Tag: ایئرپورٹ

  • لڑکی دبئی پہنچ گئی، ایئرپورٹ چھوڑنے آنیوالی دوست ٹریفک میں پھنسی رہی!

    لڑکی دبئی پہنچ گئی، ایئرپورٹ چھوڑنے آنیوالی دوست ٹریفک میں پھنسی رہی!

    اپنی دوست کو ایئرپورٹ چھوڑنے آنیوالی لڑکی ٹریفک میں پھنسی رہا جبکہ اس کی دوست ہوائی جہاز کا سفرکرکے دبئی پہنچ گئی۔

    بھارتی شہر بنگلورو میں ٹریفک کی صورتحال کس قدر سنگین ہے اس کا اندازہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 3 سیکنڈ کی ویڈیو سے لگایا جاسکتا ہے جو انسٹاگرام تیزی سے وائرل ہوئی ہے،اس وائرل ویڈیو کلپ کو اب تک تقریباً 18 ملین مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

    ٹریفک جام کی بدترین کہانی سناتی اس ویڈیو کوایک ملین لائکس مل چکے ہیں۔ وائرلیت بنیادی طور پر ویڈیو پر کیپشن کی وجہ سے ہے۔

    فوڈ اینڈ ٹریول بلاگرز پریانکا اور اندریانی کی طرف سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ "میں نے اپنی دوست کو بنگلورو ایئرپورٹ پر چھوڑ دیا جو کہ دبئی جارہی تھی وہ دبئی پہنچ گئی اور میں ابھی تک بنگلور کے ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہوں۔”

    کیپشن میں مزید لکھا گیا کہ "یہ سب حقیقی واقعات پر مبنی ہے، بنگلورو میں رہنے والے لوگوں کو ٹیگ کریں”۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس پر زبردست ردعمل کا اظہار کیا، ایک صارف نے لکھا، ’’دراصل یہ میرے ساتھ ہوا ہے، ایک اور شخص نے لکھا کہ "بنگلور میں 1 کلومیٹر کار سے = 3 گھنٹے اور 1 کلومیٹر پیدل = 10 منٹ”۔

  • مریم نواز کی ہدایت پر مخصوص علاقوں میں پرندوں کے گھونسلوں کے خلاف آپریشن

    مریم نواز کی ہدایت پر مخصوص علاقوں میں پرندوں کے گھونسلوں کے خلاف آپریشن

    لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نو برڈ زون میں آپریشن تیز کر دیا گیا، ایئرپورٹس کے گرد 8 کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے۔

    وائلڈ لائف اور ای پی اے فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے نو برڈ زون میں کارروائیاں شروع کر دیں، پرندوں کی موجودگی کو روکنے کے لیے لاہور کنٹونمنٹ، والٹن کنٹونمنٹ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے علاقوں میں کچرا ہٹانے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا۔

    وزیر اعلی مریم نواز شریف نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے مشن کے تحت انتظامی اداروں کو ایئرپورٹس کے قریب واقع حساس مقامات 30 جولائی تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

    وائلڈ لائف اور ای پی اے فورس نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا، چھاپے مارے جن میں درجنوں شہریوں کو جرمانے اور گرفتاریاں کی گئیں، کبوتروں سمیت پرندوں کے ڈبے بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

    بہار شاہ روڈ اور ضرار شہید روڈ سے کبوتروں کے پنجرے ہٹا دیے گئے، گھونسلے ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جب کہ شالامار باغ، بھٹہ چوک، جیل روڈ، مغلپورہ، آر اے بازار میں گھونسلے ہٹانے کا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پرندوں سے ہوائی حادثات کے خدشے کے پیش نظر حساس زونز میں کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی عائد ہے، اور صفائی مہم کے لیے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں، اور مستقل نگرانی و رپورٹنگ کا عمل بھی جاری ہے، کھلی جگہوں پر کوڑا پھینکنے، ڈھکن کے بغیر کوڑا دان رکھنے والوں پر بھی جرمانے کیے جا رہے ہیں۔

    الفیصل ٹاؤن میں کبوتروں کے ڈیرے ختم کرنے، پولٹری شاپس کی نگرانی اور گیریژن کلب میں ڈی نیسٹنگ آپریشنز مکمل کیے گئے، مذبح خانوں، پولٹری فارمز، درباروں اور چھتوں پر دانہ ڈالنے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، بارکی روڈ، بیدیاں روڈ، ڈی ایچ اے، عسکری، والٹن روڈ، قذافی اسٹیڈیم کی سخت نگرانی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ مریم نواز کی ہدایت پر ایئرپورٹس کے علاقوں میں کبوتر پالنے اور اڑانے پر مکمل پابندی ہے، اور نو برڈ زون میں زیرو ٹالرنس پالیسی لاگو کر دی گئی ہے، آپریشن میں گیریژن گالف کلب میں 142 گھونسلے، باغِ رحمت اسکول ایریا سے 21 گھونسلے، بھٹہ چوک سے 18، شالامار باغ سے 42 اور جیل روڈ سے 15 گھونسلے ہٹائے گئے ہیں۔

  • پاک بھارت کشیدگی:‌ لاہور کی ایئر اسپیس اچانک بند کردی گئی

    پاک بھارت کشیدگی:‌ لاہور کی ایئر اسپیس اچانک بند کردی گئی

    لاہور: پاکستان بھارتی کشیدگی کے تناظر میں لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کی ایئراسپیس اچانک بند کردی گئی،کراچی سے لاہور نجی ایئرلائن کی پرواز کا رخ واپس کراچی موڑ دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر نے بتایا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن شام 6 بجے  تک عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ترجمان ایئرپورٹ محمد عمیر نے کہا کہ نوٹم کے مطابق 3 گھنٹے  30 منٹ تک سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بند رہے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کئی بار ملک کے بڑے ایئر پورٹ کو بند کیا جا چکا ہے، ایئرپورٹ بند ہونے سے کئی پروازیں متاثر ہوں گی۔

    پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کے کئی ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، کراچی ایئرپورٹ کو گزشتہ روز رات بارہ بجے تک بند کیا گیا، جسے اب کھول دیا گیا ہے۔

  • حکومت پاکستان کا آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    حکومت پاکستان کا آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مطالبے پر آزاد جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے پر وفاقی حکومت نے آزاد جموں وکمشمیر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس حوالے سے کچھ عرصہ قبل وزیراعظم شہباز شریف کو اس سلسلے میں کشمیری نژاد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا لکھا گیا ایک خط بھی منظر عام پر آیا ہے جس میں اس مطالبے کی حمایت کی گئی ہے۔

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ کی تعمیر پر زور دیا تھا۔

    اوور سیز پاکستانیوں کے پرزور مطالبہ کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس منصوبے کے لیے کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق اہل کنسلٹنٹس طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ٹینڈر کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔

    دریں اثناء اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا سالانہ کنونشن آج اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ اس کنونشن کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قومی معیشت میں شراکت کو تسلیم کرنا ہے۔

    حکومت نے کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ریاستی مہمانوں کا درجہ دے دیا ہے۔

    اوورسیز پاکستانیز کنونشن ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ حکومتی نمائندے اور قومی ادارے ایک چھت کے نیچے اکٹھے ہوں گے۔

    اس کی سہولت کے لیے مختلف سرکاری محکموں کے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ایک ہی جگہ پر معلومات، رہنمائی اور خدمات فراہم کی جا سکیں۔

    ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آراء اور تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

    وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی عون چوہدری نے پاکستان کی معیشت میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے دل پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔

  • لندن کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ آج مکمل بند، وجہ کیا ہے؟

    لندن کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ آج مکمل بند، وجہ کیا ہے؟

    برطانیہ کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ کو آج 24 گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا ہے مسافروں سے ایئرپورٹ نہ آنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی صبح ایک سب اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ کو 24 گھنٹے کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ آغ لندن کے مغرب میں واقع ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے اسٹیشن میں لگی جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    اس حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں ہوائی اڈے کی 24 گھنٹے بندش کی اطلاع دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسافروں اور ساتھیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ 21 مارچ کو بند رہے گا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس حوالے سے مسافروں سے معذرت طلب کرتے ہوئے انہیں ایئرپورٹ نہ آنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور مزید معلومات کے لیے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • بشارالاسد حکومت میں بند حلب کا ایئر پورٹ 13 سال بعد کھل گیا

    بشارالاسد حکومت میں بند حلب کا ایئر پورٹ 13 سال بعد کھل گیا

    بشارالاسد دور حکومت میں تباہ حال شام کے شہر حلب کا ایئرپورٹ تیرہ سال بعد کھول دیا گیا۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حلب کا ایئرپورٹ بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے دنوں میں بند کر دیا گیا تھا، اب شامی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حلب ایئر پورٹ پر دمشق سے پہلی مسافر پرواز نے لینڈ کیا، آمد پر رن وے پر واٹرکینن سلیوٹ اور بینڈ باجوں سے استقبال کیا گیا۔

    سول ایوی ایشن کے مواصلاتی شعبے کے سربراہ مصطفیٰ کاج نے اس موقعے پر کہا کہ ایئر پورٹ کو لڑائی چھڑ جانے کے بعد بند کر دیا گیا تھا، یہ لڑائی ایئرپورٹ کو حکومتی قبضے سے چھڑوانے کے لیے کی گئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ میں کافی ٹوٹ پھوٹ ہوئی تھی، اسی وقت اندازہ کر لیا گیا تھا کہ ایئرپورٹ کی بحالی میں کچھ وقت لگ جائے گا کیونکہ ایئرپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

  • ڈی پورٹ کرنے پر مسافر نے ایئرپورٹ پر آگ لگادی

    ڈی پورٹ کرنے پر مسافر نے ایئرپورٹ پر آگ لگادی

    لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک عجیب و غریب واقعہ رونما ہوا، ڈی پورٹ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مسافر نے بیروت ایئرپورٹ پر صوفے کو آگ لگا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے میں جنرل سیکیورٹی کے ڈی پورٹیشن دفتر میں آگ لگ گئی، جسے سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بجھایا۔

    رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافر کو امیگریشن نے ڈی پورٹ کر دیا تھا، جس نے طیش میں آکر ایئرپورٹ پر رکھے صوفے کو آگ لگادی، فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے بعد فلائٹ شیڈول متاثر نہیں ہوا۔

    نگران حکومت کے وزیر برائے عوامی امور و ٹرانسپورٹ ڈاکٹر علی حمیہ اور ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن فادی الحسن نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مسافر نے ڈی پورٹیشن دفتر میں موجود صوفے کو جلا ڈالا۔

    امریکا کی پڑوسیوں سے تجارتی جنگ کاخطرہ ٹل گیا

    ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو قانون کی خلاف ورزی اور طیارے میں سگریٹ نوشی کے باعث ایئرپورٹ پہنچنے کے فوراً بعد ڈی پورٹیشن دفتر روانہ کردیا گیا تھا، اپنی دوبارہ ملک بدری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس نے دفتر میں رکھے صوفے کو آگ لگادی۔

  • امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے، ایف آئی اے اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت

    امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے، ایف آئی اے اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت

    کراچی: وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ایف آئی اے اور ایئرپورٹس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری داخلہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بہتر امیگریشن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غور کیا گیا۔

    اس اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس کے منیجرز، اے ایس ایف اور ایف آئی اے حکام نے آن لائن شرکت کی، اجلاس میں مسافروں کی سہولت اور امیگریشن کے حوالے سے منیجرز کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ امیگریشن سہولیات اور ای ویزا فراہمی کے ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹرز امیگریشن نے اجلاس کے شرکا کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

    سیکریٹری داخلہ نے ایف آئی اے اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹس سے بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں، اور امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے۔

    سیکریٹری داخلہ نے یہ ہدایت بھی کی کہ مسافروں کی امیگریشن کے عمل کے لیے کاؤنٹرز اور عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

  • ویڈیو: نئی دلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

    ویڈیو: نئی دلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

    بھارتی دارالحکومت نئی دلی ایئرپورٹ کے ٹرمنل 1 کی چھت کا کچھ حصہ زمین بوس ہوجانے کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ 8 شدید ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمنل 1 کی چھت شدید بارش اور ہوا کی وجہ سے گری جس کے سبب کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی ایئرپورٹ کے ٹرمنل 1 سے پروازوں کو عارضی طور پر منسوخ کردیا گیا ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

    واضح رہے کہ دلی ایئرپورٹ کے علاقے میں آج تین گھنٹے میں 148.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس سے قبل بھی بھارت کے گوہاٹی میں موسلا دھار بارش کے دوران ہوائی اڈے کی چھت مسافروں پر گر گئی تھی۔جس کے باعث انڈیگو، ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے چلنے والی پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایئر پورٹ کی چھت کے گرنے اور بارش کا پانی بہنے کی ویڈیو وائرل ہوئیں۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ طوفان اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے حد نگاہ بہت کم ہوگئی اور ہمیں چھ پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔

  • ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت

    ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت

    کراچی: پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی تنصیب کے حوالے سے غیر ملکی فرانسیسی ماہرین کی ایک ٹیم نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ کا مکمل انسپکیشن کیا ہے۔

    ایوی ایشن ڈویژن، سول ایوی ایشن نے غیر ملکی ماہرین کو ای گیٹس کی تنصیب کے حوالے سے متعلق بریفنگ بھی دی، بتایا گیا کہ سیکریٹری ایوی ایشن ای گیٹ منصوبے کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، اور اس منصوبے کو ان کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔

    سی اے اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کیے جائیں گے، ای گیٹ کا سسٹم ایف آئی اے امیگریشن آپریٹ کرے گا، منصوبے سے متعلق نادرا، ایف آئی اے پاسپورٹ، ایف آئی اے امیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

    ای گیٹ کے ذریعے مسافروں کو امیگریشن اور عالمی سفری سہولت میسر ہوگی، مسافر ایئرپورٹ پر داخل ہوتے ہی ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اسکین، فیس اسکیننگ، بائیو میٹرک کے عمل سے خودکار طور سے گزریں گے۔

    ذرائع کے مطابق مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئیرس پہچان یا طریقہ کار کا مجموعہ استعمال کر کے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں، شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد گیٹ خود بہ خود کھل جاتی ہے، اس طرح مسافر ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اسکین کر کے امیگریشن کا عمل مکمل کر سکیں گے۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ میں اسٹاپ لسٹ، ای سی ایل اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی نشان دہی ہو سکے گی، دراصل ای گیٹس سیلف سروس رکاوٹیں ہیں، جو مسافر کی شناخت کی تصدیق کے لیے بائیو میٹرک پاسپورٹ میں چپ میں موجود ڈیٹا کو استعمال کرتی ہیں۔