Tag: اکاؤ

  • اکاؤ کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ کے یونیورسل ایوی ایشن سیکیورٹی آڈٹ کی کامیاب تکمیل

    اکاؤ کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ کے یونیورسل ایوی ایشن سیکیورٹی آڈٹ کی کامیاب تکمیل

    کراچی: شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم اکاؤ کی جانب سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے یونیورسل ایوی ایشن سیکیورٹی آڈٹ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔

    شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم ICAO کی چار رکنی آڈٹ ٹیم آسکر انابیل روبیو کی سربراہی میں دس روزہ ایوی ایشن سیکیورٹی آڈٹ کے لیے 18 فروری کو کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، اس آڈٹ کا مقصد گلوبل ایوی ایشن سیکورٹی کے معیار کو مسلسل مانیٹرنگ اور آڈٹ کے ذریعے بہتر بنانا تھا۔

    آڈٹ کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے کوآرڈینیشن کی، جب کہ ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس نے آڈٹ کے سلسلے میں تمام عملی اقدامات کے عمل درآمد کو یقینی بنایا، جو کہ پاکستان میں شہری ہوا بازی اور ہوائی اڈوں کی حفاظت کی ذمہ دار فیڈرل فورس ہے اور ایئر پورٹس کی حفاظت، مسافروں کی اسکریننگ، داخلی کنٹرول، کارگو اور پیرامیٹر کی سیکیورٹی اور ایئرپورٹس پر امن و امان کو یقینی بنانے کا آئینی مینڈیٹ رکھتی ہے۔

    اس سے قبل آڈٹ کی تیاری کےسلسلے میں ہیڈ کوارٹر اے ایس ایف کی ہدایت پر اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم بھی جناح ایئرپورٹ کا پری آڈٹ کر چکی تھی۔ کراچی ایئرپورٹ پر آڈٹ کے باقاعدہ آغاز سے پہلے اے ایس ایف نے آڈٹ ٹیم کو سیکیورٹی انتظامات سے متعلق دستاویزات بشمول سیکیورٹی اور ٹریننگ پروگرامز اور متعلقہ قوانین و ضوابط، ایس او پیز اور Protocol Questions کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔

    انسپیکشن ٹیم نے ایئرپورٹ کے سیکیورٹی انتظامات کا عملی جائزہ لینے کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں چیف سیکیورٹی آفیسر اے ایس ایف نے ٹیم کو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی ڈیپلائمنٹ، داخلی کنٹرول، اسکریننگ، پاسز کے اجرا، سیکیورٹی ایکوئپمنٹ، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اے ایس ایف کی استعداد کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    آڈٹ کے اختتام پر سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر میں اختتامی تقریب کے دوران آڈٹ ٹیم نے پاکستان میں ایوی ایشن سیکیورٹی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایوی ایشن سیکیورٹی کے حوالے سے نہ صرف 2023 کے تمام اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا ہے بلکہ یہ اقدامات ICAO کے 2030 کے لیے مقرر کردہ بین الاقوامی معیار کے اہداف کے قریب تر ہیں، جو پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے۔

    سیکیورٹی آڈٹ کی کامیاب تکمیل پر ہیڈ کوارٹر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے تمام متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا، جنھوں نے اپنے بھرپور تعاون سے آڈٹ کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

  • اکاؤ نے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا، ذرائع

    اکاؤ نے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا، ذرائع

    کراچی: عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ نے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق اکاؤ نے ایئرپورٹ پر لگے سیکیورٹی سسٹم پر اپنے اطمینان کا اظہار کر دیا ہے، اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان اور ان کی سیکیورٹی چیک کو بھی عالمی معیار کا قرار دے دیا۔

    عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف شعبوں کے آڈٹ کا سلسلہ جاری ہے، آڈٹ ٹیم نے پی آئی اے کے کارگو اور ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا، عالمی ہوا بازی کی تنظیم نے پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئر لائنوں کے مسافروں کے سیکیورٹی سے متعلق بھی جانچ پڑتال کی۔

    ذرائع کے مطابق عالمی ہوا بازی کی ٹیم نے جہاز میں مسافروں کے سامان منتقل ہونے سے قبل چیکنگ اور کارگو ایریا کا تیسرے روز بھی دورہ کیا۔

  • عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال کی

    عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال کی

    کراچی: عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ نے دوسرے روز بھی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ہوابازی کی تنظیم اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم آڈٹ کے سلسلے میں آج دوسرے روز بھی کراچی ایئرپورٹ پہنچی، جہاں اے ایس ایف نے سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

    اکاؤ کی ٹیم نے اے ایس ایف کی جانب سے سیکیورٹی اور سی سی ٹی وی کے مانیٹرنگ ایریا کی مکمل جانچ پڑتال کی، کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 731 کے مسافروں کے سامان اور ان کی سیکیورٹی چیکنگ کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق عالمی ہوا بازی کی ٹیم کو جہاز میں مسافروں کے سامان منتقل ہونے سے قبل چیکنگ اور کارگو ایریا کا بھی دورہ کرایا گیا، پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ٹیم کو مسافروں کے بورڈنگ اور دیگر پروسز سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

    واضح رہے کہ عالمی ہوا بازی کی ٹیم 10 روزہ دورے پر پاکستانی ایئرپورٹس کا آڈٹ کر رہی ہے۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    کراچی: عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال آڈٹ پروگرام کے تحت کراچی کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم 5 سال بعد کراچی کا دورہ کرے گی، اکاؤ کی 4 رکنی ٹیم دس روزہ دورے پر روبیو آسکر کی قیادت میں 18 فروری کو کراچی پہنچے گی۔

    اکاؤ مونٹریال کی ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پروازوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گی، اور سی اے اے اکاؤ کی ٹیم کو ایئرپورٹ پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دے گا، اور اس حوالے سے ایک پریذنٹیشن بھی پیش کی جائے گی۔

    یہ وفد کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی، کارگو، فلائٹ کچن، گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ کرے گا، اکاؤ کے وفد کو سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔

    وفد مسافروں کے سامان، اسکریننگ، جہاز میں سامان منتقل ہونے اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ ہڑتال کے عمل کو مانیٹر کرے گا۔ واضح رہے کہ اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم نے آخری فزیکل آڈٹ 2019 میں اور آن لائن 2021 میں کیا تھا۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کردار کی عالمی سطح‌ پر تعریف

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کردار کی عالمی سطح‌ پر تعریف

    کراچی: ہوا بازی کی عالمی تنظیم اکاؤ کی جانب سے سی اے اے کا آڈٹ مکمل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کردار کی تعریف کی ہے۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ نے کہا کہ اکاؤ کی جانب سے سی اے اے کے آڈٹ میں اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ICAO USOAP آڈٹ آج اختتام کو پہنچا، یہ ایک سال کی ان تھک کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آڈٹ کا نتیجہ بغیر کسی اہم خدشات کے انتہائی مثبت رہا ہے۔

    ڈی جی سی اے اے کے مطابق اختتامی سیشن میں اکاؤ آڈٹ ٹیم نے سی اے اے کی طرف سے پیش رفت اور آڈٹ سے قبل تیاری اور محنت کو سراہا۔

    اکاؤ کے طریقہ کار کے مطابق رسمی رپورٹ چند ہفتوں میں جاری کی جائے گی، جسے عوامی سطح پر شیئر کیا جائے گا۔

    خاقان مرتضیٰ نے ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ریگولیٹری نادر شفیع ڈار کی قیادت میں پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

    انھوں نے کہا ریگولیٹری ڈویژن کے تمام ڈائریکٹرز جن میں محمد ضیا خان (لائسنسنگ)، افتخار عثمانی (فلائٹ اسٹینڈرڈز)، لقمان احمد (ایئروارڈینس)، افتخار احمد (ڈی اے آر)، زاہد بھٹی (کوآرڈینیشن) ایم رضوان (لیگل)، اور عاطف ستار (ایچ آر) شامل ہیں، کی کارکردگی سراہے جانے کی مستحق ہے۔

    ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ ایوی ایشن سیکٹر اور تمام پاکستانی ایئر لائنز پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

  • بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا

    بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا

    کراچی: بین الاقوامی تنظیم ہوا بازی (ایکاؤ) نے پاکستان کا اہم دورہ ملتوی کر دیا جو سول ایوی ایشن کے آڈٹ کے سلسلے میں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کی آڈٹ ٹیم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے سیفٹی اقدامات پر تحفظات کی کلیئرنس کے سلسلے میں شیڈول دورہ ملتوی کر دیا ہے۔

    ایکاؤ آڈٹ ٹیم کو 5 جولائی کو پاکستان پہنچنا تھا، تنظیم نے پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر میں اضافے کی وجہ سے دورہ ملتوی کیا، سی اے اے نے ایکاؤ کا دورہ ملتوی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

    سی اے اے کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار نے بتایا کہ ایکاؤ سے ہم نے درخواست کی ہے کہ آن لائن بھی آڈٹ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں اتھارٹی نے ایکاؤ کو ای میل ارسال کی ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں کرونا وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، سی اے اے نے مخلتف شعبوں پر اکاؤ کے تحفظات کو دور کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

    نادر شفیع کا کہنا تھا کہ ایکاؤ کی جانب سے سی اے اے کے اقدامات پر مبینہ طور سے 80 فی صد اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈی جی نے کہا کہ عالمی ہوا بازی کی تنظیم نے کہا ہے کہ رواں سال نومبر دسمبر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا خصوصی آڈٹ کیا جائے۔