Tag: اکیڈمی ایوارڈ

  • شاہ رخ کی سالگرہ پر اکیڈمی ایوارڈ کا کنگ خان کو خراج تحسین

    شاہ رخ کی سالگرہ پر اکیڈمی ایوارڈ کا کنگ خان کو خراج تحسین

    بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو انکی سالگرہ پر اکیڈمی ایوارڈ کے آفیشل پیج کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔

    کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سپراسٹار شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی 59 ویں سالگرہ منائی، تاہم اس عمر میں بھی ان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، بالی ووڈ میں کنگ خان کا سکہ چلتا ہی ہے بلکہ اب ہالی ووڈ کی طرف سے بھی ان کی ایکٹنگ اسکلز کو سراہا گیا ہے۔

    شاہ رخ خان کی سالگرہ سے صرف چند گھنٹے قبل یعنی رات 2 نومبر کی رات 12 بجے سے پہلے اکیڈمی کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شاہ رخ خان کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کی ویڈیو پوسٹ کی گئی۔

    اس کلپ میں شاہ رخ خان اور جیا بچن کے مشہور سین کو شیئر کیا گیا ہے جس میں شاہ رخ ہیلی کاپٹر سے اترتے ہیں اور جیا بچن کو ان کی آمد محسوس ہوجاتی ہے۔

    اکیڈمی نے پوسٹ میں لکھا کہ فلم کبھی خوشی کبھی غم جس کے مصنف اور ہدایت کار کرن جوہر تھے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ، امیتابھ، جیا، کاجول، ریتک اور کرینہ نے اداکاری کی تھی۔

    انسٹاگرام کی اس پوسٹ پر بھی شاہ رخ خان کو ان کے کئی مداحوں نے سالگرہ کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، خیال رہے کہ بالی ووڈ سپراسٹار اس بار اپنی 59ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

  • جیکی چن کے لیے آسکر ایوارڈ

    جیکی چن کے لیے آسکر ایوارڈ

    لاس اینجلس: ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مشہور ایکشن ہیرو جیکی چن کو اعزازی طور پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ جیکی چن کو یہ اعزازی آسکر ان کے شاندار ایکٹنگ کیریئر کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

    پانچ دہائیوں تک مارشل آرٹس کی شاندار صلاحیتوں سے فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے جیکی چن کو اعزاز ی آسکر ایوارڈ مل گیا۔

    jackie-5

    آسکر کے اعزازی یا گورنرز ایوارڈ کا آغاز 2009 میں ان فنکاروں کے اعزاز میں کیا گیا جو اکیڈمی ایوارڈز کی مرکزی فہرست میں اپنی جگہ نہیں بنا پاتے لیکن ان کا کام ہالی ووڈ کے لیے سرمایے کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اس سے قبل اوپرا ونفرے اور انجلینا جولی سمیت کئی اداکاروں اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں کو بھی اس اعزازی ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

    رواں برس جیکی چن کے ساتھ مزید 3 افراد کو یہ ایوارڈ دیا گیا ہے جن میں فلم ایڈیٹر اینی کوٹس، کاسٹنگ ڈائریکٹر لین سلمسٹر اور ڈاکیومنٹری ڈائریکٹر فریڈرک وائس مین شامل ہیں۔

    jackie-3

    اینی کوٹس فلم ’لارنس آف عربیہ‘ میں اپنے کام کے باعث اس سے قبل بھی آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ اپنے 60 سالہ کیریئر میں انہوں نے ہالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں بطور فلم ایڈیٹر کام کیا۔

    سلمسٹر 200 سے زائد فلموں کے لیے انڈسٹری کی بہترین کاسٹ تخلیق کر چکے ہیں جبکہ فریڈرک وائس مین 1967 سے تقریباً ہر سال ایک ڈاکیومنٹری فلم بنا چکے ہیں۔

    اکیڈمی کے آٹھویں سالانہ گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں اعزاز وصول کرنے کے بعد جیکی چن کا کہنا تھا کہ 56 سال فلمی صنعت میں گزارنے اور متعدد ہڈیاں تڑوانے کے بعد آخرکار انہیں یہ ایوارڈ مل ہی گیا۔

    jackie-2

    تقریب میں معروف اداکار سلویسٹر اسٹالون سمیت متعدد اداکاروں اور فنکاروں نے شرکت کی۔

    jackie-4

    واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے 62 سالہ مارشل آرٹ اداکار جیکی چن اپنی مارشل آرٹ کی ناقابل یقین مہارت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ اپنے بچپن سے چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلموں میں کام کر رہے ہیں اور اب تک 200 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں۔