Tag: ایئرلائنز

  • امریکا سمیت متعدد ایئرلائنز  نے تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

    امریکا سمیت متعدد ایئرلائنز نے تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

    امریکی ایئر لائنز نے مشرقِ وسطی میں کشیدگی کے سبب اسرائیل کے لیے پروازیں بند کرنے کی مدت میں آئندہ سال اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران اسرائیل کشیدگی اور غزہ میں اسرائیل فورسز کی وحشیانہ جنگی کارروائیوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    اسرائیل کے لیے پروازیں معطل کرنے والوں میں یونائیٹڈ ایئر لائنز،ڈیلٹا ایئر لائنز، لفتھنسا، کے ایل ایم۔ایئر فرانس اور کیتھے پیسفیک سمیت کئی دیگر بڑے کیریئرز بھی شامل ہیں۔

    سات اگست تک، بیس غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے اور وہاں سے اپنی پروازیں بند کر دی تھیں۔

    دوسری جانب غزہ جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں جاری ہیں، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دورہ مشرق وسطیٰ میں تل ابیب پہنچ گئے۔امریکی وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیراعظم، صدر اور دیگر حکام سے ملاقات ہوگی۔

    خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ بلنکن اسرائیل کے بعد مصر کا دورہ بھی کریں گے، ان کے دورہ مشرق وسطیٰ کا مقصد جنگ بندی معاہدے کے لیے سفارتی دباؤ بڑھانا ہے۔

    روس میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا مشرق وسطیٰ کا یہ 10 واں دورہ ہے۔

  • ایئر لائنز نے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز شروع کر دیا

    ایئر لائنز نے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز شروع کر دیا

    اسٹاک ہوم: ایئر لائنز نے ایک صحافی کی گرفتاری کے لیے طیارے کو زبردستی اتارے جانے کے بعد بیلاروس کی فضائی حدود سے غیر اعلانیہ گریز شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیلاروس کی جانب سے بم کی جھوٹی اطلاع دے کر آریان ایئر لائن کے طیارے کو زبردستی اتار کر جلا وطن صحافی کو گرفتار کرنے کے معاملے پر دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔

    بیش تر فضائی کمپنیوں نے سفری طوالت قبول کرتے ہوئے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز بھی شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں فلائٹ ریڈار 24 پلیٹ فارم کے ڈیٹا کے مطابق طیاروں کو بیلاروسی علاقے سے کنارہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پلیٹ فارم کی جانب سے طیاروں کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے جو بیلاروس کی فضائی حدود کا شارٹ کٹ راستہ چھوڑ کر طویل مسافت کرتے ہوئے منزل کی طرف گئے۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تک دنیا کی کسی فضائی کمپنی کی جانب سے ایسا کوئی اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن بیش تر پائلٹ بیلاروس کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

    بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    گرافکس کے مطابق آسٹریلین ایئر لائن کی پرواز او ایس 601 ویانا انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کر کے ماسکو جاتے ہوئے یوکرین کی فضائی حدود سے گئی، وِز ایئر کی پرواز ڈبلیو 66285 کے پائلٹ نے یوکرین سے بیلاروس کا کم ترین فاصلہ لینے کی بجائے پولینڈ سے چکر کاٹ کر لیتھوانیا کے راستے ایسٹونیا پہنچی، اس طیارے نے ٹیلن ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز یونان سے لیتھوانیا جانے والی ریان ایئر کی پرواز ایف آر 4974 کو بیلاروس ایئر فورس کے طیارے نے زبردستی منسک اتار لیا تھا، سیکورٹی فورسز نے بم کی جھوٹی اطلاع پر جہاز کی تلاشی لی اور پھر بیلاروس کے جلا وطن صحافی رومن پروٹا سویچ کو گرفتار کر کے طیارہ روانہ کر دیا تھا۔

  • ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز اور اداروں کو وارننگ جاری

    ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز اور اداروں کو وارننگ جاری

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز، اداروں اور کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز، سفارت خانوں اور آپریٹرز کی جانب سے تاحال پیڈ ٹیکس چالان اور سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا گیا ہے، جس پر سی اے اے نے انھیں وارننگ جاری کر دی ہے۔

    ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والوں کی فہرست میں 397 ایئرلائنز، فلائنگ کلبز، سفارت خانے اور ایوی ایشن سروسز شامل ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق ایئر لائنز کی فہرست میں ایئر فرانس، چارٹر، برٹش ایئر، ایئر کینیڈا، قطر ایئر، ایمریٹس، اتحاد ایئر، گلف ایئر، ترکش ایئرلائن سر فہرست ہیں، ایئر زمبابوے، آسٹرین ایئر لائن، بحرین ایئر، چائنا ایئر لائن، مالنڈو ایئر، ڈی ایچ ایل ایوی ایشن، فلائی دبئی، فلائی ناز سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔

    بنگلہ دیش، ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چائنا، کوریا، انڈونیشیا، عراق، کویت کے سفارت خانے بھی اس فہرست میں شامل ہیں، دیگر سفارت خانوں میں جاپان، قطر، کرغیزستان، ناروے، سری لنکا، تھائی لینڈ، ساؤتھ افریقہ، ایتھوپیا، روس، نیوزی لینڈ، جرمن اور اسپین کے سفارت خانے شامل ہیں۔

    فلائنگ کلبز میں لاہور فلائنگ کلب، ملتان فلائنگ کلب، کراچی ایرو کلب، پشاور فلائنگ کلب، فیصل آباد شاہین فلائنگ کلب شامل ہیں جب کہ دیگر اداروں میں ایدھی فاؤنڈیشن، سیرین ایئر، ایئر بلیو، عسکری ایئر، پنجاب حکومت، سندھ حکومت اور بلوچستان حکومت بھی شامل ہیں۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اداروں کی جانب سے مالی سال 20-2019 کے بلز کے ٹیکس پیمنٹ چالان جمع نہیں کروائے گئے، متعلقہ ادارے مالی سال 20-2019 کے ٹیکس پیمنٹ چالان جلد از جلد جمع کروائیں، اس سلسلے میں ڈائریکٹر فنانس سی اے اے شاہد علی کی جانب سے متعلقہ نادہندہ اداروں کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

  • ایئر لائنز کی غفلت، ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کا جدید سسٹم فعال نہ ہو سکا

    ایئر لائنز کی غفلت، ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کا جدید سسٹم فعال نہ ہو سکا

    کراچی: ملک کے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کیا گیا جدید سسٹم تاحال غیر فعال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے 6 ایئر پورٹس پر جدید سیلف چیک اِن سسٹم نصب کیا گیا تھا، تاہم یہ جدید سیلف چیکنگ سسٹم 8 ماہ گزرنے کے باوجود فعال نہ ہو سکا۔

    معلوم ہوا ہے کہ ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیکنگ سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا ہے، سافٹ ویئر انسٹال نہ ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ تمام ایئر لائنوں کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں کہ وہ اپنے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کر لیں، تاکہ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقے سے حاصل کرسکیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید چیک ان سسٹم سے ہینڈ کیری بیگجز والے مسافروں کو سہولت میسر ہوگی، ایئر پورٹ پر چیک ان اور بورڈنگ سسٹم کو آپریٹ کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی کو بھی وارننگ دی گئی ہے کہ فوری طور پر سسٹم کو فعال کرے۔

    ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب

    سی اے اے کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر 3، کراچی، پشاور، لاہور، ملتان اور فیصل آباد ایئر پورٹ پر دو دو جدید چیک ان سسٹم مشینیں نصب کی گئی ہیں، تمام ایئر لائنز کو بھی CUPPS سسٹم کو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، اور کہا گیا تھا کہ سسٹم کو ایئر لائن اپنے نیٹ ورک سے فوری منسلک کریں۔

    خیال رہے کہ سی اے اے نے 15 سے زائد جدید مشینیں بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی ہیں۔

  • ایران پر پابندیوں سے متعلق امریکا کی یورپ میں نئی سفارتی مہم

    ایران پر پابندیوں سے متعلق امریکا کی یورپ میں نئی سفارتی مہم

    واشنگٹن: امریکا اپنی نئی سفارتی مہم کے تحت یورپ میں ایرانی فضائی کمپنی پر پابندی عائد کرانے کی کوشش کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اپنے یورپی اتحادی ممالک کو ایران کی ایئرلائن کمپنی پر پابندی عائد کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جرمنی کے بعد امریکا دیگر پورپی اتحادی ممالک پر زور دے رہا ہے کہ وہ ایران کی فضائی کمپنی ‘ماہان ایئر’ پر پابندیاں عائد کریں۔

    امریکا نے یورپ میں نئی سفارتی مہم کے تحت موقف اپنایا ہے کہ ایرانی فضائی کمپنی جاسوسی، جنگجوؤں کو جنگ زدہ علاقوں بالخصوص شام اور عراق تک پہنچانے کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔

    امریکا اس بات پر زور دے رہا ہے کہ یورپی ممالک ایران کی فضائی کمپنی پر جنگجوؤں کو شام لے جانے میں ملوث ہونے اور بین الاقوامی فضائی قوانین خلاف ورزی پر پابندی عاید کرنے کی مشترکہ قرارداد منظور کریں۔

    جرمنی نے ایران کی ایئرلائن ماہان ایئر پر پابندی عائد کردی

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں جرمنی نے ایران کی دوسری بڑی ایئرلائن ماہان ایئر پر پابندی عائد کی ہے، اور امریکا کی جانب سے اس کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

    ماہان ایئر لائن 2011 سے امریکی پابندیوں کی فہرست میں پر ہے اور یورپی یونین کے متعدد ممالک ایران پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ یورپی براعظم پر حملوں کے لیے جاسوسی کے عمل میں مصروف ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کی دو فضائی کمپنیوں ماہان ایئر اور معراج ایئر سے وابستہ اداروں کے علاوہ دو ایرانیوں اور ایک ترکی کمپنی پر بھی پابندی عائد کی تھی۔