راولپنڈی: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگست کے بل میں یہ مکمل تباہی پھیردیں گے، بجلی کے بل بم بن کرگرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوچکا ہے، جلسے میں شرکت کیلئے ہزاروں خواتین کارکنان بھی پہنچ گئی ہیں، دھرنے میں لیاقت بلوچ، میاں اسلم، امیرالعظیم اور دیگر بھی شریک ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کی تنخواہ سے زیادہ بل آرہا ہے، خواتین اپنے گھروں کی چیزیں بیچ رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک جانب حکومت مذاکرات کی بات کررہی ہے، ہم نے حکومت کو اپنے مطالبات دیے ہیں، لاہور میں ہماری سیکڑوں خواتین کارکنان کے راستے میں رکاوٹ کھڑی کی گئی، یہ پنجاب حکومت کی فسطائیت ہے۔
امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ ہم ان کی چیزیں برداشت کرتے چلے جائیں، پاکستان کا یوتھ پاکستان کی طاقت اور اثاثہ ہے، وہ یوتھ پاکستان سے مایوس ہونے لگ گئی ہے، مہنگائی، بیروزگاری،ا ٓٹا، چاول اور دودھ کا مہنگا ہونا ہرگھر کا مسئلہ ہے۔
کسانوں نے اپنی محنت سے گندم کی فصل کو بڑھایا، گندم کی خریداری میں پنجاب حکومت نے روایتی ہتھکنڈوں کو استعمال کیا۔
انھوں نے کہا کہ آج یہاں مری روڈ پر تاریخی جلسے پر خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں، جماعت اسلامی کی یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلاول معلوم نہیں کتنے لاکھ کا جوتا پہن کرطلبا کیساتھ تصویر بنوا رہے تھے، سرکاری اداروں میں غریب کا بچہ پڑھنے جاتا تھا اس کیلئےتمام راستے بند ہوگئے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب میں 13 ہزار اسکولوں کو انھوں نے این جی اوزکو دینے کا ارادہ کیا ہے، ہمارے ہر بچے کو تعلیم ملنی چاہیے، یہ انھیں ایجوکیشن سےمحروم کرتے ہیں، ان کے خلاف ایک بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔