Tag: ایئرلیگ آف پی آئی اے

  • پی آئی اے نے پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا

    پی آئی اے نے پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا

    دبئی کے موسم کی پیش گوئی کے سبب پی آئی اے نے تبدیل شدہ شیڈول جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی کے 213/214 کراچی دبئی کراچی، 235/236 اسلام آباد دبئی اسلام آباد، 283/284 پشاور دبئی پشاور کی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

    موسمی صورتحال کے باعث اور گزشتہ روز کے مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے پی کے 211/212 اسلام آباد دبئی اسلام آباد اور پی کے203/204 لاہور دبئی لاہور پر جہاز تبدیل کرکے 777 لگا دیا گیا ہے، پہلے ان پر چھوٹے طیارے 320 لگے ہوئے تھے۔

    گزشتہ روز سے زمین پر پھنسی ہوئی پرواز پی کے 212 کے مسافروں کو ہوٹل دئیے گئے تاہم دبئی میں ہوٹلوں میں کمرے دستیاب نہ ہونے کی وجہ کچھ مسافروں کو مرحبا لاوئنج میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    لاوئنج میں ایک بین الاقوامی ریسٹورانٹ چین کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ پی آئی اے کا بووڈنگ کارڈ دیکھ کر مسافروں کو کھانا فراہم کردیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا تمام عملہ گزشتہ تین دن سے لگاتار ائیرپورٹ پر ہی مسافروں کا خیال رکھنے کیلئے موجود ہےجب کہ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک ذاتی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انھوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مسافروں کے خیال میں کسی قسم کی کمی نہ برتی جائے۔

  • نیو یارک کے بعد پی آئی اے کے یورپی روٹس بھی بند کئے جانے کا انکشاف

    نیو یارک کے بعد پی آئی اے کے یورپی روٹس بھی بند کئے جانے کا انکشاف

    کراچی : ایئرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز سی بی اے کے مرکزی صدر شمیم اکمل نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے کی نیو یارک روٹ کی بندش کے بعد انتظامیہ یورپی روٹس بھی بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز سی بی اے کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر شمیم اکمل کی صدارت میں کراچی میں ہوا، اجلاس میں نیو یارک روٹ کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    شمیم اکمل کا کہنا تھا کہ نیو یارک روٹ کی بندش غیر جانبدارانہ فیصلہ ہے، نیو یارک کے بعد پی آئی اے انتظامیہ کا اگلا ہدف یورپی روٹس کی بندش ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمیم اکمل کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ایک سازش کے تحت علاقائی ایئرلائن بنانے کی کوششں کی جارہی ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے؟ ہم انہیں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیو یارک روٹس کی بندش کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے، ایئرلیگ پی آئی اے اور ملازمین کے روزگار کے تحفظ کا بھرپور دفاع کریگی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ ریلوے بحال ہوکر منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے تو پی آئی اے کیوں منافع بخش کیوں نہیں بن سکتا؟ پی آئی اے کی ناتجربہ کار انتظامیہ ادارے کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے نے ’نیویارک آپریشن‘ قبل از وقت ختم کردیا


    واضح رہے کہ قومی ایئر لائن کی انتظامیہ نے نیویارک اسٹیشن کی بندش کے معاملے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی آگاہ نہیں کیا تھا اور قبل از وقت ہی آپریشن ختم کردیا گیا۔27 اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پروازوں کی بندش کے معاملے پر آگاہ نہ کرنے سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔