لاہور : گارڈین کورٹ نے 2 نابالغ بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا، مدعی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بچوں کی والدہ انہیں کینیڈا لے جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گارڈین کورٹ کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ سامنے آیا ، عدالت نے 2 نابالغ بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
گارڈین عدالت کے جج محمد جاوید نے فیصلہ جاری کیا ، مدعی سلمان خالق کی جانب سے بیرسٹرردانور پیش ہوئیں اور مؤقف اختیار کیا کہ مدعی اور ان کی بیوی کےدرمیان معاملہ طلاق تک پہنچ چکا ہے، نابالغ حنین سلمان اور زوہان احمد کی حوالگی کیس زیر سماعت ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ دونوں بچے کینیڈا کے شہری ہیں، خدشہ ہے کہ بچوں کی والدہ انہیں کینیڈا لےجا سکتی ہے، استدعا ہے کہ عدالت دونوں بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔
عدالت کااستفسار کیا کیا گارڈین جج کے پاس بچوں کےنام ای سی ایل میں ڈالنے کا اختیارہے، جس پر ردا نور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ عدالت کے پاس اختیار ہے، عدالتی فیصلے بطور نظیر پیش کر دیتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نےفیصلہ سناتے ہوئے بچوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔