اغوا ء برائے تاوان کے کیس میں سزائے موت کے مجرم اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں رنگلی کے رہائشی اکرام الحق کی پھانسی کے خلاف والدہ ، پانچ بہنوں اور دیگر ورثانے احتجاج کرتے ہوئے صدر پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اکرام الحق کی پھانسی کی سزا کوعمر قید میں تبدیل کیا جائے ۔

    ورثاکا کہنا تھا کہ مدعی جاوید صدیقی جس کی 3سالہ بیٹی کو اغوا کے جرم میں اکرام الحق کو پھانسی کی سزا دی گئی عدالت میں راضی نامہ لکھ کر دینے کے باوجود پھانسی کی سزاسنا دی گئی ۔

    ورثاء کا کہنا تھا کہ اکرام الحق نے بچی کو اغوا نہیں کیا تھا ،جن لوگوں نے بچی کو اغوا کیا تھا ان ملزمان کو تو عدالت نے بری کردیا۔مگر اکرام الحق کو بے گناہ پھانسی دی جارہی ہے ۔

    ہم صدر مملکت سے اپیل کرتے ہیں کہ اکرام الحق کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کیا جائے۔

  • اٹک جیل : اغواء کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری، پھانسی منگل کو ہو گی

    اٹک جیل : اغواء کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری، پھانسی منگل کو ہو گی

    اٹک: اغواکےمجرم اکرام الحق کومنگل کو اٹک جیل میں پھانسی دے دی جائے گی ،جیل انتظامیہ کو مجرم کی ڈیتھ وارنٹ موصول ہوگئے۔

    صدر پاکستان نے اکرام الحق کی معافی کی اپیل کو پندرہ مرتبہ مسترد کیا تھا،تفصیلات کے مطابق اکرام الحق اوراس کے 7ساتھیوں نے 3سالہ بچی آمنہ صدیقی کو تاوان کے لئے اغواء کیا تھا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نےچار ملزمان کو سزائے موت دو کو عمر قیداور دو کو بری کر دیا تھا،لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے اکرام الحق کی سزائے موت برقرا ررکھی اور باقی تمام ملزمان کو بری کردیا تھا ۔

    اکرام الحق کی اپیل سپریم کورٹ سے بھی خارج کر دی گئی ۔ مدعی جاوید صدیقی کے مجرم اکرام الحق کے ساتھ تحریری راضی نامہ کے باوجود صدرمملکت نےپندرہ بارمعافی کی اپیل مسترد کردی۔