Tag: اپیل

  • وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی والدین سے اپیل

    وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی والدین سے اپیل

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو ماسک کی پابند کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر اسکولوں کی مانیٹرنگ کا انتظام کیاگیا ہے،ٹیمیں اسکولوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے بچوں کو ماسک کی پابندی کرائیں،وبا سے محفوظ رہنے کے لیے والدین کا تعاون ضروری ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی ٹیمیں تعلیمی اداروں کا وزٹ کریں گی،ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے وہ وزٹ میں اپنا رویہ نرم رکھیں، تعلیمی ادارے فاصلہ قائم رکھنے کے لیے اپنا نظام بناسکتے ہیں۔

    انہوں نے پروگرام باخبر سویرا میں کفتگو کے دوران مزید کہا کہ 2 ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیں گے پھر پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔

    ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری اسکول کے بچے اسکول جائیں گے۔

  • عمر اکمل نے سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کر لیا

    عمر اکمل نے سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کر لیا

    لاہور: قومی کرکٹر عمر اکمل نے سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل نے ڈیڑھ سالہ سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔عمر اکمل نے سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا ہے۔

    قومی کرکٹر عمر اکمل کی جانب سے اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ مجھے اپنا موقف بیان کرنے کا موقع دیا جائے۔

    پی سی بی نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف اپیل دائر کر دی

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی سزا میں کمی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

    عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کردی گئی

    یاد رہے کہ دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے 27 اپریل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

  • پی سی بی نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف اپیل دائر کر دی

    پی سی بی نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف اپیل دائر کر دی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کی سزا میں کمی کے فیصلے کے خلاف بین الاقوامی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر دی۔

    غیر جانبدار ایڈجیوڈیکٹر نے عمر اکمل کی 3 سال کی سزا 18 ماہ کر دی تھی۔

    خیال رہے کہ سزا میں کمی کے فیصلے پر عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پابندی میں کمی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، سزا کو مزید کم کرانے کی اپیل کا فیصلہ کروں گا، وکلا جو تجویز دیں گے اس کے مطابق حکمت عملی بناؤں گا۔

    عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کردی گئی

    قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوئیں، سزا میں کمی کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہوں، چاہتا ہوں ڈیڑھ سال کے بجائے سزا میں مزید کمی کی جائے، حالات کے مطابق حکمت عملی تیار کروں گا۔

    یاد رہے کہ دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے 27 اپریل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

  • وزیر اعظم کی عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل

    وزیر اعظم کی عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، کوشش کریں گے کہ ہدف مکمل کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے کل شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے ملک بھر میں شجر کاری مہم شروع کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کل ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کر رہے ہیں، ارکان اسمبلی، وزرا، وزرائے اعلیٰ اور ٹائیگر فورس رضا کار مہم میں شریک ہوں گے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، کوشش کریں گے کہ ہدف مکمل کرلیں۔

    خیال رہے کہ کل ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر کراچی سے خیبر تک مون سون کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کی جائے گی، حکومتی وزرا ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کے مطابق 10 کے بجائے 20 لاکھ پودے لگانے کے انتظامات کر لیے ہیں، مہم بیک وقت چاروں صوبوں کے شہروں سے شروع ہو گی۔

  • ٹرمپ سے اپیل ہے انسانی بنیاد پر ایران سے پابندیاں ختم کرے، وزیراعظم

    ٹرمپ سے اپیل ہے انسانی بنیاد پر ایران سے پابندیاں ختم کرے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ سے اپیل ہے انسانی بنیاد پر ایران سے پابندیاں ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل ہے انسانی بنیاد پر ایران سے پابندیاں ختم کرے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ جب تک ایران سے کرونا وائرس ختم نہیں ہوجاتا پابندیاں اٹھائی جائیں، ایرانی عوام کو ناقابل بیان مصائب کا سامنا ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بندشیں کرونا کے خلاف ایران کی مدافعتی کاوشوں کو متاثر کر رہی ہیں، اس وباسے نمٹنے کے لیے انسانیت کا یکجا ہونا ناگزیر ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کروناوائرس کے پیش نظر ایران سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں تہران حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے، ایران کو دواؤں، وینٹی لیٹرز اور متعلقہ سامان کی اشد ضرورت ہے،

    ایرانی صدر کی عمران خان سے امریکی پابندیاں ہٹانے کیلئےکردار ادا کرنے کی درخواست

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کے صدر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان سمیت دنیا بھر میں اپنے ہم منصبوں کو خطوط لکھے تھے جن میں انہیں بتایا گیا تھا کہ امریکی پابندیوں سے کرونا وائرس کے خلاف ان کے ملک کی لڑائی کس طرح متاثر ہو رہی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام سے آئندہ 2 روزگھروں میں رہنے کی اپیل

    وزیراعلیٰ پنجاب کی عوام سے آئندہ 2 روزگھروں میں رہنے کی اپیل

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام سے آئندہ 2 روزگھروں میں رہنے کی اپیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گھروں میں بچوں اور اپنے خاندان کو کرونا وائرس سے بچائیں،شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں،اگلے 2 دن گھر میں احتیاط برتیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کریانہ اور دودھ کی دکانیں کھلی رکھی جائیں گی، آج رات 9 بجے سےمنگل صبح 9 بجے تک شاپنگ مالز بند ہوں گے انہوں نے کہا کہ عوام احتیاط کریں اور میل ملاپ نہ کریں، عوام حکومت سے تعاون کریں اس میں ان کا ہی فائدہ ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حالات کنٹرول میں ہے، پنجاب میں ابھی لاک ڈاؤن جیسی صورت حال نہیں ہے، لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے تو عوام کو آگاہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ سماجی میل جول میں فاصلے ہی وبا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہیں گی، کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد 136 ہے،کرونا کے 106مریضوں کا تعلق ڈی جی خان سے ہے، لاہور سے 20، ملتان 4، راولپنڈی سے ایک کرونا مریض ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرونا ایمرجنسی آرڈیننس منگل کے روز اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، اسکول بند کیے تو لوگوں نے پارکوں میں جانا شروع کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن نہیں کر رہے بلکہ سوشل ڈسٹنسنگ کہا جا سکتا ہے۔

  • خدارا گھروں میں رہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے اپیل

    خدارا گھروں میں رہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے اپیل

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور دوستوں کو بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا ٹاسک فورس کا 23 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی، کور 5، رینجرز، ڈبلیو ایچ کے نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں ایئرپورٹ، سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

    سیکریٹری ہیلتھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے میں کل 87 کیسز ہیں، سکھرمیں 151 کیسز ہیں، سکھر فیز 2 کے 402 ٹیسٹ کے نتائج زیر التوا ہیں، لاڑکانہ کے 83 ٹیسٹ ابھی آنا باقی ہیں۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 31 پروازیں شیڈول تھیں 3710 مسافر آئے، تمام مسافروں کی اسکریننگ کی گئی،4مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیےگئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ لوکل ٹرانس میشن کے کیسز 51 ہوگئے ہیں، اصل پریشانی کی بات لوکل ٹرانس میشن کے بڑھتے کیسز ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور دوستوں کو بچانا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آج 1874مشتبہ افراد آئے،21 کے ٹیسٹ کیے، نجی اسپتالوں نے 702مشتبہ رپورٹ کیے،5 ٹیسٹ کیے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • عمرہ زائرین کا حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل

    عمرہ زائرین کا حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل

    کراچی: سعودی عرب میں پھنسے ہوئے عمرہ زائرین نے واپسی کے لیے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے باعث سعودی عرب میں خلیجی ممالک کی پروازیں معطل ہیں، جس کے باعث پاکستانی معتمرین سعودی میں پھنس گئے ہیں۔

    پاکستانی عمرہ زائرین کے پاس ہوٹلوں کا کرایہ ختم ہو چکا، دیگر ایئر لائنز کی ٹکٹ خریدنے کے پیسے بھی موجود نہیں، جس پر زائرین نے حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل کی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔

    سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی تیاری

    اس سلسلے میں پی آئی اے نے ہم وطنوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پی آئی اے 6 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہم وطنوں کو پاکستان لے کر آئے گی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت تمام ممالک کے مسافروں کو سعودیہ عرب سے جانے کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

  • شہریار آفریدی کی والدین سے اپیل

    شہریار آفریدی کی والدین سے اپیل

    اسلام آباد: وزیرمملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ خدارا اپنے بچوں کی حفاظت کی خاطر ان پر نظر رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ خدارا اپنے بچوں کی حفاظت کی خاطر ان پر نظر رکھیں۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ بچوں کوچوکیدار، مالی، ڈرائیور کسی کے ساتھ تنہا مت چھوڑیں، یہ بچے ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم فرشتوں کو منشیات سے محفوظ رکھنا اولین ترجیح ہے۔

    وزیرمملکت برائے سیفران و انسداد منشیات کا کہنا تھا کہ والدین کو موبائل میں زندگی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے رکھنی چاہیے، والدین کومعلوم ہوسکے ان کا بچا منشیات کا استعمال تون ہیں کر رہا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دو چیریں ہماری نئی نسل کو بری طرح تباہ کر رہی ہیں، منشیات اب یونیورسٹیوں کے بعد اسکولوں تک پہنچ چکی ہیں، بچوں سے زیادتی کے واقعات بھی ہمیں بری طرح تباہ کر رہے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ زندگی ایپ کے ذریعے ہم ان دونوں چیزوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے، یہ معاملہ صرف اے این ایف یا پولیس پر نہیں چھوڑا جاسکتا، اس میں پوری قوم کو شامل ہونا ہوگا۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ میں نوازشریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں نوازشریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں سزا معطلی کے لیے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے دائر کی گئی اپیل 25 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی اپیل 25 نومبرکو سماعت کے لیے مقرر کردی۔ ڈویژن بینج پر مشتمل جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اپیل کی سماعت کریں گے۔

    نیب کی اپیل نمبر دو 2019 بھی 25 نومبرکوسماعت کے لیے مقرر ہے جس میں نیب نے نوازشریف کی سزا 7 سے بڑھا کر 14 سال کرنے کی اپیل کی ہے۔ قومی احتساب بیور کی ایک اور اپیل نمبر تین 2019 بھی 25 نومبرکو سماعت کے لیے مقرر ہے، نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

    العزیزیہ ریفرنس : نواز شریف کی ضمانت منظور

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیاد پر ضمانت منظور کی تھی اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا 8 ہفتے کے لیے معطل کردی تھی اور 20لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا تھا۔

    سماعت میں نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی تھی ، ڈاکٹرزکی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نواز شریف کو دل اورگردوں کا عارضہ ہے اور ان کو پلیٹ لیٹس کا مسئلہ ہے، ہماری کوشش ہے نوازشریف کی بیماریوں کا علاج کریں۔

    دوسری جانب 25 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نوازشریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر 2018 کو سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔