Tag: اپیل

  • برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن : درجنوں افراد کو قتل کرنے والے جرمن شہری نے عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی، سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں قتل کی 85 کارروائیوں کے مجرم قرار دیے جانے والے شخص نے اپنی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل کر دی ہے۔42سالہ جرمن نیلس ہوگیل کے خلاف عدالتی فیصلہ گذشتہ ہفتے جاری ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہوگیل نے 2000 سے 2005 تک ایک ہسپتال میں کام کے دوران درجنوں مریضوں کو انجیکشن لگا کر موت کی نیند سلایا تھا, مقتولین کی عمریں 34 سے 96 برس کے درمیان تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ جمعرات کے روز جاری ہونے والے عدالتی فیصلے سے قبل ہوگیل کو 6 مزید افراد کے قتل کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اس طرح سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ موت کا شکار بننے والے افراد کی حقیقی تعداد کبھی معلوم نہیں ہو سکے گی کیوں کہ ان میں بہت سے لوگوں کی لاشوں کو جلا دیا گیا۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ہوگیل نے درحقیقت 200 سے زیادہ افراد کی زندگی کا چراغ بجھایا، اولڈنبرگ کی عدالت نے ہوگیل کو عمر قید کی سزا سنائی، فیصلے کے ساتھ ایسی شرائط بھی منسلک ہیں جن کے سبب ہوگیل کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے 15 سال گزارنے سے پہلے باہر آنا مشکل ہو گا۔

  • خطے کے ملکوں میں ایرانی مداخلت مسترد کی جائے، سعودی عرب کی اپیل

    خطے کے ملکوں میں ایرانی مداخلت مسترد کی جائے، سعودی عرب کی اپیل

    ریاض : سعودی وزیر خارجہ کا مسئلہ فلسطین سے متعلق کہنا ہے کہ قضیہ فلسطین کا منصفانہ حل سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کا اہم سنگ میل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے دوسرے ملکوں میں ایرانی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا گیا۔

    او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیرخارجہ ابراہیم العساف نے کہا کہ داخلی معاملات میں مداخلت کی وجہ سے پورا عالم اسلام انتہائی مشکل دور سے گذر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری مسلم امہ غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ شام، لیبیا، صومالیہ اور دوسرے ملکوں میں بیرونی مداخلت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کشمکش ایک چیلنج ہے اور سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

    ابراہیم العساف کا کہنا تھا کہ یمن میں غیر ملکی مداخلت سے انسانی بحران پیدا ہوا، ہم اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر یمن میں امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔

    سوڈان سے متعلق سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک سوڈانی قوم کے ساتھ ہے اور سوڈان کی عبوری عسکری کونسل کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شام کے مسئلے کا حل پہلے جنیوا معاہدے کی روشنی میں دیکھتا ہے۔ شام میں موجود تمام فرقہ وارانہ ملیشیاﺅں کا خاتمہ ضروری ہے۔

    انہوں نے روہنگیا پناہ گزینوں کی پرامن واپسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے لیبیا کو درپیش موجودہ بحران سے نکلنے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔

    چند ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ بندرگاہ کے قریب تیل بردار بحری آئل ٹینکروں پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے واقعات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ داﺅد اوگلو نے کہا کہ ان کا ملک شام میں امن وامان کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداودں پرعمل درآمد پر زور دیتا رہے گا۔

    اجلاس سے خطاب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صالح العثیمین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری مسلم امہ کا مشترکہ اور بنیادی مسئلہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    انہوں نے فلسطینی قوم کو درپیش مشکلات اورمصائب کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • امریکا کے حوالے نہ کیا جائے ،اسانج کی لندن عدالت میں اپیل

    امریکا کے حوالے نہ کیا جائے ،اسانج کی لندن عدالت میں اپیل

    لندن : جولین اسانج نے امریکا حوالگی سے متعلق کہا ہے کہ امریکا میں مجھے خفیہ معلومات کو آشکار کرنے کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج نے لندن کی ایک عدالت کو بتایا ہے کہ وہ یہ نہیں چاہتے کہ انہیں امریکا کے حوالے کیا جائے جہاں انہیں خفیہ معلومات کو آشکار کرنے کا مقدمے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس مقصد کے لیے جولین اسانج کو اس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسانج کو یکم اپریل کو ایکواڈور کے سفارت خانے سے حراست میں لیا گیا تھا جہاں وہ گزشتہ کئی برسوں سے پناہ لیے ہوئے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کے استفسار پر اسانج کا کہنا تھا کہ وہ امریکا حوالگی نہیں چاہتے۔

    یاد رہے کہ  برطانوی عدالت نے وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کو ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک روز قبل  50 ہفتے قید کی سزا سنائی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جولین اسانج نے سنہ 2012 میں سوئیڈن میں جنسی زیادتی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے لندن ایمبیسی میں پناہ لی تھی۔

    مزید پڑھیں : امریکن نیشنل سیکورٹی ایجنسی پاکستان کے موبائل ہیک کرتی تھیں، وکی لیکس کا انکشاف

    خیال رہے کہ اپریل 2017 میں وکی لیکس نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی سیکورٹی ایجنسی نے پاکستان کے موبائل سسٹم کی ہیکنگ کی، ہیکنگ کے لئے مختلف سائبر ویپنز استعمال کئے تھے۔

    امریکی ایجنسی این ایس اے کئی عالمی رہنماؤں کی جاسوسی کے لئے وائر ٹیپنگ اور دیگر سائبر ہتھیار استعمال کرتی رہی ہے جبکہ وکی لیکس نے سیکڑوں مختلف نوعیت کے سائبر ہتھیاروں کا بھی انکشاف کیا ہے ، اُن میں پاکستانی موبائل سسٹم کی ہیکنگ کے لئے این ایس اے کی کوڈ پوائنٹنگ بھی شامل ہے ۔

    اس سے ایک ماہ قبل بھی وکی لیکس کی نئی دستاویزات سامنے آئی تھیں ، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے واٹس ایپ اور اسمارٹ فون کا ڈیٹا حاصل کررہی ہے اور میسجنگ ایپ پر نظر رکھ رہی ہے جبکہ دیگر ممالک کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر عوام کے ٹی وی اور دیگر مواصلاتی نظام کا ڈیٹا بھی حاصل کررہی ہے۔

  • نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پرسماعت کل ہوگی

    نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پرسماعت کل ہوگی

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کل ہوگی، نوازشریف نے حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف سماعت کل اسلام آباد ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ کرے گا۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے استثنیٰ مانگ لیا، نوازشریف کے وکیل نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل علالت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

    وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت کے دوران حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست کے ساتھ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی ہیں۔

    اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف کی درخواست ضمانت 6 ہفتے کے لیے منظور، سزا معطل

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف ان دنوں 6 ہفتوں کی ضمانت پر ہیں، سپریم کورٹ آف پاکستان نے طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

  • سپریم کورٹ رجسٹرارآفس نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل واپس کردی

    سپریم کورٹ رجسٹرارآفس نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل واپس کردی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل اعتراض لگا کر واپس کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کی اپیلیں اعتراض لگا کر واپس کردیں۔

    رجسٹرار آفس نے نیب کو اپیلوں پرآرٹیکل اور نمبرغلط درج ہونے کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے 14 مارچ کو اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہائی کورٹ نے حقائق کے برعکس شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ شہبازشریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگرملز کیس میں قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا، انہوں نے اختیارات سے بھی تجاوز کیا۔

    نیب نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ شہبازشریف کی ضمانت منظور کرنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

    لاہورہائی کورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظورکرلی

    یاد رہے کہ 14 فروری کولاہور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی رمضان شوگرملز، آشیانہ اسکینڈل میں ضمانت منظورکی تھی۔

  • این اے91 میں دوبارہ گنتی کے خلاف اپیل پرسماعت 28 فروری تک ملتوی

    این اے91 میں دوبارہ گنتی کے خلاف اپیل پرسماعت 28 فروری تک ملتوی

    اسلام آباد : این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

    جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا کیا حلقے میں دوبارہ گنتی ہو گئی؟ جس پر وکیل ذوالفقار بھٹی نے جواب دیا کہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

    وکیل نے بتایا کہ دوبارہ گنتی میں سامنے آیا پولنگ بیگز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی، پولنگ بیگز کھلے ہونے کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی۔

    وکیل ذوالفقار بھٹی نے کہا کہ ریکارڈ میں تبدیلی کےشواہد پر20 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا، حلقے میں دوبارہ پولنگ کے نتیجہ کا اعلان ہوچکا، اب صرف کامیاب امیدوار کا نوٹی فکیشن جاری ہونا ہے۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا ذوالفقار بھٹی نے دوبارہ پولنگ میں حصہ لیا؟۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ پولنگ میں حصہ لے کر ذولفقار بھٹی نے خود جوا کھیلا، دوبارہ ووٹنگ میں ہار گئے توسپریم کورٹ میں اعتراض کر رہے ہیں۔

    عدالت عظمیٰ نے اسفتسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن 60 دن بعد دوبارہ الیکشن کا حکم دے سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن کے اختیار کو مان لیا تو پھر ٹربیونل کیا کریں گے؟۔

    جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ چاہیں تو الیکشن کے نتیجے کو ٹربیونل میں چیلنج کریں۔

    سپریم کورٹ نے دوبارہ انتخابات کے خلاف حکم امتناع کی ذوالفقار بھٹی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو بھی طلب کرلیا۔

  • بیوی کا قتل: سپریم کورٹ میں ملزم شمس الرحمان کی رہائی کے خلاف اپیل خارج

    بیوی کا قتل: سپریم کورٹ میں ملزم شمس الرحمان کی رہائی کے خلاف اپیل خارج

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بیوی کے قتل کے ملزم شمس الرحمان کے خلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملزم شمس الرحمان کی رہائی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    عدالت نے سماعت کے دوران ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملزم کی رہائی کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا، جائے وقوع سے زہر برآمد نہیں ہوا، شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزم کو رہا کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سپریم کورٹ نے سنگر ٹاؤن گنگال سے 14 سالہ عادل گلزار کو اغوا کرکے قتل کرنے کے ملزمان عبداللہ اور ابراہیم کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ملزمان پراغوا کا کیس ثابت نہیں ہوا، اس لیے انسداد دہشت گردی کا کیس نہیں بنتا جبکہ قتل کا کوئی عینی گواہ نہیں۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ تھے جھوٹے گواہوں کی وجہ سے اصل ملزم بری ہوجاتے ہیں لیکن الزام عدالتوں پر لگایا جاتا ہے۔

  • فلیگ شپ ریفرنس: نوازشریف کی بریت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    فلیگ شپ ریفرنس: نوازشریف کی بریت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، نیب کا موقف ہے کہ سابق وزیراعظم کو ملنے والی 7 سال قید کی سزا کم ہے، اس میں اضافہ کیا جائے۔

    العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کو سات سال قید کی سزا، کمرہ عدالت سے گرفتار

    نیب کے مطابق نوازشریف پر جرم ثابت ہوچکا ہے اور نیب آرڈیننس میں دفعہ 9 اے 5 میں زیادہ سے زیادہ سزا 14 سال قید ہے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف دونوں ریفرنسز میں نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کردیں۔ نیب کی جانب سے دونوں درخواستوں میں نواز شریف کوفریق بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 24 دسمبر کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید وجرمانے کی سزا سنائی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

    العزیزیہ ریفرنس پر فیصلے کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کردی

    نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گزشتہ روز العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں احتساب عدالت کے 24 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

    خواجہ حارث نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے جس میں کئی قانونی سقم موجود ہیں۔

  • سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی

    سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے زنیب کے قتل کے الزام سزا پانے والے مجرم عمران علی کی اپیل مسترد کر دی اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے دی گئی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ نے عمران علی کی اپیل پر سماعت کی، جس میں انسداد دہشت گردی کی سزا کو چیلنج کیا گیا۔

    مجرم عمران علی کی جانب سے اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا اور مقدمہ کی کارروائی بھی معمول سے ہٹ کر کی گئی۔

    اپیل میں استدعا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے زینب قتل کے مجرم عمران کی سزائے موت کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مجرم عمران کی اپیل خارج کردی اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے دی گئی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا۔

    اس سے قبل لاہورہائی کورٹ نے بھی کمسن زینب کے قاتل عمران کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کی جانب سے سے دی گئی سزائے موت کی توثیق کردی تھی۔

    خیال رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید، سات سال قید اور 32 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں، عدالتی فیصلے پر زنیب کے والد آمین انصاری نے اطمینان کا اظہار کیا اور اس مطالبے کو دوہرایا کہ قاتل عمران کو سر عام پھانسی دی جائے۔

    زینب قتل کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے مختصرٹرائل تھا، چالان جمع ہونے کے سات روز میں ٹرائل مکمل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب کے شہرقصور سے اغوا کی جانے والی 7 سالہ ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا تھا، زینب کی لاش گزشتہ ماہ 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی، زینب کے قتل کے بعد ملک بھرمیں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بال ٹیمپرنگ میں ملوث اسٹیون اسمتھ کا پابندی کےخلاف اپیل نہ کرنےکااعلان

    بال ٹیمپرنگ میں ملوث اسٹیون اسمتھ کا پابندی کےخلاف اپیل نہ کرنےکااعلان

    سڈنی : بال ٹیمپرنگ میں ملوث سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کے خلاف اپیل نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کرنے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

    اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے پابندی لگا کرسب کوپیغام دیا ہے، میں نے پابندی کو تسلیم کیا ہے۔

    خیال رہے کہ 24 مارچ کو کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈوارنر اور بلے باز کیمرون بینکرافٹ بال ٹمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

    بال ٹیمپرنگ،اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پرایک سال کی پابندی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 مارچ کو آسٹریلیوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بال ٹمپرنگ کرنے کے جرم میں ایک سال کے لیے کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے 3 آسٹریلوی کرکٹرز کی سزا کے خلاف آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے سزا میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔