Tag: اپیکس کمیٹی اجلاس

  • اپیکس کمیٹی کا  اجلاس، ڈی جی رینجرز کی کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز

    اپیکس کمیٹی کا اجلاس، ڈی جی رینجرز کی کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز

    کراچی : اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ نے صوبائی حکومت کو کوٹا سسٹم ختم کرنے کی تجویز دے دی اور کہا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان میرٹ پر نوکریاں‌ ملنے کے سبب جرائم کی طرف راغب ہوئے۔

    DG Rangers advises to abolish quota system in… by arynews

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اپیکس کمیٹی کا 16واں اجلاس مراد علی شاہ کی سربراہی میں منعقد کیا گیا جس میں گورنر سندھ، سنیئر وزیر نثار کھوڑو، کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جیز مشتاق مہر اور ثناء اللہ عباسی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ بیرسٹر ضمیر گھمرو، پراسیکیوٹر جنرل شہادت اعوان اور دیگر سنیئر پولیس افسران سمیت سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    پڑھیں:  سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

    کراچی ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے وزیر اعلیٰ کو تجویز دی کہ ’’سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کوٹا سسٹم کا خاتمہ ضروری ہے‘‘۔

    میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ’’کراچی آپریشن میں اب تک گرفتار کیے گئے ملزمان میں خاصی بڑی تعداد پڑھے لکھے ملزمان کی ہے جو جرم کرنے کی ابتدا نوکری نہ ملنا یا کوٹا سسٹم بتاتے ہیں‘‘۔

    ڈی جی رینجرز نے سندھ حکومت کو تجویز دی کہ ’’سندھ سے کوٹا سسٹم کا خاتمہ کیا جائے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو اچھے روزگار فراہم کیے جائیں تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو جرائم کی طرف راغب ہونے سے روک سکیں‘‘۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈی جی رینجرز کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو یہ بھی کہا گیا کہ’’ 1973 سے عائد کوٹا سسٹم کی میعاد ختم ہوچکی ہے  مگر تاحال اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، انہوں نے مراد علی شاہ کو کہا کہ ’’اگر صوبائی حکومت کوٹا سسٹم کا نفاذ بھی چاہتی ہے تو اسے شفاف طریقے سے لاگو کیا جائے اور سندھ کے شہری علاقوں‌ میں رہنے والے نوجوانوں کو 40 فیصد حصے کے حساب سے نوکریاں بھی دی جائیں‘‘۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران  جب مولابخش چانڈیو سے جب کوٹا سسٹم کے  بارے میں سوال گیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ ’’عسکری قیادت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی بات نہیں کی گئی‘‘۔

    سیاسی رہنماؤں کا خیر مقدم

    بعد ازاں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ڈی جی رینجرز کی جانب سے کوٹا سسٹم کے خاتمے کی تجویز کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رہنماء فیصل واوڈا نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم نے صرف کوٹا سسٹم کے نام پر سیاست چمکائی جبکہ پی ایس پی کے رہنماء رضا ہارون نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم نے مہاجروں کو کوٹا سسٹم پر بے وقوف بنا کر سیاست کی مگر اب یہ وقت ختم ہونے کو ہے۔

    جماعت اسلامی کے رہنماء حافظ نعیم الرحمان نے ڈی جی رینجز کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’کوٹا سسٹم کے خاتمے کی تجویز بہت اچھی ہے اس پر عملدرآمد کرنا بہت ضروری ہے‘‘۔

  • سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

    سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

    کراچی: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ پولیس میں 22 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی،بھرتی کا عمل فوج کی زیر نگرانی میں ہوگا،بھتے کے لیے دو اسلامی ممالک سے بھی کالز آرہی ہیں، آزادکشمیر کے الیکشن والے دن فوج تعینات کی جائے گی۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں، لیکن ہمیں نفسیاتی جنگ بھی جیتنی ہے،امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتر ی آئی ہے ،ایک دو واقعات سے قوم کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

    چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ امجد صابری کا قتل اور اویس شاہ اغوا کیس سیکیورٹی اداروں کے لیے چیلنج ہیں جسے سیکیورٹی اداروں نے قبول کیا، جلد ذمہ داروں کے گرد شکنجہ کس دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ نفسیاتی جنگ بھی جیتنی ہوگی۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا سندھ پولیس میں بیس ہزار اہلکار اور دو ہزار سابق فوجی بھرتی کیے جائیں گے جن کی بھرتی اور تربیت آرمی کے زیر نگرانی ہوگی جبکہ اسلام آباد کے سیف سٹی ماڈل کو کراچی میں بھی استعمال کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال اور منفی پروپگینڈے سے گریز کیا جائے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ امجد صابری قتل کیس میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، تفتیش کسی سیاسی جماعت کی طرف جانےکی خبروں میں کوئی صداقت نہیں سوشل میڈیا پرجھوٹی خبریں پھیلانے والےبہت نقصان پہنچا رہے ہیں امجدصابری کے قاتلوں تک پہنچیں گے۔

    چوہدری نثار کا کہنا ہے اقتصادی راہداری جتنی پاکستان کے لیے اہم ہے اتنی ہی یہ پاکستان دشمنوں کے لیے اہم نشانہ ہے، شواہد ملے ہیں کہ ہمارے اپنے بھی کچھ لوگ آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

    چوہدری نثار نے بتایا کچھ ’اپنے لوگ‘بھی دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ان کے سد باب کے لیے بھی کچھ کرنا ہوگا،غیر ملکی جاسوسوں کا پکڑے جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ایجنسیاں ہر دم تیار ہیں، جرائم کے خلاف فیڈرل کرائم ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کرلیا اس معاملے کو قانونی شکل دی جارہی ہے۔

    بھتہ خوری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ بھتے کے لیے دو اسلامی ممالک سے بھی کالز آرہی ہیں، بھتہ خوری کی زیادہ تر کالز بیشتر کالم بیرون ممالک سے آتی ہیں، جرائم کے معاملے میں کراچی میں 132 ویں نمبر پر آگیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو سیکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں علما بھی متحرک ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن والے سیکیورٹی کے لیے پولنگ بوتھ پر فوج تعینات کی جائے گی۔

  • دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، جنرل راحیل شریف

    دہشت گردوں کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، جنرل راحیل شریف

    کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، کراچی سے دہشت گردی کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہےگا۔

    کور ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی مشیر داخلہ سہیل انور سیال، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر،کور کمانڈر کراچی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہم افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں آرمی چیف کو ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی گئی اور اویس شاہ کے اغوا سمیت امجد صابری کے قتل کے معاملے میں اب تک کی گئی تحقیقات سے آگاہ کیا گیا۔

    جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دیں کہ تمام سیکیورٹی ادارے مل کر کام کریں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پیشگی کارروائیاں کی جائیں، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحدہ ہے۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ لی اور کہا کہ کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کر کے دم لیں گے،رینجرز کو کراچی کے عوام کا اعتماد حاصل ہے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی پہنچتے ہی رینجرز ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ لی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کو اویس شاہ کے اغوا اور امجد صابری کے شہادت سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی، امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، بریفنگ میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو پناہ نہیں ملے گی کراچی کے چپےچپےمیں امن یقینی بنایاجائےگا، کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے،دہشت گردوں کےخلاف بلا امتیاز آپریشن یقینی بنایا جائے گا، سندھ رینجرز کو کراچی کے عوام کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

    آرمی چیف نے رینجرزکے کردار اور خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اپنے مشن کی تکمیل کے لیے  سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

  • امن و امان سے متعلق اہم اجلاس، آرمی چیف اور چوہدری نثار کی کراچی آمد

    امن و امان سے متعلق اہم اجلاس، آرمی چیف اور چوہدری نثار کی کراچی آمد

    کراچی : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ اغوا کے بعد کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اور گرفتار کیے گئے ملزمان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔

    آرمی چیف آف اسٹاف کور ہیڈ کوارٹر کراچی اور سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کور ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی آپریشن کو تیز کرنے اور اس میں بہتری لانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں گرفتار ملزمان اور امجد صابری قتل کیس میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    جنرل راحیل شریف ائیر پورٹ سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے بعد ازاں کور ہیڈ کوارٹر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بلاتفریق کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی دی جائے گی۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ آرمی چیف کے سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی آپریشن پر بریفنگ دی اور اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا‘‘۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے رینجرز افسران سے خطاب کرتے ہوئے کراچی آپریشن میں رینجرز کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’ شہر سے جلد دہشت گردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا‘‘۔

    آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈر کراچی بھی موجود تھے۔