Tag: ایئرپورٹ چھت

  • اربوں روپے مالیت سے بننے والے اسلام آباد ایئر پورٹ  کی چھت پھر ٹپکنے لگی

    اربوں روپے مالیت سے بننے والے اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت پھر ٹپکنے لگی

    کراچی: اربوں روپے مالیت سے بننے والے اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت پھر ٹپکنے لگی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے ڈومیسٹک ارائیول لاؤنج میں ایک بار پھر چھت ٹپکنے لگی ہے، اور پانی لاؤنج میں جمع ہو گیا۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ڈریمز کی لائن پھٹ گئی ہے، پائپ لائن پھٹ جانے کی وجہ سے پانی ٹرمینل بلڈنگ کی چھت سے دھار کی صورت میں لاؤنج میں گر رہا ہے۔

    لاؤنج میں پانی آنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایئر پورٹ پر سسٹم کی خرابی معمول بن گئی ہے، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کو موصول ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاؤنج میں آنے والے پانی کو وائپرز کے ذریعے صاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر منیجر سمیت اہم عہدوں پر جونئیر افسران کو تعینات کر رکھا ہے، جو ایئر پورٹ کا سسٹم آپریٹ کرنے میں ناکام ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، چھت کی ٹائلیں بھی ٹوٹ کر نیچے گری تھیں۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں

    اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں

    کراچی: اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے دوران ایک بار پھر سی اے اے کی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی سی اے اے کا نوٹس لینا بھی کام نہ آیا، اسلام آباد ایئر پورٹ کی فارسلنگ چھتیں ناقص مٹیریل کے باعث بارش میں ٹپکنے لگیں۔

    بارش کے باعث بین الاقوامی آمد اور روانگی کے وزٹنگ ایریاز میں پانی جمع ہو گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر جہاں سے چھتیں ٹپک رہی تھیں وہاں پانی فرش پر پھیلنے سے روکنے کے لیے ڈسٹ بِن رکھوا دیے۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت ٹپکنے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے فار سلنگ کی چھتیں گر گئی تھیں، اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی جی سی اے اے نے اس کا نوٹس لیا تھا۔

    نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بارش سے گرتی سیلنگ کی ویڈیو منظر عام پر

    دوسری طرف ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ کچھ جگہوں سے پانی ٹپکا ہے، جس پر مرمتی کام جاری ہے۔

    گزشتہ ہفتے بارش کے بعد نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیلنگ نیچے آ گری تھی، انٹرنیشنل ڈیپارچر اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی سیلنگ گرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی تھی، سیلنگ گرتے ہی بارش کا پانی بھی لاؤنجز میں داخل ہو گیا تھا، واقعے کے بعد ایئر پورٹ پر سیلنگ کی ٹائلوں کا ڈھیر لگ گیا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی ناقص تعمیرات کی انکوائری 2 سالوں سے جاری ہے، لیکن تاحال کوئی نتیجہ خیز کارروائی سامنے نہیں آئی۔