Tag: اپنا وزیراعظم لائیں گے

  • پی ٹی آئی ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت، اپنا وزیراعظم لانے کا اعلان

    پی ٹی آئی ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت، اپنا وزیراعظم لانے کا اعلان

    سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم اپنا وزیر اعظم لائیں گے جبکہ پی ٹی آئی کے متعدد ارکان نے سنی اتحاد کونسل جوائن کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 50 کے قریب ارکان نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کرلیا ہے۔ کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے واضح کیا ہے کہ ہم اپنا وزیر اعظم لائیں گے۔

    اس سے قبل سربراہ سنی اتحادی کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نیا نہیں 6 سال سے چل رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، توہین نہیں ہونے دیں گے۔ نومنتخب ارکان کے بیان حلفی جمع کرارہے ہیں۔ اطلاع ہے کہ دوسری پارٹیوں کے 5 سے 6 لوگ ٹوٹ رہےہیں

    حامد رضا نے کہا کہ میرے والد کبھی ن لیگ کے ٹکٹ پرایم این اے نہیں رہے۔ ہمارا پاکستان مسلم لیگ ن سے اتحاد تھا لیکن 2009 سے ان کیخلاف لڑرہے ہیں۔ میری خواہش تھی کہ راجہ ریاض خود میدان میں آکر مقابلہ کرتے،

    سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد کا کہنا تھا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کا معاملہ دیکھ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جیسے جیسے نوٹیفکیشن ہوں گے بیان حلفی جمع کراتے رہیں گے۔ سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن سے مخصوص نشستیں دینے کی بھی درخواست کردی ہے۔

    دریں اثنا مظفر گڑھ این اے 175 سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے والے جمشید دستی نے بھی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔ جمشید دستی نے اپنا بیان حلفی جمع کرادیا ہے۔