Tag: اگست

  • اگست میں مہنگائی کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

    اگست میں مہنگائی کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اگست میں مہنگائی کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح تک گئی، گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد رہی۔

    پاکستان کے مرکزی بینک نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اعلان 12 ستمبر کوہوگا، اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد رہی جبکہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.38 فیصد تھی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ٹریثری بلز میں سرمایہ کاروں کی ایک سالہ مدت نیلامی میں بڑی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے، نیلامی میں 700 ارب ہدف سے زائد 835 ارب کے بلز فروخت ہوئے۔

    3 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ 1 بیس پوائنٹ کم ہوکر 17.47 فیصد رہی، 6 اور 12 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ برقرار رہی، 6 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ 17.73 فیصد پر آگئی۔

    اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ 12 ماہ مدت کے ٹی بلز کی کٹ آف ایلڈ 16.99 فیصد رہی، 12 ماہ مدت کے ٹی بلز میں سب سے زیادہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی دیکھی گئی، 12 ماہ مدت کے 468 ارب روپے مالیت کے ٹی بلز فروخت ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 12 ستمبر کی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کی توقعات ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار شرح سود میں 2 فیصد کمی کی توقع کررہے ہیں۔

  • اگست میں پاکستان کی برآمدات میں کتنا اضافہ ہوا؟

    اگست میں پاکستان کی برآمدات میں کتنا اضافہ ہوا؟

    اسلام آباد: اگست میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی خسارہ بھی کم ہوگیا ہے۔

    وفاقی ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق اگست میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 18.90 فیصد اضافہ ہوا، پچھلے ماہ سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 15.93 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی اور اگست 2024 میں برآمدات 14 فیصد بڑھیں۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ اگست میں برآمدات کا حجم 2 ارب 74 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا، جولائی اور اگست میں برآمدات 5 ارب 5 کروڑ ڈالرز رہیں۔

    اگست میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 12.03 فیصد کم ہوا، پچھلے ماہ سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 20.54 فیصد کمی ہوئی، جولائی اور اگست میں تجارتی خسارہ 4.20 فیصد کم ہوا۔

    ادارہ شماریات نے بتایا کہ اگست میں تجارتی خسارہ ایک ارب 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا، جولائی اور اگست میں تجارتی خسارے کا حجم 3 ارب 57 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا۔

    رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران درآمدات میں 5.67 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ جولائی اور اگست میں امپورٹس کا حجم 8 ارب 62 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا۔

  • اگست کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اگست کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست 2020 کے آخری ہفتے میں مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق اگست کے آخری ہفتے میں مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 9.47 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، پیاز، دال چنا، دال مونگ، گڑ، آلو، تازہ دودھ، دہی، ایل پی جی، لہسن، چکن اور انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہوا۔

    ایک ہفتے کے دوران چینی 87 پیسے فی کلو مزید سستی ہوئی، علاوہ ازیں گندم، آٹا، چاول، کیلے، دال مسور اور دال ماش کی قیمت میں کمی ہوئی۔

    اسی طرح مٹن، بیف، خشک دودھ، ملبوسات، چائے، پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، بجلی اور گیس کے نرخ مستحکم رہے۔

    مجموعی طور پر اگست کے مہینے میں مہنگائی کی شرح میں 0.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم اگست کے مہینے میں مہنگائی کی اوسط شرح گزشتہ ماہ سے 2 فیصد کم رہی۔

    اگست میں مہنگائی کی شرح 8.21 فیصد رہی جبکہ جولائی میں یہ شرح 9.30 فیصد تھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اگست 2020 کے دوران مہنگائی کی شرح 8.74 فیصد رہی تھی۔

  • مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، اگست میں16کشمیریوں کو شہید کیا گیا

    مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم جاری، اگست میں16کشمیریوں کو شہید کیا گیا

    سری نگر : بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے کرفیو کے دوران سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گن سے شدید زخمی کیا، اب تک پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے5 اگست کے بعد سے مظالم کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج درندگی رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

    ایک ماہ کے دوران قابض فورسز نے سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، فائرنگ اور شیلنگ سے تین سو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اٹھائیس روز گزرنے کے باجود کرفیو نہیں ہٹایا جاسکا۔

    فائرنگ، شیلنگ، پیلٹ گن کے استعمال اور گھروں پر چھاپوں سے متعدد گھر تباہ ہوگئے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

    وادی میں مسلسل کرفیو کو ایک ماہ ہونے والا ہے۔ اسکول اور تجارتی مراکز بند ہیں، جس کے باعث کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوچکا ہے۔ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں ان کی زندگی مفلوج ہے، کرفیو کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اگست میں سولہ کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرامن احتجاج کرنے والوں کو فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین سو چھیاسٹھ کشمیری زخمی ہوئے۔

    اس کے علاوہ بھارتی فوج نے ایک ماہ کے دوران حریت قیادت سمیت پانچ ہزارسے زائد افراد کو گرفتار کیا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتےہوئے بھارتی فوج نے چودہ خواتین کو درندگی کا نشانہ بنایا اور اکتیس مکانات مسمار کردئیے۔

  • پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست میں اسلام آبادمیں ہوگا، فواد چوہدری

    پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست میں اسلام آبادمیں ہوگا، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیرسائنس اورٹیکنالوجی فوادچوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست میں اسلام آبادمیں ہوگا، اگرآپ  کچھ مختلف اورنیا پاکستان کودکھانا چاہتے ہیں توتیارہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرسائنس اورٹیکنالوجی فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان کا پہلا سائنس میلہ اگست میں اسلام آبادمیں ہوگا، سائنس میلے کے لئے انٹریزیکم جولائی سے لی جائیں گی۔اگرآپ نے کچھ مختلف اورنیا کیا ہے، جوآپ پاکستان کودکھانا چاہتے ہیں توتیارہوجائیں۔

    گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا سنہ 2022 میں ہمارا پہلا خلا باز خلا میں جائے گا، خلا میں بھی بھارت کو مات دیں گے، اگست کے مہینے کو سائنس و ٹیکنالوجی کے مہینے کے طور پر منائیں گے۔ پاکستان بھر سے جس نے بھی جو چیز ایجاد کی انہیں شوکیس کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : اگست کے مہینے کو سائنس و ٹیکنالوجی کے مہینے کے طور پر منائیں گے، فواد چوہدری

    ان کا کہنا تھا رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا، کیلنڈر کو ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ کابینہ کرے گی، تمام علما قابل احترام ہیں، کوشش کریں گے سائنس پر انحصار کریں۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔

  • ستمبر کا دوسرا ہفتہ /مہنگائی کی شرح میں22 0. فیصد اضافہ

    ستمبر کا دوسرا ہفتہ /مہنگائی کی شرح میں22 0. فیصد اضافہ

    کراچی: نئے مالی سال 2015-16ء کے تیسرے ماہ ( اگست 2015ء ) کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.42 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 11 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ایل پی جی ،آلو، لہسن ،پیاز ،دال ماش، چنے کی دال ،گندم ،آٹا،مٹن ، سرخ مرچ ، تازہ دودھ ، گڑ، ٹماٹر، اور کیلے سمیت 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، زندہ مرغی، انڈے،مونگ کی دال،چینی ،اری چاول ،مٹی کاتیل ،ویجی ٹیبل گھی سمیت9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

     ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ، گیس نرخ ،مسور کی دال ،بیف ،چائے ،مسٹرڈ آئل ، باسمتی چاول ،دھی ،خوردنی تیل، ملک پاؤڈ، نمک ، بجلی کے نرخ ،کپڑے اورکھلا گھی سمیت 27 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.35، 0.29 ،0.23 اور 0.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

  • اگست کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 35 فیصد کمی

    اگست کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 35 فیصد کمی

    اسلام آباد : نئے مالی سال 2015-16ء کے دوسرے ماہ ( اگست 2015ء ) کے چوتھے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.24 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 28 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مسور کی دال ،دال ماش، چنے کی دال ،ایل پی جی ، لہسن ،گڑ،پیاز ، سرخ مرچ ،بیف ،مٹن ،مسٹرڈ آئل ، باسمتی چاول ،دھی ،انڈے،چائے سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر،زندہ مرغی ،آلو، گندم ، آٹا،چینی ،مونگ کی دال،ویجی ٹیبل گھی ،اور کیلے سمیت9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ، مٹی کاتیل ،گیس نرخ ،خوردنی تیل، ملک پاؤڈ، نمک ، تازہ دودھ، اری چاول ، بجلی کے نرخ ،کپڑے اورکھلا گھی سمیت 25 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.25، 0.12 ،0.04 اور 0.00 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

  • اگست: سیمنٹ کی مقامی فروخت میں تیئس فیصد اضافہ

    اگست: سیمنٹ کی مقامی فروخت میں تیئس فیصد اضافہ

    اسلام آباد: سیمنٹ کی مقامی فروخت اگست کے مہینے میں 23.65 فیصد اضافہ سے 1.95ملین ٹن رہی ۔لیکن اگست میں مجموعی برآمدات میں 6.72 فیصد کمی واقع ہوئی .آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں مقامی کھپت 3.681 ملین ٹن رہی ۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سیمنٹ انڈسٹری کے مسائل کو اب تک دور نہیں کیا گیا ہے۔حالیہ وفاقی بجٹ میں حکومت نے درآمدی کوئلے پر ایک فی صد ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ جو سیمنٹ کی صنعت کے ساتھ ناانصافی ہے ۔

    کیوں کہ گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے سیمنٹ کی صنعت بھی کوئلہ استعمال کرنے لگی ہیں لہٰذا یہ کسٹم ڈیوٹی حکومتی مثبت کوششوں کو نقصان پہنچائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے اور کوئلے پر حالیہ کسٹم ڈیوٹی مین اضافے کو صارفین پر منتقل کردیں۔

  • مہنگائی بڑھنےکی شرح میں سات فیصد اضافہ

    مہنگائی بڑھنےکی شرح میں سات فیصد اضافہ

    اسلام آباد: اگست کے مہینہ ملک بر میں مہنگائی کا طوفان لے آیا ہے اور مہنگائی بڑھنےکی شرح سات فیصد ریکارڈ کی گئی اور یہ چودہ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ پاکستا ن بیورو شماریات کےمطابق ملک میں گزشتہ ماہ افراطِ زر کی شرح میں سات فیصد کا اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ چودہ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

    جولائی دوہزارچودہ میں مہنگائی کی شرح سات اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد رہی جبکہ اگست دوہزار تیرہ میں مہنگائی میں آٹھ اعشاریہ پانچ پانچ فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ سالانہ بنیادوں پر آلو ،دال مونگ انڈے دال ماش اور خشک دودھ کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ ٹماٹر،پیاز ،چائے اور مرغی کے نرخ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تجزیے کے مطابق ستمبر کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات اور خوردنی اشیا کی قیمتوں میں کمی کے باوجود افراط زر کی شرح سات فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح اوسطاً آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

  • عمران نےکہا نئے جج نوازشریف کو فارغ کر دینگے، جاوید ہاشمی

    عمران نےکہا نئے جج نوازشریف کو فارغ کر دینگے، جاوید ہاشمی

    اسلام آباد : مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان غیر آئینی طریقے اپنا رہے ہیں، پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے اپنی جان دے دوں گا مگر اس پر حملہ برداشت نہیں کرونگا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ معاملات طے کر لئے ہیں، ستمبر میں نئے الیکشن ہونگے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے، انہوں نے کہا "وہ” کہتے ہیں کہ طاہر القادری کیساتھ چلیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے پارٹی سے نکالنے کیلئے آئینی طریقہ کار استعمال نہیں کیا، عمران خان اپنی پارٹی کے آئین کو بھی تو پڑھ لیتے، میں کل بھی تحریک انصاف کا صدر تھا اور آج بھی ہوں۔

    مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان مرضی کے مالک ہیں، مرضی ہو تو آئین مانتے ہیں، مرضی نہ ہو تو نہیں مانتے، میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے تقدس کیلئے اپنی جان دے دونگا۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کو بدنام کیا، میں عدالت عالیہ کی توہین نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ میں کسی کے ساتھ نہیں ہوں،میں کسی صف میں نہیں ہوں اور صرف ان کے ساتھ ہوں جوآئین کی بالادستی کے لئے لڑتے ہیں،عمران خان کا امیج قوم کی نظر میں خراب ہوگیا۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان ایک منصوبے کے تحت اسلام آباد آئے تھے، عمران خان نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نواز شریف اور شہباز شریف کو فارغ کر دے گی۔