لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز کے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا، رواں سال کے آخر تک ایک لاکھ گھر تیار ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صرف 6 ماہ میں 62,500 گھر مکمل کرکے پاکستان کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ ہمارا سب سے اہم اور فلاحی منصوبہ ہے جس کا کوئی متبادل نہیں، پانچ سے دس مرلہ کے گھروں کے لیے اب تک 74 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے دیے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 7 ماہ میں مجموعی طور پر 64 ہزار بلاسود قرضے فراہم کیے گئے۔
اپنا گھر پروگرام کے تحت شہری کتنا قرض حاصل کرسکتے ہیں؟
انھوں نے بتایا کہ ہر قرض دہندہ کو 9 سال میں آسان اقساط کے ذریعے رقم واپس کرنا ہو گی، جو وہ اپنی آمدنی سے باآسانی ادا کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس وقت 45 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں جبکہ 9 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست کے آخر تک قرضوں کی تعداد 75 ہزار تک پہنچا دی جائے گی اور رواں سال کے اختتام تک ایک لاکھ گھر مکمل کر دیے جائیں گے۔ مستقبل کا ہدف 5 سال میں 5 لاکھ گھروں کی فراہمی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام قرضے 100 فیصد میرٹ پر دیے جا رہے ہیں اور کسی شخص کو سفارش یا رشوت کے ذریعے قرض نہیں دیا گیا۔ ’’کوئی ایک شخص نہیں کہہ سکتا کہ قرض کسی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر دیا گیا ہو،‘‘۔
Currency Rates in Pakistan Today- Latest Updates
خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن مزدوروں نے دوسروں کے گھروں کی اینٹیں لگائیں، آج وہ اپنے گھروں کی بنیادیں رکھ رہے ہیں، ایک مزدور نے بتایا کہ اس کی بیوی اور بچے بھی گھر کی تعمیر میں شریک ہوئے۔ ’’آج آپ سر اُٹھا کر کہہ سکتے ہیں کہ یہ میرا اپنا گھر ہے،‘‘۔
وزیراعلیٰ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس منصوبے کا آغاز اپنے ہاتھوں سے چیک تقسیم کر کے کیا۔ دعاکرتی ہیں کہ اللہ انہیں اتنے وسائل دے کہ وہ پورے پنجاب میں عوام کی خدمت کر سکیں۔