Tag: اہم کارروائی

  • کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، 15 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، 15 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: شہرقائد میں پولیس نے اہم کارروائی کے دوران 15 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران پندرہ ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جن کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میمن گوٹھ میں فارم ہاؤس کے اطراف میں پولیس نے آپریشن کے دوران ان ملزمان کو گرفتار کیا، زیرحراست ملزمان سے اسلحہ اور شراب بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے اسلحہ برآمد کے لائسنس طلب کیے ہیں، لائسنس نہ دیئے تو غیرقانونی اسلحے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ روز شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔

    یاد رہے کہ 5 مئی 2018 کو کراچی میں سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ پر سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چندہ جمع کرنے والی رسیدیں برآمد کی تھیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان فنڈز جمع کرکے افغانستان بھجواتے تھے، دہشت گردوں نے افغانستان سے ٹریننگ بھی حاصل کررکھی تھی۔

  • گلگت: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اسکول جلانے والوں کا اہم کارندہ ساتھی سمیت گرفتار

    گلگت: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اسکول جلانے والوں کا اہم کارندہ ساتھی سمیت گرفتار

    دیامیر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں سیکیورٹی فورسز نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسکول جلانے والوں کے اہم کارندے کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دیامیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے باعث اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں، مقابلے میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی بھی ہوئے۔

    دیامر میں اسکول تباہ کرنے والوں کے خلاف سرچ آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا، تانگیر میں چھپے دہشگردوں کے ٹھکانے پر جیسے ہی چھاپہ مارا گیا تو سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے، کئی گھنٹے علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، اسکول تباہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد سترہ ہوگئی۔


    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش


    دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے دیامر میں اسکولوں کو جلانے کے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری گلگت بلتستان سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے بھی کہا کہ بچوں کو تعلیم کی سہولت سے محروم کرنا اور اسکولوں کو نذرِ آتش کرنا کسی طور قبول نہیں، ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن شر پسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

  • کراچی: پولیس نے 8 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس نے 8 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان کو گرفتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گل رعنا سوسائٹی میں تین کم عمر لڑکے نو سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کر رہے تھے، اطلاع ملتے ہی سولجر بازار پولیس بروقت جائے وقوع پر پہنچی، جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مذکورہ واقعہ سولجر بازار میں پیش آیا، بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے تینوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کی عمر 12 اور 13 سال کے درمیان ہے۔

    لاہور: ڈولفن اسکواڈ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہناز نامی بچی گھر کے  باہر کھیل رہی تھی، اس دوران تین لڑکے اسے زبردستی اپنے گھر لے گئے، اس دوران گھر کے باہر کھڑی بچی نے بھاگ کر شہناز کے والد کو واقعے کی اطلاع دی۔

    بچی کے والد نے فوری طور پر واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور کم عمر ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کی شناخت شہریار، عباد اور کاشف کے نام سے ہوئی جن کے خلاف اغوا اور زیادتی کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    قصورمیں ایک اور بچی کے اغواء کی کوشش، ماں کی مزاحمت، ملزم فرار

    پولیس حکام نے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔