Tag: اکستان

  • چین کا پاکستان کی قومی خودمختاری کے دفاع میں مکمل حمایت کا اعلان

    چین کا پاکستان کی قومی خودمختاری کے دفاع میں مکمل حمایت کا اعلان

    بینجنگ : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کی قومی خودمختاری کے دفاع میں مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی ، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں جنوبی ایشیاکی صورتحال اوردوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسحاق ڈار نے پاکستان کی خود مختاری کے دفاع پر چین کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے کلیدی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

    وزیر خارجہ چین وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی بھائی اوراسٹریٹجک پارٹنر ہے اور پاکستان کیساتھ تعلقات کونئی بلندیوں تک لےجاناچاہتا ہے، پاکستان کی خودمختاری اور ترقی کے سفر کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کا پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکی، چین نے بڑا اعلان کردیا

    دونوں وزرائے خارجہ نےدو طرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا اور ساتھ ہی تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اورصنعت کےشعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، ہوا۔

    سی پیک فیز ٹو کی پیش رفت پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا اور سی پیک میں تھرڈ پارٹی شمولیت کے نئے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی ترقی، امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں سمیت قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع ، پاکستان نے بھارت کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کردیا

    کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع ، پاکستان نے بھارت کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کردیا

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کو دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقررکرنے سے متعلق اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کردیا، عدالت نے کلبھوشن یادیوکووکیل مقررکرنے کا آخری موقع دے رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کو دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کردیا،بھارتی ہائی کمیشن کوعدالتی فیصلے کی کاپی بھی ارسال کردی گئی ہے۔

    عدالت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع دے رکھا ہے، دوران سماعت دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ یہ آئینی عدالت ہے فیئر ٹرائل مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کو موقع دیتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت کو کلبھوشن کیلیے وکیل مقرر کرنے کا ایک اور موقع

    اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا تھا کہ بھارت عدالتی کارروائی میں شامل نہیں ہوتا تو یہ الگ صورتحال ہوگی، بھارت نے کچھ دستاویزات کیلئے جونیئر وکیل مقرر کیا، اگر بھارت دستاویزات لینا چاہتا ہے تو قانون کو فالو کرے۔

    اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اب بھی آپشن ہے وہ کونسلر رسائی لینا چاہتا ہے تو لے سکتا ہے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارت نظرثانی کے معاملے پر رکاوٹ بن رہا ہے۔

    یاد رہے وزارت قانون نےا سلام آبادہائی کورٹ میں کلبھوشن کا قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اس حوالے سے حکم صادر کرے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی ذمہ داری پوری ہو سکے۔

    حکومت کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بھارتی جاسوس نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا، وہ بھارت کی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کرسکتا، بھارت بھی آرڈینینس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے۔

    خیال رہے فوجی عدالت نے کلبھوشن کوجاسوسی کے الزام میں سزائےموت سنارکھی ہے ، 17جولائی2019کوعالمی عدالت انصاف نے پاکستان کو فیصلے پر نظرثانی اور کلبھوشن یادیوکوقونصلررسائی کا حکم دیا تھا۔

  • ایف اے ٹی ایف کا اجلاس ، بھارتی کوششیں ناکام ، پاکستان کیلئے بڑی خبر

    ایف اے ٹی ایف کا اجلاس ، بھارتی کوششیں ناکام ، پاکستان کیلئے بڑی خبر

    پیرس : پاکستان کے بلیک لسٹ ہونےکےامکانات کم ہوگئے ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کااجلاس پیرس میں جاری ہے، آج بھی پاکستان کےاسٹیٹس کے بارے میں بات چیت کی جائے گی، پاکستانی وفد نےعملدرآمد رپورٹ بھی جمع کروادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس چین کی صدارت میں جاری ہے ، جس میں پاکستانی رپورٹ اور پاکستان کے اسٹیٹس پر مزید بات چیت کی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان کے اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ منی لانڈرنگ کے خاتمے سے متعلق رپورٹ اور پاکستان کے 29 اپریل کو دیئے گئے ایکشن پلان پرعملدرآمد زیر غورآئے گا، وزیراقتصادی امور حماداظہر کی سربراہی میں ٹیم اقدامات پر بریفنگ دے گی۔

    پاکستان نے آٹھ ماہ کے دوران ایف اے ٹی ایف کے اہداف پر بھرپور توجہ سے کام کیا ہے، جس کےنتیجے میں پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں جانے کے خدشات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

    پاکستانی وفد ستائیس اعتراضات سے متعلق عملدرآمد کی رپورٹ اتوار کو اجلاس میں جمع کراچکا ہے، جس پراجلاس میں غورکیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان کے اسٹیٹس کا فیصلہ ہوسکے گا۔

    مزید پڑھیں : ایف اے ٹی ایف کا ایکش پلان پر پاکستان کے اقدامات پر اظہار اطمینان

    ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کا وفد وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کی قیادت میں پیرس میں موجود ہے، پاکستان اور ایران ایف اے ٹی ایف کے ایجنڈے پر سرفہرست ہیں۔

    گذشتہ روز ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے اقدامات اور پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا اور چین، ترکی اور ملائیشیا نے ایف اے ٹی ایف کے ایکش پلان پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا تھا جبکہ اجلاس سے متعلق حتمی رپورٹ 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ادارے کے تعاون سے نئی نیشنل رسک اسیسمنٹ اسٹڈی مکمل کر کے ڈیڑھ سو صفحات کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو بھجوائی تھی، اس رپورٹ میں تین اہم پہلوؤں کے حوالے سے رسک اسیسمنٹ کی گئی ہے، جن میں سرِ فہرست ٹیررازم اور ٹیررازم فنانسنگ کے خطرات کا تعین ہے۔

    خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بدنام کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • کک باکسنگ: ’اگر کوئی حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘

    کک باکسنگ: ’اگر کوئی حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘

    کراچی: کک باکسنگ ویسے تو سخت جان لوگوں کا کھیل ہے مگر پاکستان میں یہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی میدان میں اتر کر اپنے آپ کو دفاع کے لیے مضبوط بنا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی مارشل آرٹ کک باکسنگ گزشتہ کچھ برسوں سے ملک میں پذیرائی حاصل کررہا ہے، رنگ میں اترنے والے کھلاڑی حریف کو سبقت دینے کے لیے برق رفتاری سے مکوں اور لاتوں کی برسات کرتے ہیں تاکہ فتح حاصل کرسکیں۔

    میمونہ علیزے محمد کک باکسنگ کی تربیت حاصل کررہی ہیں وہ اب اس مرحلے پر پہنچ گئیں کہ چوٹ لگنے سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آتا اور ٹریننگ نے انہیں مزید سخت جان بنا دیا۔

    اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان خاتون کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ’کک باکسنگ ایسا کھیل ہے جس میں جنرل فٹنس اور ذاتی دفاع کی صلاحیت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، اگر کوئی آپ پر حملہ کرے تو آپ بھرپور جواب دے سکتے ہیں‘۔

    کے  7 فٹنس اینڈ کک باکسنگ بے خوف لوگوں کی درسگاہ ہے جہاں پر تیار ہونے والے باکسرز نے عالمی سطح پر مقابلے کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

    نوجوان کھلاڑی نے اے آر وائی سےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’میں 7 فائٹ کرچکا ہوں اور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کے نام کو روشن کروں‘۔

    تربیت حاصل کرنے والے ایک اور نوجوان کا کہنا تھا کہ ’ہم سو فیصد نہیں بلکہ 110 فیصد ٹریننگ حاصل کرتے ہیں تاکہ کسی کمزوری کی وجہ سے ہم مقابلے میں شکست کا سامنا نہ کریں‘۔

    واضح رہے کہ باکسنگ میں فائٹر صرف مکے استعمال کرنے کا پابند ہوتا ہے جبکہ کک باکسنگ میں کھلاڑی حریف کو زیر کرنے کے لیے مکوں کے ساتھ لاتوں کا بھی آزادانہ استعمال کرسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔