Tag: اپر اورکزئی

  • اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا  حملہ ،  دو پولیس اہلکار شہید

    اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ، دو پولیس اہلکار شہید

    اورکزئی : خیبر پختونخوا کے ضلع اپر اورکزئی میں انسدادپولیو ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع اپر اورکزئی کے علاقہ ڈبوری بادان کلے میں انسداد پولیو مہم کے دوران دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹئیر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

    سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    دوسری جانب کوہاٹ کے علاقہ درے وال بانڈہ میں بھی دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی تاہم پولیس اہلکار اور پولیو عملہ فائرنگ سے محفوظ رہا۔

    پولیس اہلکاروں نے جوابی کاروائی میں حملہ آوروں سے موٹر سائیکل اور ایک موبائل قبضے میں لیکر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    صدر مملکت آصف زرداری نے اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا۔

    صدر مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

    صدر مملکت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا اور کہا حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے