Tag: ایئرپورٹس پر

  • ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کرکے پچاس روپے مقرر کردی، نئے نرخ کا اطلاق آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کے نوٹس لینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کردی ہے۔

    اس حوالے سے سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے قیمت کم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر بڑے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کیلئے پچاس روپے مقرر کردیے گئے۔

    ایئرپورٹس پر اس سے قبل ڈبل ریپنگ کے نرخ 400 اور سنگل کے نرخ 200 روپے وصول کیے جاتے تھے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے نرخ وصولی کے حوالے سے تمام ایئرپورٹس پر احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، آج سے ہی ریپنگ کے50 روپے وصول کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: بیرون ملک جانے والےمسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیتے ہوئے ایئرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کرچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بغیر پلاسٹک ریپنگ کے سفری بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ

    مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ

    کراچی/ سیالکوٹ : مختلف ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیالکوٹ ایئر پورٹ پر مسافر نے عملے کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے سامان کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کے بیگ میں سے قیمتی چوری ہونے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مسافر جب اپنا سامان کنوینر بیلٹ سے حاصل کرتے ہیں تو ان میں سے سامان مبینہ طور پر چوری کرلیا جاتا ہے۔

    ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر سامان چوری ہونے کے واقعات کے باوجود اب تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

    گزشتہ دنوں سیالکوٹ ائیر پورٹ پر بھی مسافروں کے سامان میں سے قیمتی اشیاء چوری پر مسافروں نے احتجاج کیا تھا، مسافروں کے سامان چوری ہونے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    مسافر نے الزام عائد کیا کہ جب میں نے بیگ کھولا تو اس میں سے مختلف چیزیں غائب تھیں، بیگ میں سے قیمتی سامان اور کیمرہ غائب ہے،عملے کو شکایت کر نے کے باوجود کارروائی سے انکار کیاجارہا ہے، احتجاج کے موقع پر عملہ کی جانب سے مسافر کو موبائل سے فوٹیج بنانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔