Tag: اکنامک زونز

  • سعودی عرب: ولی عہد نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کردیا

    سعودی عرب: ولی عہد نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کردیا

    ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 4 خصوصی اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کیا ہے، ان سے سعودی معیشت کے فروغ کے حوالے سے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت میں چار اسپیشل اکنامک زون قائم کرنے کا اعلان کردیا، سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔

    ہر زون متعلقہ علاقے کی اقتصادی خصوصیات کا آئینہ دار ہوگا، یہ زونز ریاض، جازان، راس الخیر اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی (شمالی جدہ) میں کھولے جائیں گے۔

    ولی عہد نے کہا کہ نئے اسپیشل اکنامک زون کے اسپیشل قوانین و ضوابط ہوں گے، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ اسپیشل زونز دنیا بھر کے ممتاز سرمایہ کاروں کے لیے کشش کا باعث بنیں گے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مسابقت کا مؤثر ماحول فراہم کریں گے۔

    ان سے سعودی معیشت کے فروغ کے حوالے سے زبردست مواقع پیدا ہوں گے، نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔

    مختلف صنعتیں سعودی عرب کا حصہ بنیں گی، ان سے سعودی بزنس کے فروغ کے بڑے مواقع حاصل ہوں گے، اسپیشل اکنامک زون بنیادی معیشت کا حصہ بنیں گے۔ سعودی وژن 2030 میں معاون شعبوں کے اسٹریٹجک اہداف کے لیے زرخیز زمین فراہم کریں گے۔

    ولی عہد نے توجہ دلائی کہ اسپیشل اکنامک زونز مکمل صنعتی اور لاجسٹک پلیٹ فارمز ثابت ہوں گے، ان کی بدولت مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی کے لیے راہداری فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت سے سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

    یہ مشرق اور مغرب کی منڈیوں کے درمیان پل کا کام دیں گے۔

    اسپیشل اکنامک زونز سعودی عرب کو انویسٹمنٹ کے انٹرنیشنل فرنٹ میں تبدیل کردیں گے، ان کی وجہ سے سعودی عرب بین الاقوامی سپلائی لائن کو مضبوط کرنے والا اہم مرکز بن جائے گا۔

    اس سے قبل مکمل لاجسٹک زون کے قیام کا اعلان کیا جا چکا ہے جو ریاض میں کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دائرے میں ہوگا۔ علاوہ ازیں متعدد اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، خصوصی اکنامک زونز میں پیشرفت کا جائزہ

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، خصوصی اکنامک زونز میں پیشرفت کا جائزہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خصوصی اکنامک زونز میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، شبلی فراز اور فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ و گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، پختونخواہ کے وزیر خزانہ اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں خصوصی اکنامک زونز میں پیشرفت اور مختلف سرکاری اداروں و املاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں دریاؤں اور نہروں میں آبی آلودگی کی روک تھام کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ آبی آلودگی ایک نہایت سنجیدہ معاملہ ہے، عوام کی صحت اور معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں، اس اہم نوعیت کےمسئلے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم نے آبی آلودگی کی روک تھام کے لیے صوبوں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشیر ماحولیات صوبوں سے مل کر جامع حکمت عملی بنائیں، ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ آئندہ 15 دنوں میں مرتب کیا جائے۔