Tag: اپوزیشن کا شور شرابہ

  • وفاقی بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ، کاپیاں پھاڑ دیں

    وفاقی بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ، کاپیاں پھاڑ دیں

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کر رہے ہیں اس موقع پر اپوزیشن کا احتجاج بھی جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے خصوصی بجٹ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اونگزیب کے اگلے مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے شدید احتجاج کیا، نعرے لگائے اور بجٹ دستاویزات کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیں۔

    پی ٹی آئی اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف کی نشست کے قریب جمع ہو کر نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے پاس بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں اور ہم آئی ایم ایف کے بجٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پارٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے ساتھ بجٹ اجلاس میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا تھا اور تمام اراکین نے اس کی توثیق کی تھی۔

    اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز اس احتجاج کی قیادت کر رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/budget-2025-26-pakistan/

  • سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پانی پر بحث، اپوزیشن کا احتجاج

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پانی پر بحث، اپوزیشن کا احتجاج

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پانی کے معاملے پر منظور وسان کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج اور شور شرابہ کیا، شہلا رضا نے امداد پتافی کی طرح نصرت سحر عباسی کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دے دی جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے پانی کے معاملے پر تقریر کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی۔

    نصرت سحر عباسی نے ایک حکومتی رکن کی طرف اشارہ کیا کہ اس سندھی نے سندھ کے لیے کچھ نہ کیا اور سی سی آئی میں خاموش بیٹھا رہا،انہوں نے بات کرتے ہوئے جوش خطابت میں وزیراعلیٰ سندھ کو مثال دیتے ہوئے ایوان کے ایجنڈے کی کاپی پھاڑ دی۔

    بعد ازاں احساس ہونے پر انہوں نے معذرت کرلی اور کہا کہ معذرت چاہتی ہوں، میں جذباتی ہوں، پنجاب پانی کے معاملے پر ہمارے ساتھ زیادتی کر رہا ہے اگر پانی ملا تو سندھ مزید پاور فل ہوجائے گا پنجاب اسی بات سے ڈرتا ہے۔

    بعدازاں حکومتی وزیر منظور وسان کی باری آئی تو اپوزیشن نے شور مچایا اور ایوان سر پر اٹھالیا تاہم اسپیکر نے سب کو چپ کرادیا۔

    منظور وسان نے اپنی تقریر کے دوران ایم کیو ایم کو پانی کے مسئلے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ کراچی والوں کے لیے انہوں نے کیا کیا جس پر ایم کیو ایم نے شور شرابہ کیا۔

    شہلا رضا نے کہا کہ کل کئی اسمبلیوں میں ہاتھا پائی ہوئی لیکن ہمیں اچھا تاثر دینا ہے ۔

    نصرت سحر عباسی کے مسلسل بولنے پر شہلا رضا نے کہا کہ آپ مت بولیں آپ کا مائیک بند ہے، آپ بولیں گی تو مزید بحث بڑھیں گی، اگر آپ کو بات سمجھ نہیں آرہی تو میرے چیمبر میں آجائیں۔

    اس جملے پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔