Tag: اپنی مدد آپ

  • اپنی مدد آپ (ایک پُراثر کہانی)

    اپنی مدد آپ (ایک پُراثر کہانی)

    ایک آدمی گاڑی میں بھوسا بھر کر لیے جا رہا تھا۔ راستے میں کیچڑ تھی۔ گاڑی کیچڑ میں پھنس گئی۔

    وہ آدمی سر پکڑ کر بیٹھ گیا اور لگا چیخنے، ’’اے پیاری پریو، آؤ اور میری مدد کرو۔ میں اکیلا ہوں گاڑی کو کیچڑ سے نکال نہیں سکتا۔‘‘

    یہ سن کر ایک پری آئی اور بولی، ’’آؤ میں تمہاری مدد کروں۔ ذرا تم پہیوں کے آس پاس سے کیچڑ تو ہٹاؤ۔‘‘ گاڑی والے نے فوراً کیچڑ ہٹا دی۔

    پری بولی، ’’اب ذرا راستے سے کنکر پتھر بھی ہٹا دو۔‘‘ گاڑی بان نے کنکر پتھر بھی ہٹا دیے اور بولا، ’’پیاری پری، اب تو میری مدد کرو۔‘‘

    پری ہنستے ہوئے بولی، ’اب تمہیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔ تم نے اپنا کام آپ کر لیا ہے۔ گھوڑے کو ہانکو۔ راستہ صاف ہو گیا ہے۔‘‘

    (معروف پاکستانی شاعرہ اور ادیب کشور ناہید کے قلم سے)

  • کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    کینیا: ’ہیرو‘ نے دیہاتیوں کے لیے ہاتھوں سے کھود کر جنگل میں سڑک بنا لی

    نیروبی: کینیا میں ایک شخص پھاؤڑے، کلہاڑی اور بیلچے کی مدد سے دیہاتیوں کے لیے دشوار گزار جھاڑیوں میں راستہ نکال کر لوگوں کی نظروں میں ہیرو بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لوگ نکولس میوشامی کی ہمت اور کارنامہ دیکھ کر اس وقت حیران رہ گئے جب اس نے اپنی مدد آپ کے تحت دیہاتیوں کے لیے دشوار جھاڑیاں کاٹ کر ایک لمبی سڑک کھودی۔

    نکولس نے تن تنہا چھ دن کے اندر جنگل میں ڈیڑھ کلو میٹر (ایک میل) لمبا راستہ نکالا۔

    باہمت دیہاتی نے میڈیا کو بتایا کہ جہاں انھوں نے سڑک بنائی ہے وہاں سرکاری طور پر سڑک کی نشان دہی کی جا چکی تھی لیکن مقامی لیڈر سڑک بنانے میں ناکام ہو گئے تھے۔

    مرانگا کاؤنٹی میں واقع گاؤں کگانڈا جو کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے 80 کلو میٹر شمال میں واقع ہے، کے رہائشی مقامی شاپنگ سینٹر تک پہنچنے کے لیے 4 کلو میٹر کا طویل راستہ کاٹنے پر مجبور تھے۔

    دیہاتیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ جھاڑیوں میں سڑک نکال کر ان کے لیے سہولت فراہم کی جائے لیکن حکومت کی جانب سے ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    دیہاتی نکولس نے بتایا کہ وہ دن میں ایسے ہی عجیب و غریب کام کر کے اور رات کو چوکیداری کر کے روزی روٹی کماتا ہے۔

    ’ہیرو‘ نے بتایا کہ لوگ پوچھتے تھے کہ کیا یہ کام کرتے ہوئے کوئی معاوضہ بھی دے رہا ہے۔ تاہم آج سب خوش ہیں، بچے اس راستے اسکول جاتے ہیں، اور میں بھی خوش ہوں۔

  • میگا سٹی میں حکومت کی عدم دلچسپی، عوام خود صفائی کرنے پر مجبور

    میگا سٹی میں حکومت کی عدم دلچسپی، عوام خود صفائی کرنے پر مجبور

    کراچی: شہر قائد میں حکومت کی جانب سے کیے گیے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات فراہم کرنے پر صدر کے علاقے گاڑی کھاتہ میں علاقہ مکینوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے گلیوں کی صفائی کا کام خود کرتے ہوئے تمام کوڑا کرکٹ جمع کر کے کچرا خانے میں پھینک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے صفائی ستھرائی کی سہولیات کے دعووں کے باوجود شہر میں تاحال گندگی اور کچرے کے انبار موجود ہیں، ان تمام مسائل سے نکلنے کے لیے شہری اب حکومت سے کسی قسم کی توقع نہیں رکھتے بلکہ اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کر کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    pumflate-1

    بلدیاتی نمائندوں اور میئر کراچی کے انتخاب کے باوجود شہر میں کوڑا کرکٹ جمع ہے اور عوام کو اس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس ضمن میں صدر کے علاقے گاڑی کھاتہ میں محلے کے چند نوجوانوں نے علاقہ صاف کرنے کا بیٹرا اٹھایا اور عوام کی آگاہی کے لیے باقاعدہ پمفلٹ کا اجراء کیا۔

    ghari-khata-post-3

    صفائی مہم کا انعقاد کرنے والے نوجوان اویس اجمیری کا کہنا ہے کہ "ہمیں اپنے علاقے گلی محلوں کو خود صاف رکھنا ہے، اگر ہم کسی کے منتظر رہیں گے تو حالت مزید بد سے بدتر ہوتی رہے گی””۔

    انہوں نے کہا کہ اس صفائی مہم کے حوالے سے ہم نے گزشتہ ایک ہفتہ قبل علاقائی سطح پر لوگوں سے گھر گھر جاکر رابطے کیے اور انہیں صفائی مہم میں شمولیت کی درخواست کی، جس پر تقریبا سارے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہمارا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

    gari-khata-post-1

    صفائی مہم کا انعقاد اتوار کے روز کیا گیا جس میں بوڑھے، بچے ، نوجوان سب شامل تھے، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں میں موجود کچرے کو اکٹھا کر کے سرکار کی جانب سے مقرر کردہ کچرا خانے میں پھینک کر آئے۔

    اس دوران علاقہ مکینوں نے تمام رہاشیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھر کا کچرا باہر نہ پھینکیں بلکہ اسے جمع کر کے ایک ساتھ رکھیں تاکہ مقرر کردہ صفائی والا اپنے وقت پر آئے اور اسے جمع کر کے لے جائے۔ اس عمل سے محلے میں صفائی کی صورتحال بتدریج جاری رہے گی۔

    ghari-khata-post-2