Tag: اژدہا

  • بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بینکاک: تھائی لینڈ میں دیہاتیوں نے ایک بلی کو اژدھے کی خوف ناک گرفت سے بڑی بہادری کے ساتھ بچا لیا، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ کو ایک لات بھی ماری۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی دیہاتیوں نے ایک آوارہ بلی کو موت کے گھاٹ اترنے سے بچانے کے لیے ایک 8 فوٹ بووا کنسٹریکٹر سے لڑائی لڑی۔

    تھائی لینڈ میں بلی اچانک ہی ایک بہت بڑے سانپ کی گرفت میں آ گئی تھی، لیکن چند دیہاتیوں نے بڑے ڈرامائی انداز میں بے بس بلی کو بچایا۔

    یہ واقعہ ہفتے کو تھائی لینڈ کے صوبے ٹک میں ایک مصروف سڑک کے بیچوں بیچ پیش آیا تھا، لوگوں نے دیکھا کہ ایک بڑا بووا سانپ بلی کو دبوچ کر اسے بھینچ رہا ہے۔

    معلوم ہوا کہ سفید بلی وہاں کبوتروں کا شکار کرنے آئی تھی جب اچانک خوف ناک سانپ نے اس پر حملہ کر کے اسے پکڑ لیا، جب وہ اس کے گرد لپٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتارنے والا تھا تب کچھ لوگوں نے دوڑ کر سانپ پر حملہ کر دیا۔

    سوشل میڈیا پر کسی نے اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جو بہت تیزی سے وائرل ہو گئی، یہ ویڈیو سڑک پر چلنے والے ایک کار کے ڈیش بورڈ کے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔

    بلی سانپ کے شکنجے میں مکمل طور پر بے بس ہو چکی تھی، جب آس پاس کے چند لوگ دوڑے ہوئے آئے، اور اسے بچانے لگے، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی کے گرد لپٹے ہوئے سانپ کو لات مار دی، اگرچہ سانپ نے بلی کو نہیں چھوڑا لیکن ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہی لات ہی سانپ کو لگ سکی تھی۔

    ذرا دیر بعد ایک اور شخص نے سانپ پر دور سے لکڑی پھینکی لیکن اس نے کچھ خاص کام نہیں کیا، اتنے میں ایک خاتون سمیت چند اور لوگ سلاخوں کے ساتھ آ گئے اور زمین پر اسے بجانے لگے، اس کے بعد سانپ نے بلی کو چھوڑ دیا اور بھاگ گیا۔

    بلی اتنی خوف زدہ ہو چکی تھی کہ آزادی ملنے کے بعد بھی چند لمحے تک بے حس و حرکت بیٹھی رہی، اور اس کے بعد اٹھ کر تیزی سے بھاگی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کی میونسپلٹی ریسکیو ادارے نے بعد میں اس سانپ کو پکڑ کر جنگل میں لے جا کر چھوڑ دیا تھا۔

  • امریکا: خوف ناک اژدہوں نے گھر کو گھیر لیا (ویڈیو دیکھیں)

    امریکا: خوف ناک اژدہوں نے گھر کو گھیر لیا (ویڈیو دیکھیں)

    یوٹاہ: مغربی امریکا میں واقع ریاست یوٹاہ کے ایک علاقے میں 20 بڑے برمی اژدہوں نے ایک گھر کو گھیر لیا، جسے دیکھ کر لوگ خوف زدہ ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کے علاقے ہالیڈے میں ایک شخص نے غیر قانونی طور پر 20 بڑے برمی سانپ پال رکھے تھے، جن میں سے زیادہ تر آزاد ہو کر گھر سے باہر نکل آئے اور علاقے میں آس پاس رینگنے لگے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ان اژدہوں میں دس ایسے تھے جن کی لمبائی 10 فٹ تھی، لوگ گھر کے باہر اتنے بڑے سانپوں کو آزادانہ رینگتے دیکھ کر ڈر گئے۔

    پولیس نے اطلاع ملنے پر 64 سالہ شہری مارٹن بون کے گھر پر چھاپا مارا تو وہاں سے دیگر غیر ملکی جانور بھی بڑی تعداد میں برآمد ہوئے، چند اژدہے اندر شیشوں میں بند بھی تھے تاہم زیادہ تر آزادانہ آس پاس رینگ رہے تھے۔

    مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس کے ڈٹیکٹو نے کہا کہ لوگوں نے ایک اور مسئلے کی طرف توجہ دلائی کہ جانوروں کے فضلے سے آس پاس کے علاقے میں عجیب سی بو پھیلی ہوئی تھی۔

    اینیمل کنٹرول کے ادارے نے گھر میں موجود تمام جانوروں کو قبضے میں لے کر جانچ کے بعد دوسری جگہ منتقل کر دیا۔ جب کہ پولیس نے غیر ملکی جانور رکھنے کے الزام میں مارٹن بون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں برائٹن کے علاقے میں ایک سٹی سینٹر میں خریداری کرنے والے اس وقت سخت خوف زدہ ہو گئے تھے جب انھوں نے ایک شخص کو 12 فٹ لمبا پائتھن سانپ ہاتھوں میں اٹھائے اپنے درمیان دیکھا۔

  • بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 فٹ لمبے ایک پائتھن سانپ نے ہرن کو سالم نگل لیا، تاہم اسے برے انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو پی میں دس فٹ لمبے پائتھن نے پورے ہرن کو نگل لیا، بعد ازاں مرے ہوئے ہرن کو اگلنے کے بعد وہ پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔

    گاؤں والوں نے گھسیٹ کر اژدہے کو علاقے سے 3 کلومیٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا تھا، تاہم ہرن کی نعش اگلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو اترپردیش کے امروہہ ضلع میں پیش آیا، ایک لڑکی نے مالی پورہ گاؤں کے قریب گنے کے کھیت میں پائتھن کو دیکھا، وہ گنے لینے آئی تھی جب بہت بڑے سانپ پر اس کی نظر پڑی۔

    بعد ازاں لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں والے دوڑتے ہوئے کھیت میں پہنچے، اور سب نے کھیت کو گھیرے میں لے لیا، انھوں نے دیکھا کہ پائتھن پھول کر کُپا ہو چکا تھا، وہ سمجھے کہ سانپ نے کسی بچے کو نگل لیا ہے۔

    مقامی لوگوں نے مل کر سانپ کو گھسیٹ کر وہاں سے نکالا، اس دوران فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی پولیس کے ہمراہ پہنچ گئی، ٹیم نے اژدہے کو گھسیٹ کر وہاں سے تین کلو میٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا۔

    پائتھن ہرن کو ہضم کرنے سے قاصر تھا، اس لیے گنگا کنارے اس نے مردہ ہرن کو اگل دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی مر گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ وہ سانپ کے مرنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ جون میں ہریانہ کے یمنا نگر ضلع میں ایک جنگل کے قریب 15 فٹ لمبے پائتھن نے ایک مور کو نگل لیا تھا۔

  • لاہور میں گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا  نکل آیا

    لاہور میں گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا نکل آیا

    لاہور: گڑھی شاہو، صدیق کالونی میں ایک گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا نکل آیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں صدیق کالونی کے ایک گھر سے بڑا سانپ نکل آیا، جس سے لوگ خوف زدہ ہو گئے، فوری طور پر اسپیشل اینیمل ریسکیو ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے 6 فٹ 11 انچ لمبے اژدہے کو پکڑ لیا۔

    ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ سانپ کو آج لاہور چڑیا گھر کے حوالے کیا جائے گا۔

    ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کو سانپ سے متعلق ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی جس پر ٹیم نے پہنچ کر گھر میں موجود اژدہے (Python) کو بروقت پکڑ کر گھر والوں کو محفوظ بنایا۔

    اسپیشل اینیمل ریسکیو ٹیم نے 30 منٹ میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور سانپ کو قابو کیا، پیمائش کے بعد ٹیم نے بتایا کہ سانپ کی لمبائی 6 فٹ 11 انچ ہے۔

    ترجمان کے مطابق 2020 میں صوبائی دارالحکومت میں اب تک 154 سانپ/اژدہے کی ایمرجنسی میں ریسکیو کور فراہم کیا گیا ہے، ریسکیو پنجاب بھر میں اب تک 1791 سانپ کی ایمرجنسی پر بروقت ریسپانس کر کے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کر چکی ہے۔

  • برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    کیمبرج: برطانوی شہر میں ایک اژدہا فرار ہو گیا، پولیس نے شہریوں کو خبردار کر دیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت مشہور برطانوی شہر کیمبرج میں 9 فٹ طویل اژدہا اپنے مالک کی قید سے آزاد ہو کر فرار ہو گیا، جسے ایک مقامی سڑک پر دیکھا گیا۔

    پولیس نے سانپ کے فرار کے بعد علاقے کے رہایشیوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت محتاط رہیں، کیوں کہ وہ انجانے میں پائتھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے علاقے کا دورہ کر کے اژدہے کے مالک سے بھی ملاقات کی جس نے تصدیق کی کہ سانپ کی لمبائی تین میٹر ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مئی میں پولیس کو سڑک پر ایک بہت بڑا اژدہا رینگتا ملا تھا جو نارنجی اور سیاہ دھاری دار تھا جسے بعد ازاں پکڑ کر جنگلی حیات کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ شہریوں کے اژدہا بہ طور پالتو جانور پالنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، متعدد شہریوں نے اژدہا پالے ہوئے ہیں۔

    پائتھن وہ سانپ ہے جو زہریلے نہیں ہوتے، دو سے دس میٹر لمبے ہوتے ہیں اور یہ درختوں پر چڑھنے والے گوشت خور سانپ ہیں، اپنے شکار کو بھینچ کر ہلاک کر دیتے ہیں۔

    یہ اژدہا بھارت، انڈونیشیا، فلپائن اور بورنیو میں پایا جاتا ہے، اپنے شکار کو جکڑ کر دماغ کو دوران خون روک دیتا ہے اور اس کی سانس رک جاتی ہے۔

  • بھارتی اژدہا سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل، چڑیا گھرمنتقل

    بھارتی اژدہا سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل، چڑیا گھرمنتقل

    لاہور : کارول جنگل سے آٹھ فٹ لمبا اژدہا پکڑا گیا ہے ، سانپوں کی یہ قسم صرف بھارت میں پائی جاتی ہے, اژدہے کو چڑیا گھر منتقل کردیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق خطرناک اژدہے کو مقامی رہائیشیوں نے لاہور کے مضافاتی جنگلات میں دیکھا جس سے پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی.

    بھارتی سرحد کے قریب واقع اس جنگل کی رہائشی آبادی نے ریسکیو ادارے کو فون کر کے اژدہے کی موجودگی کی اطلاع دی جس پر ریسکیو ادارے نے جنگل کی گھنی جھاڑیوں میں سے اژدہے کو پکڑ لیا.

    ریسکیو ادارے نے آٹھ فٹ طویل اژدہے کو باحفاظت پکڑ کر لاہور کے چڑیا گھر منتقل کردیا جہاں اسے عوام کے سامنے رونمائی کے لیے ایک پنجرے میں قید کردیا ہے.

    وائلڈ لائف ادارے کے اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ غالب امکان ہے کہ یہ اژدہا بھارتی سرحد عبور کر قریب واقع پاکستانی جنگل میں داخل ہو گیا اور مقامی آبادی نے فوری طور پر ریسکیو ادارے کو مطلع کیا.

    وائلڈ لائف اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ اژدہے کی یہ قسم پاکستان میں نہیں بلکہ بھارت میں پائی جاتی ہے اس لیے اس بات کا امکان مزید روشن ہوجاتا ہے جو کہ سرحد پار کرکے پاکستان میں داخل ہوا ہو.