Tag: اہل قرار

  • سپریم کورٹ نے فواد چوہدری  کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا

    سپریم کورٹ نے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا

    اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی،

    عدالت نے سماعت مکمل ہونے کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دیا۔

    جسٹس عظمت سعید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کاغذات نامزدگی کے وقت اعتراض دائر نہیں کیا گیا، کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد اعتراض کیا گیا، نئی درخواست کی بجائے اپیل مسترد ہونے کو چیلنج کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ چوہدری کی نااہلی سے متعلق درخواست ان کے مقابل امیدوار سید گوہر حیدر نے دائر کی تھی۔


    مزید پڑھیں : فواد چوہدری کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار


    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری این اے 67 جہلم سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کی نااہلی سے متعلق درخواستیں الیکشن ٹریبونل اور لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بھی مسترد کی جاچکی ہیں۔

    درخواست گزار نے فواد چوہدری پر کاغذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ کاالزام لگایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • این اے95میانوالی سے عمران خان الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار

    این اے95میانوالی سے عمران خان الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار

    اسلام آباد : لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلٹ ٹربیونل میں عمران خان کی اپیل پر سماعت جسٹس فیصل زمان نے کی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔

    عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیے کہ ریٹرننگ افسر نے تکنیکی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا لہذا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔

    درخواست گزار جہانداد خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کا بیان حلفی قانون کے مطابق نہیں انھوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اہلیہ اور بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، جس کی وجہ سے ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔


    مزید پڑھیں : این اے 243، عمران خان کے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل مسترد


    جہانداد خان نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے لہذا ٹریبونل اپیل مسترد کرے ۔

    جسٹس فیصل زمان خان نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بروقت بیان حلفی جمع نہ کرانے کا الزام عائد کرکے کاغذات مسترد کیے گئے تھے، عمران خان نے استدعا کی تھی کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔