Tag: اکبر بگٹی قتل کیس

  • اکبر بگٹی قتل کیس: پرویز مشرف کو پیشی سے مستقل استثنیٰ مل گیا

    اکبر بگٹی قتل کیس: پرویز مشرف کو پیشی سے مستقل استثنیٰ مل گیا

    کوئٹہ : اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کرنے والی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو پیشی سے مستقل استثنیٰ دیدیا، جج کا کہنا تھا کہ مقدمہ کی کارروائی تیزی سے آگے بڑھانا چاہتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نواب اکبر خان بگٹی مقدمہ قتل کی سماعت کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت ون کے جج آفتاب احمد لون نے کی۔

    نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت عدالت میں بطور گواہ پیش ہوئے تو سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیروانی کے وکیل محمد فاروق نے ان سے جرح کی، جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے گواہ سے جرح نہ کرنے کو ترجیح دی۔

    کارروائی مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے دوران مقدمہ عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی دائر درخواست پر گزشتہ سماعت میں کیا گیا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

    نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی جانب سے تاخیری حربوں کی ہمیشہ مخالفت کرتے رہیں گے۔

    سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہارکیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرہر صورت پیش ہوں۔

    بصورت دیگر وکیل کو نوٹس کے علاوہ موکل کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کریں گے،جس کے بعد سماعت یکم جون تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

  • اکبر بگٹی قتل کیس: پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    اکبر بگٹی قتل کیس: پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    کوئٹہ: انسدادِ دہشتگردی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

    سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اکبر بگٹی قتل کے مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی، صدر پرویز مشرف کی مقدمے کے فیصلے تک عدالت میں پیشی سے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    دوران سماعت سابق وفاقی وزیرِ داخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیرِ داخلہ شعیب احمد نوشیروانی کی جانب سے مقدمے سے بریت کی درخواستوں پر وکلاء نے دلائل مکمل کئے، جمیل اکبر بگٹی کے وکیل نے فاضل وکلاء کے دلائل کی بھر پور مخالفت کی۔

    دوران سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کیلئے تاحکم مقدمہ عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف ایک مشہور شخصیت ہیں، ان کی حاضری کے بغیر بھی مقدمے کی پیروی کی جاسکتی ہے۔

    عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی وکیل کی استدعا پر فاضل وکلاء سے رائے لینے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے پرویز مشرف کو سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے سندھ حکومت کو ہدایت دیتے ہوئے سماعت 17مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔

    گزشتہ سماعت میں عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 25 فروری تک ملتوی کردی تھی، سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیرِداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیرِداخلہ میر شعیب نوشیروانی پیش ہوئے تاہم سابق صدر پرویز مشرف ایک مرتبہ پھر حاضر نہیں ہوئے۔

    سماعت کے دوران وکیل استغاثہ نے سابق صدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر کہا کہ وقت گزاری کے لئے ہر بار استثنٰی کی درخواست دی جاتی ہے، پرویز مشرف نے سعودی عرب جانے کے لیے درخواست دی ہے، کراچی سے سعودی عرب کا 4 جبکہ کوئٹہ کے لئے ایک گھنٹے کاسفر ہے، وہ سعودی عرب جاسکتے ہیں تو یہاں کیوں نہیں آسکتے۔

    سماعت کے دوران عدالت نے پرویز مشرف کے طبی معائنہ سے متعلق میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

  • اکبربگٹی قتل کیس: پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد

    اکبربگٹی قتل کیس: پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد

    کوئٹہ: نواب اکبربگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویزمشرف پرفردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

    کوئٹہ کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی ، سابق وفاقی وزیرِ داخلہ آفتاب احمد شیرپاﺅ، سابق صوبائی وزیرِ داخلہ بلوچستان شعیب احمد نوشیروانی اور سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

    صدر پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست بھی جمع کرائی، عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے ڈاکٹروں کا بورڈ تشکیل نہ دئیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ ماہ 4فروری تک ملتوی کردی، جس کے بعد مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔

    خصوصی عدالت نے آفتاب شیرپاؤ اورشعیب احمد نوشیروانی پربھی فردِ جرم عائد کردی ، آفتاب شیرپاؤ وفاقی وزیرِداخلہ اور شعیب نوشیروانی صوبائی وزیرِداخلہ تھے جبکہ سابق وزیرِاعظم شوکت عزیز پرفردِ جرم عائد نہیں کی گئی،عدالت میں پیش ہونے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شرپاﺅ اور بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی نے صحت جرم سے انکار کیا، مقدمے کی سماعت چار فروری تک ملتوی کردی گئی۔

    اس سے قبل سماعت میں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کو سابق صدرپرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل میں سندھ حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

    یاد رہے کہ نواب اکبر بگٹی چھبیس اگست دوہزار چھ کو پرویز مشرف کے دورِحکومت میں آپریشن کے دوران لقمہ اجل بن گئے تھے، پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی نے دوہزار نو میں درج کرایا تھا۔