لاہور : پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے اپنی سیاسی کمیٹی کے ذریعے پانچ نام بانی چیئرمین کو بھجوا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں نئے قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کیلئے پی ٹی آئی سیاسی ٹیم نے بانی تحریک انصاف کو پانچ نام بھجوا دئیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بھیجے گئے ناموں میں سے تحریک انصاف کے بانی آئندہ ہونےوالی اپنے وکلاء یا فیملی کے ساتھ ملاقات میں ایک نام فائنل کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی نےمعین ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ ، اوعجاز شفیع ، شیخ امتیاز اور رانا شہباز کا نام دیئے ہیں، بانی پانچ ناموں میں سے کسی ایک کا نام اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی کے لئے تجویز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل کر لیا جائے تاکہ اسمبلی میں مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں مبینہ اختلاف، محمود اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی روک دی گئی
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کے نامزدگی کے عمل کو مؤخر کر دیا تھا۔ پارٹی کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ محمود خان اچکزئی اور اعظم سواتی کی نامزدگی کو اس وقت تک روکا گیا ہے جب تک عمر ایوب اور شبلی فراز کی اپیلوں پر فیصلہ نہیں ہو جاتا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ پارٹی قیادت موجودہ اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ کھڑی ہے، پارٹی بانی عمران خان نے نئے نام تجویز کیے ہیں، اور امید ہے کہ عدالت کا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے عمران خان کے فیصلے پر پارٹی کے اندر اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔
متعدد رہنماؤں نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے پاس اپنے کئی اہل امیدوار موجود ہیں، تاہم بعض اراکین کا مؤقف تھا کہ عمران خان کا فیصلہ حتمی اور قابلِ عمل ہونا چاہیے۔