Tag: اہلیہ

  • بھارتی کرکٹر شیکھر دھون کی شادی کیوں ناکام ہوئی؟

    بھارتی کرکٹر شیکھر دھون کی شادی کیوں ناکام ہوئی؟

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹر شیکھر دھون کا کہنا ہے کہ ان کی شادی اس لیے ناکام ہوئی کیونکہ وہ ناتجربہ کار تھے اور انہوں نے جلد بازی میں فیصلہ کیا تھا۔

    بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی شادی کی ناکامی کے بارے میں پہلی مرتبہ کھل کر بات کی اور اس کی ناکامی کی وجہ بھی بتادی، شیکھر دھون اور ان کی اہلیہ عائشہ مکھرجی کے درمیان علیحدگی کو کچھ عرصہ ہوا ہے۔

    شیکھر نے اعتراف کیا کہ وہ شادی میں ناکام رہے لیکن وہ دوسروں پر انگلی نہیں اٹھانا چاہتے کیونکہ جو فیصلے انہوں نے کیے وہ ان کے اپنے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ میں ناکام ہوا کیونکہ حتمی فیصلہ انسان کا اپنا ہوتا ہے، میں دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھاتا۔ میں اس لیے ناکام ہوا کہ میں اس سے واقف نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آج میں کرکٹ کے بارے میں جو باتیں کرتا ہوں، میں اس سے 20 سال پہلے واقف نہیں تھا، یہ تجربے کے ساتھ آتا ہے۔

    اوپننگ بیٹر نے انکشاف کیا کہ ان کی طلاق کا معاملہ ابھی تک طے نہیں ہوا، انہوں نے دوبارہ شادی کے موضوع کو مسترد نہیں کیا لیکن وہ اس وقت اس چیز کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔

    شیکھر دھون کا کہنا تھا کہ طلاق کا کیس ابھی چل رہا ہے، کل کو اگر میں دوبارہ شادی کرنا چاہتا ہوں، تو میں اس معاملے میں زیادہ سمجھدار ہوں گا، مجھے معلوم ہوگا کہ مجھے کس قسم کی ساتھی کی ضرورت ہے، کوئی ایسا شخص جس کے ساتھ میں اپنی زندگی گزار سکوں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت میری عمر 26، 27 سال تھی اور میں مسلسل کھیل رہا تھا، میں کسی کے ساتھ رشتے میں منسلک نہیں تھا۔

    بھارتی کرکٹر نے مزید کہا کہ جب مجھے محبت ہوئی تو میں خطرات کو نہیں دیکھ سکتا تھا، لیکن آج اگر مجھے محبت ہوگئی تو میں آنے والے خطرات کو دیکھ سکوں گا۔

    انہوں نے نوجوانوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھی کے ساتھ تعلق کا تجربہ کریں اور سمجھیں کہ کیا وہ اپنے ساتھی کی کمپنی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اس کے بعد ہی رشتے کو اگلے مرحلے پر لے جانے کا فیصلہ کیا جانا چاہیئے۔

  • ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    بالی ووڈ فلموں کے مزاحیہ اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ پر سرمایہ کاری میں ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام نے ان پر پابندی عائد کی ہے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی پر شیئرز کی قیمتوں میں مبینہ ہیرا پھیری کرنے کے الزام میں پابندی لگا دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے شیئرز کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر سیکیورٹی مارکیٹ میں حصہ لینے والے 45 افراد پر پابندی لگائی تھی جن میں اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی بھی شامل ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے یہ فیصلہ 2 فرمز شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا۔

    ان دونوں فرمز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ کیسے ان فرمز کے شیئر خرید کر غیر معمولی منافع کمایا جا سکتا ہے۔

    ااس کے علاوہ ایس ای بی آئی نے مبینہ طور پر ان گمراہ کن ویڈیو سے حاصل کی جانے والی 54 کروڑ روپے کی رقم بھی اپنے قبضے میں لی ہے، اس طریقے سے ارشد اور ماریہ نے مبینہ طور پر 29 لاکھ اور 37 لاکھ روپے بالترتیب کمائے ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے کچھ اداروں کی جانب سے شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ کی جانب سے قیمتوں میں ہیرا پھیری اور شیئرز کی ناجائز فروخت کی شکایات سامنے آنے پر تحقیقات شروع کیں۔

    ادارے کی جانب سے تحقیقات گزشتہ سال اپریل سے ستمبر کے مہینے تک کی گئیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں کمپنیوں کے منافع اور شیئرز کی تعداد میں اپریل اور جولائی کے درمیان تیزی سے اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارشد وارثی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ براہ کرم جو چیز آپ خبروں میں پڑھیں اس پر یقین مت کریں، اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں ماریہ اور میری معلومات صفر ہیں، ہم نے مشورہ لیا اور شاردا میں پیسے لگائے اور کئی لوگوں کی طرح اپنی محنت کی کمائی گنوا بیٹھے۔

  • حارث رؤف نے اہلیہ سے متعلق انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کردیا

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بیگم مزنا مسعود کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے صارفین کو خبردار کر دیا۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف ہفتے کو نے اپنی کلاس فیلو  مزنا مسعود ملک سے نکاح کیا ہے۔

    حارث رؤف کا نکاح اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔

    ویڈیو: حارث رؤف کی دلہن نے ہاتھ پر مہندی سے کیا لکھوایا؟

    نکاح کے بعد حارث رؤف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اہلیہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے متعلق صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میری بیگم مزنا مسعود ملک سوشل میڈیا پر نہیں ہیں۔

    حارث رؤف نے لکھا کہ ان کا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی آفیشل اکاؤنٹ موجود نہیں ہے، اس لیے کسی بھی دھوکے سے محتاط رہیں۔

    حارث رؤف کی نکاح کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    حارث رؤف نے اپنے مداحوں کو شادی کی مبارکباد دینے پر شکرئی بھی ادا کیا۔

  • عالیہ کے وزن پر بھونڈا مذاق، رنبیر کپور مشکل میں پھنس گئے

    عالیہ کے وزن پر بھونڈا مذاق، رنبیر کپور مشکل میں پھنس گئے

    معروف بھارتی اداکار رنبیر کپور اپنی حاملہ اہلیہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑانے پر سخت تنقید کی زد میں ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بھونڈے مذاق پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے اپنی آنے والی نئی فلم براہماسترا کی تشہیر کے لیے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ایک ساتھ انٹرویو دیا۔

    اس لائیو شو کے دوران میزبان نے عالیہ بھٹ سے پوچھا کہ کیا آپ اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کرتی دکھائی دیں گی؟ جس پر عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ کیوں نہیں، میں کیوں نہیں اپنی فلم کی تشہیر میں نظر آؤں گی یا اپنی فلم کو عوام میں پھیلاؤں گی۔

    انٹرویو کے دوران عالیہ بھٹ کے لفظ پھیلاؤ استعمال کیے جانے پر رنبیر کپور عالیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بے ساختہ کہتے ہیں کہ ویسے میں دیکھ رہا ہوں کہ کوئی بہت زیادہ پھیل رہا ہے۔

    اس پر عالیہ بھٹ اپنا جواب بیچ میں ہی چھوڑ کر حیرانی سے انہیں دیکھتی ہیں اور پھر ہنسنے لگتی ہیں، رنبیر کپور فوراً عالیہ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک مذاق تھا، آپ خوبصورت انداز میں پھیل رہی ہیں۔

    عالیہ کے مداحوں کو رنبیر کپور کا یہ مذاق قطعی نہ بھایا اور انہوں نے رنبیر پر خوب تنقید شروع کردی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Instant Bollywood (@instantbollywood)

    انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور نے اپنی حاملہ بیوی کے جسمانی خدو خال کا مذاق اڑایا ہے، انہیں رنبیر سے ایسے بھونڈے مذاق کی توقع نہیں تھی۔

    بعض صارفین نے کہا کہ رنبیر کپور کو شرم آنی چاہیئے، ان کی بیوی ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے اور ایسے میں وہ لائیو انٹرویو کے دوران ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

    کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ رنبیر کا یہی رویہ اپنی پچھلی گرل فرینڈز دپیکا اور کترینہ کے ساتھ بھی تھا یہی وجہ ہے کہ وہ انہیں چھوڑ کر چلی گئیں۔

  • آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکر ایوارڈز 2022 کی براہ راست تقریب کے دوران امریکی اداکار ول اسمتھ نے اہلیہ کے خلاف نامناسب مذاق پر میزبان کرس راک کو مکا جڑ دیا۔

    94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب گزشتہ شب ہر بار کی طرح اس بار بھی لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوئی جہاں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

    تقریب کی میزبانی کامیڈین کرس راک کر رہے تھے، ایک موقع پر انہوں نے بہترین اداکار نامزد ہونے والے ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے لیے نہایت حساس مذاق کر ڈالا۔

    انہوں نے جاڈا کے بالوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فلم جی آئی جین کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اس کے سیکوئل میں جلد انہیں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ جو خود بھی اداکارہ ہیں، گنج پن کی بیماری ایلوپیشیا کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے سنہ 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔

    کرس کے اس بھونڈے مذاق پر لمحے بھر کو ڈولبی تھیٹرز میں خاموشی چھا گئی، جاڈا اور ول اسمتھ بھی اس پر خفا دکھائی دیے، اگلے ہی لمحے ول اسمتھ اپنی جگہ سے اٹھے، اسٹیج پر گئے اور میزبان کو زوردار مکا دے مارا۔

    مکا کھانے کے بعد کرس کھسیانے انداز میں وضاحت پیش کرتے دکھائی دیے تاہم ول اسمتھ نے چلا کر انہیں اپنی اہلیہ کے بارے میں بات کرنے سے باز رہنے کو کہا اور نازیبا زبان بھی استعمال کی۔

    ول اسمتھ کے جملے کے دوران امریکا بھر میں آسکرز کی نشریات کو مختصر وقفے کے لیے سنسر بھی کیا گیا۔

    واقعے کی ویڈیو دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اچھنبے میں ہیں کہ آیا یہ واقعہ سچ مچ ہوا تھا یا پہلے سے اسکرپٹڈ تھا۔

  • شیبانی نے نام کے آگے سے مسز اختر ہٹا دیا!

    شیبانی نے نام کے آگے سے مسز اختر ہٹا دیا!

    بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور ہدایت کار فرحان اختر کی دوسری بیوی شیبانی نے شادی کے چند روز بعد ہی اپنے انسٹاگرام پر سے مسز اختر کا لفظ ہٹا دیا۔

    شیبانی ڈانڈیکر نے شادی کے بعد اپنے انسٹا گرام بائیو میں تبدیلی کر کے مسز اختر لکھا تھا تاہم اب انہوں نے ایک بار پھر اپنا انسٹاگرام بائیو تبدیل کر کے شیبانی ڈانڈیکر اختر لکھ دیا ہے۔

    گزشتہ دنوں بھارتی ڈیزائنر اور ماڈل شیبانی ڈانڈیکر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والے فرحان اختر نے اپنی شادی کے خوبصورت لمحات اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کیے تھے۔

    فرحان اختر نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شیبانی ڈانڈیکر کے ساتھ شادی کر کے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا ہے۔

  • عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں کس بات پر معاف کیا؟

    عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں کس بات پر معاف کیا؟

    بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں اپنی سالگرہ بھولنے پر معاف کردیا، اپنی سالگرہ پر انہوں نے سوشل میڈیا پر جذباتی نوٹ شیئر کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عرفان خان کی اہلیہ سوتاپا نے اپنی سالگرہ کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔

    ساتھ ہی انہوں نے عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک دوسرے کے ساتھ گزاری گئی 32 میں سے 28 سالگراہیں یاد نہ رکھنے کی وجہ سے، جاؤ عرفان میں نے تمہیں معاف کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sutapa Sikdar (@sikdarsutapa)

    سوتاپا سکدر نے لکھا کہ سالگرہ سے ایک رات قبل میں ایک منٹ کے لیے بھی اپنی پلکیں نہیں جھپکا سکی، میں چہل قدمی کرتے ہوئے آپ کی باتیں سوچتی رہی جو آپ میری سالگرہ فراموش کرنے کے جواز پیش کیا کرتے تھے۔

    انہوں نے لکھا کہ اپنی سالگرہ نہ منانے اور بھولنے کے بعد، مجھے خوشی سے آپ کی وجوہات کو قبول کرنا یاد ہے۔

    سوتاپا نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں بیٹوں بابل اور ایان میری سالگرہ نہیں بھولے، کیا آپ نے جاگ کر انہیں یاد دلایا، جیسے آپ یہاں ہمیشہ بھول جاتے تھے۔ آج ہم نے آپ کو بہت یاد کیا۔

    یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار عرفان خان 29 اپریل 2020 میں کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

  • عثمان مختار کا اہلیہ کے لیے محبت بھرا پیغام

    عثمان مختار کا اہلیہ کے لیے محبت بھرا پیغام

    معروف اداکار عثمان مختار نے نئی زندگی شروع کرنے کے بعد اپنی اہلیہ کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کردیا، دونوں اسی ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔

    اپنی شادی کے دو دن بعد عثمان مختار نے انسٹاگرام پر اہلیہ کے ہمراہ شادی کی تقریب کے دوران کھنچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔

    عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں شادی کے لیے ان کا انتخاب کرنے پر زنیرہ انعام کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان بھی قرار دیا۔

    عثمان مختار نے اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے زندگی میں جو بھی فیصلے کیے، وہ چاہے غلط تھے یا صحیح، انہوں نے جیسے بھی دن گزارے، وہ سب چیزیں اکٹھی ہوکر انہیں ان کی اہلیہ تک لے گئیں۔

    انہوں نے زنیرہ انعام سے رشتہ طے ہونے اور شادی ہونے پر خود کو نہ صرف خوش قمست ترین شخص قرار دیا بلکہ یہ اعتراف بھی کیا کہ جب بھی وہ اہلیہ کے ہمراہ ہوتے ہیں، تب ہی وہ خود کو مکمل محسوس کرتے ہیں۔

    اپنی پوسٹ میں انہوں نے زنیرہ انعام کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

    عثمان مختار نے پوسٹ میں شادی کی تقریبات کے انتظامات کرنے والے افراد اور ان میں شرکت کرنے والے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی دعائیں دینے پر مداحوں کی بھی تعریفیں کیں۔

    یاد رہے کہ عثمان مختار اور زنیرہ انعام 23 اکتوبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے تھے، ان کی شادی کی تقریبات 20 اکتوبر کو شروع ہوئی تھیں لیکن دونوں نے نکاح رواں برس مارچ میں کیا تھا۔

  • نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا

    نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا

    نئی دہلی: بالی وڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی اور ان کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا، عالیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اولاد کی خاطر دوبارہ شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ نے مئی 2019 میں شوہر پر جاسوسی، تشدد اور نان نفقہ کے اخراجات ادا نہ کرنے جیسے الزامات کی وجہ سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہوگیا ہے اور دونوں نے بچوں کی خاطر دوبارہ ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    طلاق کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد جلد ہی دونوں بچوں سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی جائیں گے، جہاں ان کے بچے تعلیم حاصل کریں گے۔ اس حوالے سے عالیہ صدیقی نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ طلاق کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد دبئی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے دبئی کے اسکول میں داخل ہیں اور اب تک ان کی پڑھائی آن لائن چل رہی تھی مگر اب ان کے دونوں بچے آن لائن تعلیم سے بور ہوگئے اور وہ کلاسز اٹینڈ کرنا چاہتے ہیں۔

    عالیہ صدیقی کے مطابق وہ بچوں اور شوہر سمیت دبئی جا رہی ہیں اور انہوں نے اولاد کی خاطر دوبارہ شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سے قبل عالیہ صدیقی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں کرونا وائرس لاحق ہوا تو نواز الدین صدیقی نے بچوں کی انتہائی ذمہ دارانہ طریقے سے دیکھ بھال کی، جس کے بعد انہیں ان کے شوہر کا نیا روپ دیکھنے کو ملا اور انہیں احساس ہوا کہ اولاد کی خاطر انہیں دوبارہ ایک ساتھ زندگی گزارنی چاہیئے۔

  • ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    برازیل میں ہونے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار اہلیہ دم توڑ گئی تو شوہر ٹکر مارنے والے ٹرک پر چڑھ گیا اور اس وقت تک نیچے نہیں اترا جب تک لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ نہیں لیا۔

    جنوبی برازیل میں پیش آنے والے اس ہولناک حادثے نے پورے شہر کو افسردہ کردیا ہے، 49 سالہ اینڈرس انٹونیو اور اس کی اہلیہ 47 سالہ سینڈرا اپنی 2 ماہ قبل خریدی گئی بائیک پر اتوار کی چھٹی گزارنے باہر نکلے تھے۔

    موٹر وے پر سفر کے دوران ان کی بائیک کو پیچھے سے ایک ٹرک نے زوردار ٹکر ماری جس سے سینڈرا شدید زخمی ہو کر نیچے گر پڑی، شوہر نے یہ دیکھا تو وہ ٹرک کے دروازے پر چڑھ گیا۔

    ٹرک ڈرائیور نے پھر بھی ٹرک نہیں روکا اور اگلے 19 میل تک اسے اس طرح بھگاتا ہوا لے گیا کہ اس کے دائیں طرف اینڈرس لٹکا ہوا تھا جبکہ آگے موٹر سائیکل بدستور اٹکی ہوئی تھی۔

    قریب سے گزرنے والے ڈرائیورز نے اس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں۔

    کافی دیر بعد جب ٹرک ڈرائیور نے ٹرک روکا تو لوگوں نے ٹرک کو گھیر لیا اور اسے کھینچ کر باہر نکالا، کچھ لوگوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ڈرائیور منشیات کے زیر اثر تھا۔

    زخمی سینڈرا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا تاہم سر میں شدید چوٹیں لگنے کے باعث وہ دم توڑ گئی، اینڈروس بھی اس دوران زخمی ہوا جسے اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔