Tag: اپوزیشن

  • سربراہ الیکشن کمیشن کے عدم تقرر سے پیدا بحران پر غور کے لیے اپوزیشن اجلاس طلب

    سربراہ الیکشن کمیشن کے عدم تقرر سے پیدا بحران پر غور کے لیے اپوزیشن اجلاس طلب

    اسلام آباد: پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے جس میں سربراہ الیکشن کمیشن اور ارکان کے عدم تقرر سے پیدا ہونے والے بحران پر غور ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوگا، اجلاس اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا جس کی صدارت احسن اقبال کریں گے۔

    مریم اورنگ زیب نے کہا کہ اجلاس میں شہباز شریف کے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط پر مشاورت ہوگی، الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے عدم تقرر سے پیدا ہونے والے بحران پر غور ہوگا، اور حکومتی غفلت اور عدم تعاون پر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

    ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ن لیگ کی طرف سے مرتضیٰ جاوید عباسی، نثار چیمہ اور مشاہد اللہ شریک ہوں گے، راجہ پرویز اشرف اور سید خورشید شاہ پیپلز پارٹی کی نمایندگی کریں گے، پی پی سینیٹر سکندر مندھیرو بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، ایم ایم اے کی نمایندگی شاہدہ اختر علی کریں گی۔

    اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ دو دن قبل اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن غیر فعال رکھنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے نام تجویز کر دیے ہیں۔

  • پارلیمنٹ کو نازک مسئلے پر قانون سازی کا کوئی حق نہیں: فضل الرحمان

    پارلیمنٹ کو نازک مسئلے پر قانون سازی کا کوئی حق نہیں: فضل الرحمان

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بار پھر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ قانون سازی کرے گی، لیکن نازک مسئلے پر اس پارلیمنٹ کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ اقتدار پر قابض مافیا سے ہمیں جان چھڑانی ہے، کابینہ اور پارلیمنٹ نا اہل ہے، دسمبر اس نا اہل حکومت کے لیے آخری مہینہ ہے۔

    انھوں نے تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ہم مقابلے میں ہوں گے تو ان کا نظام نہیں چلےگا، حکومت اس قابل نہیں کہ ان کے ساتھ کوئی میثاق کیا جائے، ملک تنزلی کی طرف جا رہا ہے، معیشت کی صورت حال خراب ہے، صنعتوں کی پیداواری صلاحیت جواب دے چکی ہے، کاروباری طبقہ سرمایہ ملک سے باہر لے جانے کی سوچ رہا ہے۔

    فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہزاروں لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، شپنگ کارپوریشن بیٹھ چکی ہے، ساحل خالی پڑے ہیں، گوربا چوف بننے کی کوشش کی جا رہی ہے، کشمیر ایک ترجیحی مسئلہ ہے اسے پیچھے دھکیل دیا گیا، سیاسی نظام غیر مستحکم ہے، پارلیمنٹ پر بھی لوگوں کو اعتماد نہیں رہا۔

    جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا آزادی مارچ تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ تھا، بہتری کی امید پر ملک کو تباہ نہ کیا جائے، تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں، ہم عوام اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

  • اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    لاہور: اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں کل سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو جلد فعال بنانے کے لیے کل سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

    ایاز صادق نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن غیر فعال رکھنا چاہتے ہیں، وہ نواز شریف کے معاملے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، انھوں نے خود اپنے وزرا کو بتایا تھا کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں، میڈیکل بورڈ نے بھی بتایا نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں۔

    ایاز صادق نے کہا کہ کم پلیٹ لیٹس والا مریض بھی چل پھر سکتا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ نواز شریف ہمیں وھیل چیئر پر نظر آئیں۔ ہمیں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر بھی تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، تفصیلی فیصلہ آئے گا تو مشترکہ اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  الیکشن کمیشن کےممبران کی تقرری، وزیراعظم عمران خان نے نام تجویز کر دیے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے نام تجویز کر دیے ہیں، جن میں سندھ سے جسٹس (ر) صادق بھٹی، جسٹس (ر) نور الحق قریشی اور عبدالجبار قریشی کے نام جب کہ بلوچستان سے ڈاکٹر فیض کاکڑ، نوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے 3 نام وزیر اعظم عمران خان کو بھجوائے تھے، جن میں ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل تھے۔

  • مولانا کا پلان اے کامیاب تھا تو پلان بی کیوں منتخب کیا؟ شوکت یوسفزئی

    مولانا کا پلان اے کامیاب تھا تو پلان بی کیوں منتخب کیا؟ شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اگرمولانا صاحب کا پلان اے کامیاب تھا تو پلان بی کیوں منتخب کیا؟

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا صاحب کا اگر پلان اے کامیاب ہوا تو بی اور سی کیوں دیا؟

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پریشان ہیں، سینیٹ انتخاب میں اپوزیشن کا ووٹ ہمیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوسنجیدہ نہیں لیا کریں، اگران کا پلان اے کامیاب تھا تو پلان بی کیوں منتخب کیا؟

    انہوں نے کہا کہ مولانا کہتے ہیں میں خالی ہاتھ نہیں آیا، مولانا کے 2 مقاصد تھے اس میں کامیاب ہوئے، وہ چاہتے تھے کرپشن میں ملوث لوگوں کو باہر نکالا جائے، دوسرا مقصد کشمیر کاز کوخاموش کرنا تھا۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے اور گزارا صرف تسلیوں پر کرنا پڑا، مولانا نے پارلیمان کی ایک سیٹ کے لیے سیاسی رسوائی اٹھائی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا، عوام لشکر کشی اور انتشاری سیاست کے خلاف ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے مولانا کی دعوت قبول کر لی

    بلاول بھٹو نے مولانا کی دعوت قبول کر لی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی دعوت قبول کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین نے سب سے پہلے جے یو آئی ف کے سربراہ کی اے پی سی کے لیے دعوت قبول کر لی، مولانا نے ان سے رابطہ کر کے آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا تھا۔

    ترجمان بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی پی چیئرمین نے آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بھی شریک ہوں گے۔

    تازہ ترین:  ایک اور اے پی سی، مولانا نے ’دعوت نامے‘ بانٹ دیے

    یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حکومت گرانے کے سارے پلان فیل ہونے کے بعد انھوں نے ایک بار پھر اے پی سی بلا لی ہے، اس سلسلے میں انھوں نے گزشتہ رات تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لیے تھے۔

    مولانا نے پیپلز پارٹی، ن لیگ، اے این پی، قومی وطن پارٹی کے قائدین سمیت نیشنل پارٹی، جے یو پی، جمعیت اہل حدیث کے قائدین کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت بھی مدعو ہے۔

    میاں شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اے پی سی میں شرکت کے لیے ن لیگ کا اعلیٰ سطح کا وفد تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں راجہ ظفرالحق، احسن اقبال، ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے، الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرنے والے آج سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنے، کاروبار کرنے اور علاج کروانے والے اور ان کے ہم نوا فارن فنڈنگ کیس میں بھی منہ کی کھائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پر فارم 45 اور آر ٹی ایس کے حوالے سے الزام عائد کرنے والے آج نئے بہروپ میں الیکشن کمیشن کو سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا تھا کہ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے اور گزارا صرف تسلیوں پر کرنا پڑا، مولانا نے پارلیمان کی ایک سیٹ کے لیے سیاسی رسوائی اٹھائی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا، عوام لشکر کشی اور انتشاری سیاست کے خلاف ہیں۔

  • عدالت نے اکرم درانی کی درخواست ضمانت نمٹا دی

    عدالت نے اکرم درانی کی درخواست ضمانت نمٹا دی

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ کہہ کر جے یو آئی ف کے رہنما اکرم درانی کی درخواست ضمانت نمٹا دی کہ نیب پراسیکیوشن بہت کم زور ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن نے کی۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ نیب نے بتایا ابھی اکرم درانی کے خلاف اہم ثبوت ہیں نہ ان کی گرفتاری درکار ہے۔ انھوں نے کہا ملزمان کو گرفتار کر کے خزانے کا خرچ بڑھایا جاتا ہے، جب کہ دنیا میں تفتیش مکمل ہونے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ اکرم درانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی جس میں نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔

    تازہ ترین:  پلان سی میں کل سے پورے ملک میں جلسے ہوں گے: اکرم درانی

    ادھر نیب ذرایع کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ سے اکرم درانی کی ضمانت کی مخالفت نہیں کریں گے، ان کے پرسنل سیکریٹری کے وارنٹ جاری ہیں، اکرم درانی اور بچوں کے کیسز میں نیب نے وارنٹ جاری نہیں کیے، جس کی گرفتاری چاہیے ہو اس کا وارنٹ جاری کرتے ہیں۔

    گزشتہ سماعت پر عدالت نے آیندہ سماعت سے قبل رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم نیب حکام مقررہ وقت تک جواب جمع نہ کرا سکے۔

  • پلان سی میں کل سے  پورے ملک میں جلسے ہوں گے: اکرم درانی

    پلان سی میں کل سے پورے ملک میں جلسے ہوں گے: اکرم درانی

    اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمعے کے روز پورے ملک میں جلسے جلوس ہوں گے، عوام کو جلد ہی خوش خبری ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی آج ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اخلاقی طور پر مستعفی ہوں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ ختم ہوا۔

    اکرم درانی کا کہنا تھا الیکشن کمیشن میں کیس کے بعد عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی، پورے ملک کے تمام ادارے حکومت سے مایوس ہیں، کسان تاجر ڈاکٹر سب احتجاج کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا، صحافی کے سوال پر کہ کیا الیکشن کمیشن نے آپ کی سن لی، اکرم درانی نے کہا کہ یہ تو آپ نے کمال کر دیا، صحافی نے دوسرا سوال کیا کہ پلان سی میں کیا کریں گے، انھوں نے جواب دیا کہ کل سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے ہوں گے، اس سلسلے میں آج صوبائی قیادت بیٹھ کر مشاورت کرے گی۔

    صحافی کے سوال پر کہ دھرنے سے کیا فائدے حاصل ہوئے، اکرم درانی نے جواب دیا کہ دھرنے کا مقصد اور فائدہ جلد عوام کے سامنے آ جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف جلد ہی وطن واپس آئیں گے، بیماری پر گپ شپ لگائی جا رہی ہے، نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے، بہت سے لوگ ابھی بھی ٹی وی پر بیٹھ کر بیماری پر واویلا کر رہے ہیں۔

  • رہبر کمیٹی کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج، افتخار درانی کا کرارا جواب

    رہبر کمیٹی کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج، افتخار درانی کا کرارا جواب

    اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کیا اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، بعد ازاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا الیکشن کمیشن سے میڈیا کے ذریعے درخواست کر رہے ہیں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کو روزانہ سنا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے دھرنا سیاست کی ناکامی پر نئے راستے ڈھونڈنا شروع کر دیے ہیں، آج الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں رہبر کمیٹی نے کمیشن کے باہر احتجاج کیا۔

    اکرم درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ کیس میں تاخیر نہ کی جائے، نیب والے ہفتے میں 3 بار ہمیں بلاتے ہیں اور ہم جاتے ہیں، الیکشن کمیشن بھی تاخیر نہ کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آیا تو پی ٹی آئی پوری چلی جائے گی، ہم چاہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر تاریخی فیصلہ دے کر جائیں، ان کی مدت کم رہ گئی ہے۔

    دریں اثنا، رہبر کمیٹی کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کرارا جواب دیا گیا، افتخار درانی نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مشکوک فنڈنگ کے خلاف بھی درخواست زیر التوا ہے، مولانا کی آمدن اور اخراجات کا حساب کتاب خود مولانا بھی نہیں جانتے۔

    انھوں نے کہا علی بابا بھاگ گیا، اور سہولت کار الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہیں، نیب کو مطلوب افراد الیکشن کمیشن کے سامنے چیخ پکار کر رہے ہیں، جو جتنا بڑا چور ہے اتنی ہی بلند آواز میں چیخ رہا ہے۔

    معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا پی ٹی آئی پولیٹیکل فنانس متعارف کرانے والی پہلی جماعت ہے، تحریک انصاف کی مالیات پیشہ ورانہ انداز میں مرتب کی جاتی ہیں، عمران خان کو سپریم کورٹ نے صادق و امین قرار دیا، جب کہ سپریم کورٹ نے اُن کے قائد کو بد دیانت اور خائن قرار دیا، رہزن کمیٹی خفت مٹانے کے لیے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔

  • حکومت 5 سال پورے کرے گی: اسد عمر

    حکومت 5 سال پورے کرے گی: اسد عمر

    اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت 5 سال پورے کرے گی، جس چیز کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اس کو پورا کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد واپس لی ہے، اپوزیشن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

    اسد عمر نے کہا کہ جس چیز کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اس کو پورا کرنا ہے، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ یقین ہے عوام کہیں گے پارلیمنٹ نے بہتر کام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی عددی اکثریت کا کئی بار اظہار کر چکے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے متنازعہ ہوں، جس نظریے پر ووٹ لے کر آئے ہیں اس سے 1 انچ نہیں پیچھے ہٹیں گے۔

    اسد عمر نے مزید کہا کہ اپوزیشن بھی اپنا نکتہ نظر بیان کرے یہ ان کا حق ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی، تحریک میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، ڈپٹی اسپیکر ارکان اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

    تاہم آج اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا اعلان کردیا۔

    اجلاس میں منظور کیے گئے آرڈیننس کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد اپوزیشن نے قاسم خان سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لینے کا اعلان کیا۔