Tag: ایئرپورٹس

  • ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    اسلام آباد(2 اگست 2025): وزیراعظم کی ہدایت پر ایئرپورٹس پر غیرملکی مسافروں کیلئے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر غیر ملکی مسافروں کی سہولت کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا یہ اقدام پاکستان میں سیاحت کے فروغ، تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ان کاؤنٹرز کے قیام سے ہوائی اڈوں پر امیگریشن پراسیسنگ کا وقت کم ہو جائے گا، کاؤنٹرز کے علیحدہ ہونے سے وطن واپس آنے والے پاکستانی بھی اس اقدام کی بدولت کم وقت میں امیگریشن کروا سکیں گے۔

  • بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر

    بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر

    اسلام آباد : بیرون ملک جانے والے مسافروں کو تیز امیگریشن سروس مہیا کرنے کے لیے ای گیٹس کا بنیادی ڈیزائن فائنل کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس پر ای گیٹس کی تنصیب میں بڑی پیش رفت سامنے آئی۔

    پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ جرمن ماہرین نے دورہ پاکستان میں ای گیٹس کا بنیادی ڈیزائن فائنل کرلیا۔

    جدت کے حامل منصوبے کے تحت اسلام آباد،کراچی اور لاہور ائیرپورٹس پر ای گیٹ کی تنصیب ہوگی۔

    ائیرپورٹس اتھارٹی نے کہا کہ تین روزہ ورکشاپس میں جرمن ماہرین نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کی ، ای گیٹس تنصیب کے بعد مسافر خودکار نظام کے تحت برق رفتاری سے امیگریشن مراحل طے کرسکیں گے۔

    اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کی کوششوں کا حصہ بھی ہے۔

    مزید پڑھیں : کن ایئرپورٹس پر ای گیٹس لگائے جارہے ہیں؟

    ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس کے لیے ایک محفوظ، قابلِ توسیع اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کرے گا، کنسلٹنٹس معاہدے کے مطابق تسلی بخش کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے اپریل میں بھی جرمن کمپنی کے نمائندگان نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کراچی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا اور ای گیٹس کی تنصیب کے حوالے سے منصوبے کا جائزہ لیا۔

    پی اےاے کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی ایئرپورٹس پر ای گیٹس لگائے جائیں گے، کمپنی منیجنگ پارٹنر اور ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

  • سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری

    سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری

    سعودی عرب نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہریوں اور رہائشیوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

    سعودی عرب کے بڑے ایئرپورٹس کے حکام نے مسافروں کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

    رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایڈوائزری میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ریاض، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے کہا ہے کہ فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہونے والے مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل اپنی ایئرلائنز سے براہ راست رابطہ کریں۔

    پروازوں کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس کی تصدیق کسی بھی غیر متوقع تاخیر یا تبدیلی سے بچنے کے لیے ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے مہرآباد ایئرپورٹ کے قریب فضائی حملے کئے ہیں، حملوں کے باعث ہوائی اڈے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    اسرائیل کی جانب سے مہر آباد ایئرپورٹ کے قریب کئے گئے فضائی حملے کے بعد متاثرہ علاقے سے دھوا اُٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ وسطی تہران میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    جبکہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ کیا گیا ہے، چوتھے حملے میں میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے عین وسط میں گرا تھا، جس میں اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

    ایران پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، برطانیہ

    تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن کی آوازیں گونج رہی ہیں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے دفاعی نظام کو متحرک کردیا گیا ہے۔

  • بھارت کے بند ایئرپورٹس کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

    بھارت کے بند ایئرپورٹس کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

    بھارت نے پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے خوف سے اپنے مزید ایئرپورٹس کو بند کردیا ہے، جس کے بعد بھارت کے بند ہونے والے ایئرپورٹس کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے مزید 16 ایئرپورٹس فلائٹ آپریشن کیلیے بند کر دیے ہیں، ایئرپورٹس کی بندش سے آج 430 بھارتی ایئرلائنز کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔

    انڈیا کے بند ہونے والے ہوائی اڈوں میں امرتسر، جموں، شملہ، بھوج، راجکوٹ، جیسلمیر،جودھپور، چندی گڑھ، پٹھان کوٹ، پھٹنڈا، دھرم شالہ، پوربندر ایئرپورٹس کمرشل پروازوں کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ جامن گڑھ، سری نگر، لیہہ تھیوس، پٹیالہ، ہلوارا، گگال، بھونتار، کشن گڑھ، بیکانیر،گوالیارہندن، مندرا، کنڈالا، کیشوڑلدھیانہ ہوائی اڈے بھی 10 مئی تک بند کردیئے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں کی گئی بزدلانہ کارروائی کے بعد پاک فوج نے بھارتیوں کے ہوش ٹھکانے لگادیے۔ بھارت کو بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں شدید نقصان اٹھانا پڑا۔

    بھارتی حملوں میں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 مساجد شہید، ایک بچی سمیت 26 پاکستانی شہید اور 36 زخمی ہوئے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    بھارت نے لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد سفید جھنڈا لہرا کر پسپائی اختیار کی۔ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد بھارت کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی ایئرپورٹس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

    سعودی ایئرپورٹس نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

    سعودی عرب میں مختلف شہروں کے ایئرپورٹس پر 2024 کے دوران ریکارڈ 128 ملین مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کی گئیں، جس میں کورونا سے پہلے کے مقابلے میں 25 فیصد اور 2023 کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جاری کردہ ایئر ٹریفک 2024 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ایئرپورٹس سے آپریٹ ہونے والی پروازوں کی تعداد میں 2023 کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 59 ملین مسافروں نے ڈومیسٹک پروازوں جبکہ 69 ملین افراد نے انٹرنیشنل روٹس پر سفر کیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایئر کارگو آپریشنز میں بھی نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی جو 2024 میں 34 فیصد بڑھ کر 1.2 ملین ٹن سے تجاوز کرگئی۔

    مملکت میں مجموعی پروازوں کی تعداد 9 لاکھ 5 ہزار تک پنہچ گئی جس میں 4 لاکھ 74 ہزار ڈومیٹسک جبکہ 4 لاکھ 31 ہزار انٹرنیشنل پروازیں شامل ہیں۔

    حج سیزن کے دوران 9 مئی سے 21 جولائی تک ایئر ٹریفک میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ اس دوران 1.5 ملین عازمین سعودی عرب پہنچے۔ جو کل انٹرنیشنل مسافروں کا 40 فیصد ہیں۔

    مملکت کے تین بڑے ائیر پورٹس جدہ، ریاض اور دمام پر مجموعی طور پر 1.17 ملین ٹن کارگو ہینڈلنگ کی گئی، ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ منورہ ایئرپورٹس پر کل ائیر ٹریفک کا 82 فیصد حصہ رہا۔

    واضح رہے کہ 2024 میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک تاریخی سنگ میل b[yحاصل کیا۔

    سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کیلیے زبردست سہولت متعارف

    سعودی ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد گزشتہ برس 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے جبکہ سعودی ایئرپورٹس میں سب سے زیادہ 94.1 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کی گئیں۔

    مملکت کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 150 ملین سیاحوں کو راغب کرنا اور جی ڈی پی میں سیاحتی شعبے کا حصہ 6 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کرنا ہے۔

  • منشیات کی خرید و فروخت روکنے کیلئے اہم  فیصلے

    منشیات کی خرید و فروخت روکنے کیلئے اہم فیصلے

    اسلام آباد : منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ائیر پورٹس پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تعلیمی اداروں میں منشیات کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، جس میں منشیات کی خرید و فروخت روکنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔

    محسن نقوی نے کہا ایئرپورٹس پر چیکنگ مزید سخت کی جائے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا جکہ سرحدی علاقوں میں منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف ایکشن اور منشیات کے بڑے ڈیلرز کو ہرصورت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اے این ایف کی کارکردگی لائق ستائش ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سے جوتوں میں چھپا کر دبئی اور بحرین منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    یاد رہے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر تین بڑی کارروائیوں میں دبئی اور بحرین جانےوالے مسافروں کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا تھا کہ پشاور سے دبئی جانے والے مسافر سے455 گرام چرس برآمد ہوئی، دوسری کارروائی میں اسلام آباد سے بحرین جانے والی خاتون کے جوتوں سے ڈیڑھ کلو سے زائد آئس برآمد ہوئی۔

    تیسری کارروائی بھی اسلام آباد ائیرپورٹ کی گئی، جہاں بحرین جانے والے مسافر سے چھ کلو ہیروئن سے بھیگے کپڑے برآمد ہوئے تاہم ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔

  • سعودی عرب: ایئرپورٹس آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    سعودی عرب: ایئرپورٹس آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں محکمہ پاسپورٹ اور سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے زیر اہتمام عالمی اے آئی سمٹ کے موقع پر مملکت کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر لگائی گئیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ،جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ اور دمام کے شاہ فہد ایئرپورٹس پر مسافروں کے پاسپورٹ پر 10 سے 12 ستمبر 2024 تک ہونے والی سمٹ کے حوالے سے خصوصی مہر ثبت کی جائے گی۔

    عالمی اے آئی سمٹ کا تیسرا سیشن 10 سے 12 ستمبر تک ریاض میں منعقد کیا جائے گا، عالمی اے آئی سمٹ کے تیسرے سیشن میں 100 ملکوں کی 300 سے زیادہ شخصیات اور دنیا بھر کے ماہرین شریک ہوں گے۔ سمٹ کے موقع پر کئی ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔

    دوسری جانب سعودی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ کار اسکریچنگ پر ہونے والے چالان کی ادائیگی پرکوئی رعایت نہیں برتی جاتی، اسکریچنگ کرنے پر 20 سے 60 ہزار ریال تک کا چالان کیا جاتا ہے۔

    مسجد نبویؐ سے متصل الصافیہ میوزیم زائرین کیلئے کھول دیا گیا

    ٹریفک پولیس نے یاد دہانی کرائی ہے کہ دیگر خلاف ورزیوں پر ہونیوالے چالان کی ادائیگیوں کے حوالے سے دی جانے والی 50 فیصد رعایت کی مدت 18 اکتوبر کو ختم کردی جائے گی۔

  • ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ ملکی ایئرپورٹس پر آئس منشیات جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہو پاتی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا کہ بدقسمتی سے آئس ڈرگ کو جدید مشین سے بھی پکڑا نہیں جا سکتا۔

    ایئرپورٹس پر نئے اسکینرز لگانے اور پرانے اسکینرز کی اپ گریڈیشن کے معاملے میں ڈی جی سی اے اے نے کہا آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہوتی، اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا مجھے یہ نہیں معلوم کہ آئس ڈرگ برآمد کیا جا رہا ہے یا درآمد کیا جا رہا ہے؟ ڈی جی نے کہا کہ آ بھی رہا ہے اور جا بھی رہا ہے۔

    سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، نارکوٹس حکام کی جانب سے مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات آتی ہیں، اور مجبور مسافر رشوت دے کر جان چھڑاتے ہیں۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نئے ٹرمینل کے حوالے سے ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ٹرمینل کے لیے بڈنگ پراسس 3 بولیاں آ چکی ہیں، ابھی کسی کو حوالے نہیں کیا گیا ہے، اگر ٹرمینل ہم خود بنائیں تو دو اڑھائی سال لگیں گے۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹس پر نارکوٹکس کی جانب سے بین الاقوامی مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات میں بے تحاشا اضافے پر کہا کہ مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا نارکوٹس حکام مسافروں کو کونے میں لے جا کر رشوت کی غرض سے تنگ کرتے ہیں، اور کہتے ہیں آپ کے پیٹ میں ڈرگ ہیں، آپ کو اسپتال لے جاؤں یا کچھ لے دے کر معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں، مجبور مسافر فلائٹ ضائع ہونے کی وجہ سے رشوت دے کر جان چڑاتے ہیں۔

  • سعودی عرب: ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    سعودی عرب: ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر سیاحتی پراسیکیوشن کا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کا مقصد سیاحوں کو ان کے حقوق کے حصول میں آسانی کو ممکن بنانا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق اٹارنی جنرل شیخ سعود بن عبداللہ المعجب نے ہوائی اڈوں پر سیاحتی پراسیکیوشن کے عنوان سے ادارے قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    سیاحتی پراسیکیوشن ادارے کے قیام کا مقصد مملکت آنے والے سیاحوں اور زائرین کے مقدمات کو فوری انصاف کے اصولوں کے تحت مختصر وقت میں مکمل کرنا ہے۔

    پراسیکیوشن کی جانب سے اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ نیشنل اور انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر قائم پراسیکیوشن کے ادارے 24 گھنٹے کی بنیاد پر کام کریں گے تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنے حقوق کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    پراسیکیوشن کے نئے قائم کیے جانے والے اداروں میں اعلیٰ تربیت یافتہ افسر اور ان کے معاونین کو تعینات کیا جائے گا جو اپنے شعبے میں مکمل مہارت رکھتے ہیں۔

  • چار بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم

    چار بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تین بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے زگ زیگ قطار متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کو سہولت فراہم کر نے کے لیے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت چار بڑے ایئر پورٹس پر بہتر قطار بندی کو یقینی بنانے کے انتظامات کر لیے گئے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور ایئر پورٹس پر ’زگ زیگ‘ یا ’اسنیک لینز‘ متعارف کرائی گئی ہیں۔

    اس اقدام کا مقصد مسافروں کو بورڈنگ اور ایمیگریشن کے عمل کے لیے قطار میں انتظار کے وقت کو کم کرنا ہے، اور اس سے چھوٹی قطاریں اور تیز اسکریننگ ممکن ہو سکے گی۔

    مسافروں کی جانب سے اس سادہ لیکن اہم اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔