Tag: اگست 2019

  • گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ

    گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست میں مہنگائی میں 1.64 فیصد اضافہ ہوا، اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے اگست کے دوران مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ مالی سال 20-2019 کے دوسرے ماہ یعنی اگست میں 1.64 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق اگست 2018 کے مقابلے میں 2019 میں مہنگائی کی شرح 10.49 فیصد رہی، مالی سال کے 2 ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 9.44 فیصد تک رہی۔

    اس ایک ماہ میں چکن کی قیمت میں 41 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں 37 اور پیاز کی قیمت میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ پھلوں کی قیمت میں 16 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت 5 فیصد کمی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں 0.3 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک سال میں گیس کی قیمتوں میں 115، چکن کی قیمت میں 75 اور پیاز کی قیمت میں 61 فیصد اضافہ ہوا۔

    اسی طرح دالوں کی قیمت 25 سے 46 فیصد، ایندھن کی قیمت 23 فیصد اور گاڑیوں کی قیمت 21 فیصد بڑھ گئیں۔ ایک سال میں بجلی کی قیمت میں 0.79 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • ماہ اگست میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

    ماہ اگست میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: ماہ اگست میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اضافے سے متعلق با ضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، گھریلو سلنڈر میں 19 روپے، کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 90 روپے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں 1384 روپے فی میٹرک ٹن اضافہ کیا گیا، گھریلو سلنڈر 1350 روپے جب کہ کمرشل سلنڈر 5194 روپے میں دستیاب ہوگا۔

    واضح رہے کہ اگست کا مہینہ عوام پر بھاری پڑنے والا ہے، یکم اگست سے پٹرول کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کے لیے اوگرا نے سمری تیار کر کے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی‌‌‌ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  یکم اگست سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان

    اوگرا کی جانب سے تیار شدہ سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 65 پیسے اور پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 38 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے اضافے کی سفارش کی ہے۔

    تاہم قیمتوں میں اضافے کی منظوری وزیر اعظم دیں گے، جب کہ ان کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ اوگرا نے 28 جون کو پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی، جس میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 77 پیسے کم کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔