Tag: اکتوبر

  • اکتوبر سے اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان

    اکتوبر سے اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان

    اکتوبر کے مہینے سے لاہور میں سرکاری اسکولوں کی نئی ٹائمنگ کا اعلان کردیا گیا، جس میں حکام کی جانب سے تھوڑی ردوبدل کی گئی ہے۔

    سردیوں کی آمد کے پیش نظر حکام نے سرکاری اسکول کے اوقات میں تبدیلی کی ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا، لاہور شہر میں ہزاروں بچے تعلیم حاصل کرنے کے لیے سرکاری اسکولوں کا رخ کرتے ہیں اب انھیں نئے اوقات کار کو فالو کرنا ہوگا۔

    شہر میں پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی تعداد تقریباً 1300 کے قریب ہے، اس سے پہلے ستمبر میں سرکاری اسکولوں کو سنگ شفٹ میں چلایا جارہا تھا۔

    پچھلے ماہ سرکاری اسکولو میں پڑھائی کا آغاز صبح 8 بجے ہوتا تھا جبکہ چھٹی کا وقت دوپہر 1:30 بجے مقرر کیا گیا تھا۔

    سرکاری اسکول کے حکام نے اس اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی ٹائمنگ میں 15 منٹ کا اضافہ کردیا ہے۔

    یکم اکتوبر سے سرکاری اسکول پیر تا جمعرات 8 کے بجائے صبح 7:45 پر کھلیں گے جبکہ چھٹی کی ٹائمنگ وہی 1:30 ہوگی جبکہ جمعہ والے دن سرکاری اسکولوں کی چھٹی 12 بجے ہوگی۔

  • اکتوبر کے 3 دنوں میں کرونا کیسز کی شرح مزید کم ہو گئی

    اکتوبر کے 3 دنوں میں کرونا کیسز کی شرح مزید کم ہو گئی

    اسلام آباد: جہاں ملک میں ایک طرف سیلاب سے پھیلی ہوئی تباہی کے بعد ڈینگی اور ملیریا کی وبا نے زور پکڑ لیا ہے، وہاں دوسری طرف کرونا کیسز میں مسلسل کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

    نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے مطابق اکتوبر کے پہلے 3 دنوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 164 رہی، جب کہ ان تین دنوں میں کووِڈ نائنٹین سے 3 اموات واقع ہوئیں۔

    ملک میں کرونا انفیکشن کے تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اس وقت تشویش ناک مریضوں کی تعداد 45 ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں ملک میں 32 ہزار 228 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں مثبت کیسز کی قومی شرح 0.38 رہی۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 50 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ملک بھر میں 10 ہزار 139 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں کیسز کی قومی شرح 0.49 فی صد رہی، 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا سے کسی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔

    گزشتہ روز، 2 اکتوبر کو ملک بھر میں 39 کیسز سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح 0.38 رہی، جب کہ یکم اکتوبر کو 75 کیسز سامنے آئے، جن میں مثبت کیسز کی شرح 0.64 فیصد تھی۔

  • پاکستانی خواتین بریسٹ کینسر کی علامات کے باوجود ڈاکٹرز سے رجوع نہیں کرتیں

    پاکستانی خواتین بریسٹ کینسر کی علامات کے باوجود ڈاکٹرز سے رجوع نہیں کرتیں

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ خواتین میں چھاتی کے سرطان کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے تاکہ اس مرض سے متعلق آگاہی فراہم کر کے خواتین کو اس بیماری سے بچایا جاسکے۔

    ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں عموماً خواتین اس مرض کی علامات کے باوجود ڈاکٹروں سے رجوع نہیں کرتیں، جس کی وجہ سے یہ سرطان خطرناک صورت حال اختیار کر لیتا ہے۔

    چھاتی کا سرطان عموماً خواتین میں پایا جاتا ہے، ماہرین صحت کے مطابق ہر سال پاکستان میں ہزاروں خواتین اس مرض کی تشخیص سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں خواتین کو اپنے معالج سے فوری رجوع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق ہر 10 میں 9 خواتین کو اس مرض کی شکایات کا سامنا ہوتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ خواتین فوری طور اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں تاکہ ابتدائی مرحلے ہی میں کسی خطرناک صورت حال کو کنٹرول کیا جا سکے۔

    ماہرین صحت کے مطابق ابتدائی شکایت کی صورت میں چھاتی کا کینسر قابل علاج ہے، اور بر وقت تشخیص و علاج مریض کو خطرناک صورت حال سے بہ آسانی نکالنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے سرطان کے خلاف آگاہی کے طور منایا جاتا ہے، تاکہ خواتین کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔

  • اکتوبر میں تجارتی خسارے میں کمی

    اکتوبر میں تجارتی خسارے میں کمی

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2020 میں تجارتی خسارے میں ساڑھے 26 فیصد کمی دیکھی گئی۔ رواں مالی سال کے 4 ماہ میں تجارتی خسارہ 7 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر 2020 میں ملکی تجارتی خسارہ 1 ارب 80 کروڑ ڈالر سے زائد رہا، ستمبر کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں ساڑھے 26 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں 7.41 فیصد کی کمی ہوئی، مالی سال کے 4 ماہ میں تجارتی خسارہ 7 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔

    اس سے قبل ستمبر کے مہینے میں تجارتی خسارے میں 19.49 فیصد اضافہ ہوا تھا، ستمبر 2020 میں تجارتی خسارہ 2.39 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ ستمبر میں برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا، اگست میں 1.58 ارب ڈالر کی برآمدات ستمبر میں بڑھ کر 1.87 ارب ڈالر رہی تھی۔

    رواں مالی سال کے 3 ماہ میں برآمدات 5.51 ارب ڈالر سے کم ہو کر 5.46 ارب ڈالر رہی اور رواں مالی سال 3 ماہ میں درآمدات 0.56 فیصد بڑھ کر 11.26 ارب ڈالر رہی۔

  • روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

    روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

    ماسکو: جہاں دنیا کے کئی بڑے ممالک کرونا ویکسین کے حوالے سے جلد سے جلد دنیا کو خوش خبری سنانے کے لیے تگ و دو کر رہے ہیں وہاں روس نے کرونا ویکسی نیشن سے متعلق بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اساتذہ اور ڈاکٹروں پر کلینیکل ٹرائلز کے بعد روس نے رواں برس اکتوبر میں بڑے پیمانے پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی مہم کی تیاری کر لی ہے۔

    روس کے وزیر صحت نے اعلان کیا ہے کہ روس اکتوبر میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم چلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اس سلسلے میں ماسکو میں واقع سرکاری ریسرچ سینٹر گامالیہ انسٹی ٹیوٹ (Gamaleya Institute) نے اس ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز مکمل کر لیے ہیں، اور اب اسے رجسٹرڈ کروانے پر کام کر رہا ہے۔

    وزیر صحت میخائل مراشکو نے اساتذہ اور ڈاکٹروں کو پہلے ویکسین دینے کے منصوبے کا خاکہ پیش کرنے کے بعد کہا کہ ہم اکتوبر میں وسیع پیمانے پر ویکسی نیشن کا ارادہ کرتے ہیں۔

    دوسری طرف نامعلوم ذرائع نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ روس کی پہلی ممکنہ ویکسین رواں ماہ اگست میں منظور ہونے والی ہے، تاہم، کچھ ماہرین نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ قومی وقار جیتنے کے لیے روس ویکسین تیار کرنے کے لیے بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اس بات کو یقینی بنائے بغیر کہ وہ محفوظ بھی ہے۔

    امریکی متعدی امراض کے ماہر انتھونی فاؤچی نے دو دن قبل کہا تھا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ امریکا مختلف ریگولیٹری سسٹمز کی وجہ سے روس یا چین کی تیار کردہ ویکسین کا استعمال کرے گا۔

    انھوں نے کانگریس کو بتایا کہ میرا خیال ہے کہ چینی اور روسی ہر کسی کو ویکسین لگانے سے قبل اس کا ٹیسٹ کر رہے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ٹیسٹ سے قبل ویکسین کے تقسیم کے لیے ریڈی ہونے کے دعوے کافی حد تک پریشان کن ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں امریکا اور برطانیہ میں روس کرونا وائرس کی ریسرچ لیبز ہیک کرنے میں بھی ملوث رہا تھا۔ اگرچہ امریکی سائبر سٹی اینڈ انفرااسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی اور برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر نے کسی بھی ملک کا نام نہیں لیا تاہم اسکائی نیوز نے بتایا تھا کہ اس میں روس، چین اور ایران کو ملوث سمجھا جاتا ہے، دوسری طرف برطانیہ میں روس کے سفیر آندرے کیلن نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

    امریکا میں جوائنٹ ایڈوائزری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ریسرچ کو اس لیے ہدف بنایا گیا ہے کیوں کہ ویکسین تیار کرنے والا پہلا ملک بلا شبہ بہت بڑا سفارتی اور جیو پالیٹیکل اثر و رسوخ حاصل کر لے گا۔

    اس وقت دنیا بھر کے کئی ممالک ویکسین کی تیاری کی دوڑ میں شریک ہیں جن میں 20 سے زائد ویکسینز کلینیکل ٹرائلز کے مرحلے میں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ڈیٹا کے مطابق کم از کم 4 ویکسینز آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہیں جب کہ 3 انسانی آزمائشوں میں کے مرحلے میں ہیں، ان میں 3 چین میں اور دیگر برطانیہ میں تیار کی گئی ہیں۔

    برطانیہ پہلے ہی آکسفرڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ ایک ویکسین کے 100 ملین خوراکوں کا آرڈر دے چکا ہے۔

  • رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    لندن : بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اندیشہ ہے ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں شہریوں کے اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی وزارت عظمی کے لیے مضبوط ترین امیدوار اور سابق وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ 31 اکتوبر تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے۔

    بورس جانسن نے باور کرایا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت المناک طور پر اعتماد سے محروم ہو جائے گی۔

    برطانوی وزارت عظمی کے منصب کی دوڑ میں شامل دیگر چار امیدواروں کے ساتھ ٹی وی پر مناظرے کے دوران جانسن کا کہنا تھا کہ ہمیں 31 اکتوبر تک نکلنا ہو گا کیوں کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر مجھے اندیشہ ہے کہ ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں (شہریوں کے) اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حامی بورس جانسن نے تھریسامے کے بعد ملک کے اگلے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نے 313 میں سے 126 ووٹ حاصل کرکے تیسرے مرحلے کے لیے جگہ بنائی ہے جبکہ دیگر 4 امیدواروں نے 33 یا اس سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

  • ماہ اکتوبرکے پہلے ہفتے میں مہنگا ئی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

    ماہ اکتوبرکے پہلے ہفتے میں مہنگا ئی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

    کراچی : نئے مالی سال 2018-19ء کے چوتھے ماہ ( اکتوبر 2018ء ) کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں0.40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 5 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، انڈے، سگریٹ ،ٹماٹر، لہسن ، ایل پی جی ،سرخ مرچ ،دال مونگ ، آٹا ، گندم،گڑ ، ویجی ٹیبل گھی ،ملک پاؤڈر، بیف، کپڑے، سمیت 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔

    کیلے، پیاز ،آلو،چینی ،چنے کی دال ، دال مسور ،دال ماش، سمیت 7اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ،بجلی کے نرخ ، گیس نرخ ،مسٹرڈ آئل ، تازہ دودھ ، دھی، اری چاول، نمک ، باسمتی چاول ،مٹن ،صابن ، چائے،خوردنی تیل، سمیت 29 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.45، 0.50 ،0.55 اور 0.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

    حکومت کا پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ماہ اکتوبرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق اکتوبر میں‌ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں‌ اضافہ نہیں ہوگا. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں‌ گی.

    وزیر خزانہ اسدعمر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت عوام پراضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی، اس لیے قیمتیں برقرار رہیں گی.

    یاد رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل مہنگا ہونے کے باعث اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی تھی.

    ماہرین کی جانب سے یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل چار روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان کیا جارہا تھا۔

    البتہ اب حکومت نے اکتوبرمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے.

    وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہائی اسپیڈڈیزل پر سیلز ٹیکس 22 سے کم کر کے17.5فیصدکرنےکا فیصلہ کیا ہے، پٹرول  پر سیلز ٹیکس9.5فیصدسےکم کرکے4.5فیصدکیاجارہاہے۔

    انھوں نے کہا کہ مٹی کےتیل پرسیلزٹیکس6سےکم کرکے1.5فیصدکیاجائےگا،  لائٹ ڈیزل پرسیلزٹیکس مکمل ختم کیاجارہاہے، وزیراعظم کی ہدایت پرقیمتیں نہ بڑھانےکافیصلہ کیاگیا۔ 

    واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آریا ہے، خام تیل کی قیمتوں میں چار سال کی بلند ترین سطح پر ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے.

  • آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی 3اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی 3اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی

    دبئی : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019کی ٹرافی پیر سے اکیس ممالک کے دورے پر روانہ ہوگی جبکہ چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ دوہزار انیس کی ٹرافی کے سفر کا آغاز ستائیس اگست کو دبئی سے ہوگا، ٹرافی اپنے سفر میں پانچ براعظم کے اکیس ممالک اور ساٹھ شہروں سے ہوتی ہوئی میزبان ملک انگلینڈ پہنچے گی۔

    ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی تین اکتوبر کو پاکستان لائے جائے گی اور چار اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی ہوگی، پاکستان میں دس روز کے دوران کراچی اور اسلام آباد میں بھی ٹرافی کی منہ دکھائی ہوگی۔

    نو ماہ کے دوران ورلڈ کپ کی ٹرافی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے ممالک کے علاوہ دیگر گیارہ ممالک میں بھی جائے گی، جس میں نیپال ، امریکہ اور جرمنی بھی شامل ہیں۔

    دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ آئندہ سال تیس مئی سے برطانیہ میں شروع ہوگی اور پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے میدان میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

    یہ ٹورنامنٹ 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کا فارمیٹ وہی رکھا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ 1992 ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا، راؤنڈ رابن طرز پر کھیلے گئے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔

    پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔

  • ٹیکسٹائل برآمدات میں 6.51 فیصد اضافہ

    ٹیکسٹائل برآمدات میں 6.51 فیصد اضافہ

    اسلام آباد : رواں مالی سال 2014-15ء کے چوتھے ماہ، اکتوبر 2014ء میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 6.51 فیصد تک اضافہ ہوا تاہم ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر2014-15 ء کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.54 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 4.595 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں جولائی تا اکتوبر کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 4.667 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 10.89 فیصد کا اضافہ ہوا ، جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 758.228 ملین ڈالر سے بڑھ کر 840.773 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔

    اسی طرح تولیہ کی برآمدات میں 4.23 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کی برآمدات سے اس عرصہ کے دوران 253.590 ملین ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران 243.293 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 611.59 ملین ڈالر سے بڑھ کر 661.191 ملین ڈالر پر پہنچ گئیں اور اس طرح ان کی برآمدات میں 8.11 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ سلک اورسنتھیٹک ٹیکسٹائل کی برآمدات کا حجم 92.89 ملین ڈالر سے بڑھ کر 123.931 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ، اس طرح اس کی برآمدات میں 33.42 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔