Tag: اپوزیشن

  • حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے اپوزیشن جماعتیں پرعزم ہیں: احسن اقبال/شیری رحمان

    حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے اپوزیشن جماعتیں پرعزم ہیں: احسن اقبال/شیری رحمان

    اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں احسن اقبال اور شیری رحمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے اپوزیشن جماعتیں پرعزم اور متفق ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر ن لیگ شہباز شریف کی ملاقات کے بعد احسن اقبال اور شیری رحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات میں ملکی صورت حال پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

    احسن اقبال نے کہا حکومت پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہی ہے، اسے گھر بھیجنا ضروری ہے، مہنگائی معاشی بد انتظامی سے بڑھی، متوسط طبقہ بری طرح پس رہا ہے، صنعت بھی تباہی کے دہانے پر ہے۔

    انھوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کو مل کر مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہیے، اپوزیشن اتحاد کے ذریعے عوام کو اس حکومت سے نجات دلائے گی، بلاول بھٹو کل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے، ن لیگ کا وفد بھی مولانا سے ملاقات کرے گا، بلاول بھٹو آج شہباز شریف کی دعوت پر تشریف لائے تھے، اتفاق پیدا کر کے جمہوری عمل آگے بڑھائیں گے، ملک میں جمہوری عمل آئینی بالا دستی ہی سے مضبوط ہو سکتا ہے۔

    تازہ ترین:  بلاول اور شہباز ملاقات، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    احسن اقبال کا کہنا تھا موجودہ حکومت کا موازنہ پچھلی حکومتوں سے نہیں کیا جا سکتا، تبدیلی کے جو وعدے کیے گئے تھے وہ تو پورے نہیں ہوئے، اب صرف کابینہ میں تبدیلی کر کے بکرے قربان کیے جا رہے ہیں۔

    دریں اثنا، پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا حکومت عوام کا مینڈیٹ کھو چکی ہے، مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی، ہر روز منی بجٹ آ رہا ہے، حکومت پارلیمنٹ کو کچھ نہیں سمجھ رہی، آرڈیننس سے ملک چلانا ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ عوام مشکل صورت حال سے گزر رہے ہیں، حکومت ہر چیز کا بوجھ عوام پر ڈالنے پر بہ ضد ہے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اوگرا نے بھی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی۔

    انھوں نے کہا حکومت ملک میں اس وقت خوف ناک سیاسی اور اقتصادی تقسیم نظر آ رہی ہے، قومی اسمبلی میں 29 بل اٹھا کر بلڈوز کر دیے گئے، عوام کو ریلیف اور پارلیمان کو عزت دینے کا یہی وقت ہے، دورہ امریکا میں جو وعدے کیے گئے وہ قوم اور پارلیمنٹ سے شیئر کریں۔

  • حکومت کو گھر بھیجنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہمایوں اختر خان

    حکومت کو گھر بھیجنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہمایوں اختر خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور اس پرہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام ذاتی مفادات کے لیے حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کرنے والوں کا ساتھ دینے کی بجائے ان کا محاسبہ کریں گے۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں اس کے بعد ہمیں ان سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ایک سال کے دورا ن کرپشن کی ہوشربا کہانیاں زبان زد عام ہوتی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور اس پرہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا کیونکہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس کردیں کیونکہ اس کے بغیر جان چھوٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

  • کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے: مراد سعید

    کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں جب داخل ہوا تو اپوزیشن نے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھی، مجھے لگا اپوزیشن والے دیر سے ہی سہی کشمیر پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ بعد میں اندازہ ہوا اپوزیشن والے تو اپنا رونا رو رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ کبھی سندھو دیش، کبھی سرائیکی تو کبھی پختونوں کی بات ہوتی ہے۔ اس وقت پورا کشمیر ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بھارت بے نقاب ہوا، ہندو توا دنیا کے سامنے آیا۔ آج پاکستان کے مؤقف کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم آج سعودی عرب اور پھر جنرل اسمبلی جا رہے ہیں۔ آج ہمیں پیغام دینا چاہیئے تھا کہ کشمیر کے لیے ہم ایک ہیں۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پر 5 جوان شہید ہوتے ہیں، کیا کسی سے ان کا نام سنا۔ دنیا میں پہلی بار پاکستان کا مثبت بیانیہ دنیا میں پھیل رہا ہے۔ سلامتی کونسل میں 53 سال بعد کشمیر پر بات ہو رہی ہے۔ 44 دن ہوگئے کشمیریوں کے پاس کھانا ہے نہ مواصلات کا نظام۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان اور ایوان کی طرف دیکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹر ریڈر بھی انسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا زرداری اور ایان علی کو ایک اکاؤنٹ سے پیسے جاتے تھے۔ جمہوریت کے نام پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ایک ہوئے ہیں، خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔

  • ن لیگ اور جے یو آئی مشترکہ آزادی مارچ کا اعلان کریں گے: احسن اقبال

    ن لیگ اور جے یو آئی مشترکہ آزادی مارچ کا اعلان کریں گے: احسن اقبال

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ اور جے یو آئی ف نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ آزادی مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں ماڈل ٹاؤن میں مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف سے ملاقات کی، احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، موجودہ حکومت ملک کے لیے معاشی خطرہ بن چکی ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی چیز نظر نہیں آتی، ملک میں بے روزگاری اور غربت بڑھ رہی ہے، 30 ستمبر کو مسلم لیگ (ن) کی سی ای سی کا اجلاس ہوگا، ن لیگ اور جے یو آئی مشترکہ آزادی مارچ کا اعلان کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف کی رہایش گاہ آمد، دھرنے پر گفتگو

    انھوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی سطح 20 سال میں سب سے زیادہ ہے، ن لیگ دور میں پولیو ختم ہونے کے قریب آ گیا تھا، عمران خان بھی طاہر القادری کی طرح سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کریں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کو نظریات کی سزا دی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو فوری رہا کیا جائے۔

    دریں اثنا، جے یو آئی ف کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ آج آزادی مارچ میں ن لیگ کی شمولیت سے متعلق شبہات دور ہو گئے ہیں، حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے پاس بھی جائیں گے، یہ آزادی مارچ ہمارا نہیں قوم کا ہے۔

  • اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں: پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب

    اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں: پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب

    اسلام آباد: وفاقی پارلیمانی سیکریٹری ریلوے فرخ حبیب نے اپوزیشن کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 80 سے زائد سفیروں کی موجودگی میں اپوزیشن نے احتجاج کیا، اپوزیشن والوں کو پارلیمنٹ میں کشمیری رہنماؤں کی تصاویر لانی چاہیے تھیں، لیکن انھوں نے جیل میں قید لوگوں کی تصاویر لائیں۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عوام نے لسانی بنیادوں پر نعرے لگانے والوں کو مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن کو چاہیے مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دیں۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن عوام کے ساتھ ظلم ہے، عثمان بزدار

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ دنیا کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے لیکن حادثاتی چیئرمین ابو بچاؤ مہم چلا رہے ہیں، انھیں کشمیر سے غرض نہیں، مریم نواز بھی کشمیر ریلی کی بجائے این آر او مانگ رہی تھی۔

    انھوں نے حکومتی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے گرفتار اراکین قوم کی لوٹی دولت قومی خزانے میں جمع کرائیں گے تو پھر ان کے ساتھ کوئی ڈیل ہو سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی حکمرانی کا نام ہے، جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن عوام کے ساتھ ظلم ہے، سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔

  • نیب انکوائریز کے بعد خورشید شاہ کو ایک اور مشکل کا سامنا

    نیب انکوائریز کے بعد خورشید شاہ کو ایک اور مشکل کا سامنا

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کی جانب سے انکوائریز کے بعد پی پی رہنما خورشید شاہ کو ایک اور مشکل کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے خورشید شاہ کمیٹی کی جانب سے مستقل کیے گئے ملازمین کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ تمام وزارتوں کو ملازمین سے متعلق فیصلوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

    وزارتوں کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی تفصیلات کل تک فراہم کی جائیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ملازمین کو مستقل کرنے پر تفصیلات انکوائری کمیشن کو بھیجی جائیں گی، خیال رہے کہ پی پی دور میں عارضی ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق نظر ثانی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  پچاس روڑ سے زائد خرد برد نیب کیس پر صرف سی کلاس ملے گی: فروغ نسیم

    پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نظر ثانی کمیٹی کے چیئرمین تھے، کمیٹی نے عارضی اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں‌ خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، نیب نے 50 سے زاید محکموں سے بھی خورشید شاہ کے اثاثوں کی تفصیلات مانگیں۔

    واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے اعلان کیا کہ کرپشن کیسز میں گرفتار ملزمان کے مزے ختم ہو گئے ہیں، پچاس کروڑ سے زاید کرپشن کرنے والے کو صرف سی کلاس ملے گی، دیوانی مقدمات کا فیصلہ ڈیڑھ سال کے اندر ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق بھی قانون لایا جا رہا ہے۔

  • العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت 18 ستمبر کو ہوگی

    العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت 18 ستمبر کو ہوگی

    اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 18 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اٹھارہ ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی اپیل کی سماعت ہوگی۔

    احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا بیان حلفی بھی اپیل کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جج بلیک میلنگ اسیکنڈل سامنے آنے کے بعد کیس میں نئے نکات زیر بحث آئیں گے۔

    نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے نئی درخواست پیر کو دائر کی جائے گی، جب کہ کیس کی سماعت تک نواز شریف کو ضمانت پر رہائی کی استدعا کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ ، طبی سہولتیں جیل میں ہی دینے کا حکم

    واضح رہے کہ تین دن قبل وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ نواز شریف نیب کے قیدی ہیں، اگر ان کے ساتھ پلی بارگین ہوگی بھی تو وہ نیب ہی کرے گی، پلی بارگین نیب قوانین میں شامل ہے، وہ کسی بھی قسم کی ڈیل کر سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔

  • پروڈکشن آرڈر کا معاملہ، شاہد خاقان کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جوابی خط

    پروڈکشن آرڈر کا معاملہ، شاہد خاقان کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جوابی خط

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جوابی خط لکھ دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈرز پر اسپیکر غیر جانب دار سوچ سے فیصلہ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کھلا خط لکھ کر کہا تھا کہ گرفتار تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی ضرورت ہے، اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ سب ارکان کی حاضری یقینی بنائیں۔

    خط کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے خط لکھ کر کہا کہ پروڈکشن آرڈرز پر اسپیکر غیر جانب داری سے فیصلہ کرتے ہیں، اسپیکر ارکان کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے ذمہ داریوں سے بہ خوبی آگاہ ہیں۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر زیر حراست رکن کے خلاف درج کیس کی نوعیت کا بہ غور جائزہ لیتے ہیں، پروڈکشن آرڈر کا اجرا اسپیکر کا صوابدیدی اختیار ہے، رکن مطالبہ نہیں کر سکتا، اسمبلی قواعد کے مطابق اسپیکر ضروری سمجھنے پر پروڈکشن آرڈر جاری کر سکتے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے اجرا سے متعلق آئینی گنجایش موجود نہیں، زیر حراست رکن پروڈکشن آرڈرز کے اجرا پر مطمئن نہیں تو عدالت جا سکتا ہے۔

    تازہ ترین: صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے کھلے خط میں کہا تھا کہ ایم این اے کا آئینی حق ہے کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خواہشات کو پیش کرے اور اسپیکر کی دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی حاضری یقینی بنائیں۔

    انھوں نے لکھا کہ یہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ اسپیکر آفس یہ ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا ہے۔

    دریں اثنا، شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی نہیں تھانے دار بن گئے ہیں، اسپیکر وہ ہوتا ہے جو اسمبلی ممبران کا حق انھیں دلوائے، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کر کے وہ غلط کر رہے ہیں، پارلیمنٹ اب ربڑ اسٹمپ بھی نہیں رہی۔

    آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی شرکت نہیں کر سکے تھے، اپوزیشن اراکین نے ان کی نشست پر ان کی تصویر رکھ کر احتجاج کیا۔

    واضح رہے کہ آج ایل این جی کیس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے مزید 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز بھی جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا، نیئر بخاری نے کہا کہ مشترکہ اجلاس سے ارکان کی غیر حاضری تشویش ناک امر ہے، یہ حکومتی بد دیانتی ہے، آصف زرداری سمیت دیگر ارکان کو آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

  • صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے دوران حسب سابق اپوزیشن کی جانب سے منفی رویے کا مظاہرہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ سے صدر مملکت خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرنے لگے تو اپوزیشن نے منفی رویہ اپناتے ہوئے شور شرابا شروع کر دیا۔

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور تقریر اور ایجنڈے کی کاپیاں ہوا میں اڑا دیں۔

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف قومی ترانے کے بعد ایوان میں آئے۔

    صدر مملکت عارف علوی کو اپوزیشن ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ آپ شور بھی مچاتے رہیں لیکن بات بھی سنتے رہیں تو اچھا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ شور شرابا تو جاری رہے گا لیکن ملک کے مفاد کے لیے فوری طور پر قوانین منظور اور عمل درآمد کرائیں۔

    تازہ ترین:  مسئلہ کشمیر، عالمی برادری کی خاموشی عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث ہوگی: صدر پاکستان

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی، اجلاس میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن اراکین گتھم گتھا ہو گئے، ایک دوسرے کو دھکے دیے۔ پرویز خٹک، عبد القادر پٹیل نے پی پی کے آغا رفیع اللہ کو سمجھانے کی کوشش کی۔

    قبل ازیں، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں وزیر اعظم عمران خان بھی موجود تھے، اجلاس میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی شریک ہوئے، جب کہ مہمان گیلری میں گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔

    اجلاس شروع ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف اجلاس میں شریک نہیں تھے، تاہم شہباز شریف بعد میں ایوان میں آ گئے، اپوزیشن کے گرفتار اراکین کی نشستوں پر ان کی تصاویر رکھ دی گئیں۔

    جن اراکین کی نشستوں پر تصاویر رکھی گئیں ان میں رانا ثناللہ، آصف زرداری اور شاہد خاقان عباسی شامل تھے۔

  • "اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے”: بلاول بھٹو کے اعلان پر فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    "اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے”: بلاول بھٹو کے اعلان پر فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول چاہتے ہیں کہ دھرنامولانا صاحب اور  ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلاول بھٹو کی جانب سے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر اپنے ٹویٹ میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے.

    پہلے بھی کہا تھا، اپوزیشن کوخود اپوزیشن سے خطرہ ہے، مولانا صاحب پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کررہی ہیں.

    انھوں نے کہا کہ بلاول ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی میں پھیلے کچرےکی صفائی پر توجہ دیں، بدقسمتی ہے کہ وسائل سندھ کےغریب عوام تک نہیں پہنچ رہے، جب تک پی پی سندھ میں مسلط ہے،عوام کا بھلا ممکن نہیں.

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

    انھوں نے پی پی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کادنیابھرمیں مظلوموں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، جمعہ کےدن کشمیریوں کے حق کی آواز بلند اور بھارتی ظلم کوبے نقاب کریں گے.

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق یہ وقت قوم کو تقسیم نہیں یک جا کرنے کا ہے.