Tag: ایئرپورٹ

  • جدید کیمرے نصب، ایئرپورٹ پر نگرانی کا نیا نظام

    جدید کیمرے نصب، ایئرپورٹ پر نگرانی کا نیا نظام

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشتبہ اور مطلوب افراد کی نشاندہی کے لیے جدید نظام فعال کردیا گیا ہے جس کے تحت جرائم میں ملوث مسافروں کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ائیر پورٹ پر چہرہ شناخت پروگرام (فیشل ریکگنائزیشن سسٹم، ایف آر ایس ) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ایف آئی اے امیگریشن اورسول ایوی ایشن اتھارٹی مشترکہ طور پر سسٹم کا نظم ونسق دیکھے گی۔

    اس سسٹم میں تصویر کے ذریعے مسافروں کی تصدیق کی جائے گی اور اگر کوئی مسافر کسی جرم میں ملوث ہوا تو اس کے ا ئیر پورٹ داخل ہونے پر الارم سسٹم ایکٹیو ہو جائے گا جس کے باعث وہ واپس یا بیرون ملک فرار نہیں ہو سکے گا۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالسلام شیخ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایف آئی اے کے پاس موجود ڈیٹا شناخت کے جدید سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں پولیس سے حاصل کردہ ڈیٹا کا بمعہ تصاویر اندارج سسٹم میں کیا جائے گا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے علی مراد نے بتایا کہ ابتدائی طور پرمشتبہ اور مطلوب افراد کی جانچ کے لیے آزمائشی طور پر سسٹم کو چلایا جائے گا، ائرپورٹ کے لاؤنجز میں نصب کیمروں کے لیے مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نصب کیمروں کی مدد سے ٹرمینل بلڈنگ میں داخل ہر فرد کی تصاویر مختلف مقامات پر ریکارڈ ہوں گی، کیمروں کی مدد سے 60فیصد دھندلی تصاویر بھی قابل شناخت بنائی جاسکیں گی،
    مشتبہ یا مطلوب شخص کی تصویر متعلقہ کیمرہ نمبر کے ساتھ الارم مانیٹرنگ روم میں بجے گا۔

    علی مراد نے مزید بتایا کہ مذکورہ سسٹم کے ذریعے مشتبہ اور مطلوب افراد کی گرفتاری اور کارروائی قلیل وقت میں ممکن ہوسکے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم ایک سال قبل لگایا گیا تھا تاہم کوئی بھی ادارہ اسے ٹیک اوور کرنے کو تیار نہیں تھا جس کے بعد سسٹم کی وارنٹی بھی ختم ہو چکی ہے تاہم اب ایف آئی اے نے اس سسٹم کی ذمہ داری لی ہے اور کنٹرول روم میں ایف آئی اے کے اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ میں گندگی کے ڈھیر، ملازمین نے کام چھوڑ دیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ میں گندگی کے ڈھیر، ملازمین نے کام چھوڑ دیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کی ہڑتال کے باعث ایئر پورٹ پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں۔

    صفائی عملے کے مرد و خواتین ملازمین نے گزشتہ رات سے ہڑتال شروع کی جو تاحال جاری ہے، ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام کرنا چھوڑ دیا۔

    انٹرنیشنل ارائیول، ڈیپارچر پر کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، احتجاج کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین نے سول ایوی ایشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے کنٹریکٹ ملازمین کو پرائیویٹ کنٹریکٹرز کے زیرنگرانی کام کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    ملازمین کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے ملازمین کی تنخواہ 16ہزار اور22ہزار مقرر کی ہے، سی اے اے نے پارلیمنٹ ملازمین بحالی کمیٹی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔

  • لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھوڑا ہوا قیمتی سامان مسافروں کو واپس کر دیا گیا

    لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھوڑا ہوا قیمتی سامان مسافروں کو واپس کر دیا گیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی فرض شناسی و دینداری کی اعلٰ مثال قائم کرد،  لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر گمشدہ آشیا مسافروں کو واپس کر دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ مسافر لاہور ائرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے اپنا بیگ ٹرالی میں چھوڑ گیا تھا جس میں زیورات، نقدی، قیمتی گھڑیاں سمیت دیگر سامان تھی۔

    تاہم لاہور ائرپورٹ پر مسافر کو اس کی اشیا واپس کی گئیں جس میں سونے کی چوڑی (مالابار گولڈ اور ڈائمنڈز)، سونے کی ایک چین/لاکیٹ، برانڈڈ کلائی کی گھڑیاں اور دیگر قیمتی چیزیں تھیں۔

    دوسری جانب اسلام اباد ائیرپورٹ پر ایک افغان شہری اپنا بیگ بھول گیا جس میں 2500 امریکی ڈالر یا ساڑھے چھ لاکھ روپے سے زائد کی رقم تھی۔

     یہ مسافر اسلام آباد سے دوحہ جاتے ہوئے بین الاقوامی روانگی میں ایف آئی اے/امیگریشن کاؤنٹر پر اپنا بیگ بھول گیا تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصدیق کے بعد بیگ مسافر کے بھیجے ہوئے نمائندے کے حوالے کر دیا گیا۔

  • عرب امارات کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ

    عرب امارات کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے ایئرپورٹس سے سفر کرنے والے افراد کی تعداد پچھلے برس کی نسبت 3 گنا بڑھ گئی، یہ تعداد 15 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مطارات ابو ظہبی کمپنی نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک ابو ظہبی ایئرپورٹس سے 15.9 ملین افراد نے سفر کیا۔

    مطارات ابو ظہبی کمپنی نے بتایا کہ ابو ظہبی انٹرنیشنل، العین انٹرنیشنل، البطین پرائیویٹ ایئرپورٹ، جزیرہ دلما ایئرپورٹ اور صیر بنی یاس ایئرپورٹ سے 2022 کے دوران 15.9 ملین افراد نے سفر کیا۔

    مسافروں کی یہ تعداد 2021 کے دوران ان پانچوں ایئر پورٹس سے سفر کرنے والوں کی تعداد سے تین گنا زیادہ ہے۔

    مطارات ابو ظہبی کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی کے پانچوں ایئر پورٹس سے 1 لاکھ 94 ہزار 667 پروازیں 2022 کے دوران روانہ ہوئیں۔

    کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2022 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران 4.78 ملین سے زائد افراد نے سفر کیا، یہ اعداد و شمار یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2022 تک کے ہیں۔

    یہ تعداد 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلے میں دگنی ہے۔

  • ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کی صورتحال کیا ہے؟

    ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کی صورتحال کیا ہے؟

    کراچی: سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر متبادل نظام کی بدولت بجلی کی فراہمی جاری ہے، فلائٹ آپریشنز بھی معمول کے مطابق جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک گیر پاور بریک ڈاؤن کے بعد سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر بجلی کا کوئی مسئلہ نہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے متبادل نظام کی بدولت صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

    ترجمان کے مطابق اسٹینڈ بائی پاور سسٹمز کی مدد سے بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے، 2 گھنٹے جنریٹرز پر چلنے کے بعد پشاور ایئرپورٹ پر معمول کی بجلی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔

  • اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی نجکاری، دوست ممالک کو ترجیح دی جائے گی

    اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی نجکاری، دوست ممالک کو ترجیح دی جائے گی

    کراچی: سول ایوی ایشن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئر پورٹس کے آؤٹ سورسنگ پلان تیار کرلیے گئے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔

    پلاننگ ڈویژن کی ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کی ہدایت سی اے اے کو موصول ہوگئی جس کے مطابق ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے عالمی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر کا اجرا کیا جائے گا۔

    حکومت نے ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ میں دوست ممالک کو ترجیح دینے فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، چین اور ترکی کی کمپنیز کو ترجیحی بنیاد پر مدعو کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورس سے سالانہ 250 سے 300 ملین ڈالرز حاصل ہوں گے، معاہدے کے تحت ایئرپورٹ 25 سال کے لیے آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔

    ایئرپورٹ ٹرمینل سروسز، پارکنگ، اسٹوریج، کارگو، ہینڈلنگ اور صفائی شعبے آؤٹ سورس کیے جائیں گے جبکہ سیکورٹی اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سی اے اے کے پاس رہیں گے۔

    سی اے اے کو تینوں بڑے ایئر پورٹس سے سالانہ 30 ارب روپے آمدن حاصل ہوتی ہے۔

  • ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر

    لاہور / ملتان: صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور لاہور کے ایئرپورٹس پر شدید دھند ہے جس کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور لاہور کے ایئرپورٹس پر شدید دھند ہے، ملتان ایئر پورٹ پر حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی۔

    دھند کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 6305 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 715 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

    لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 735 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 860 کو اسلام آباد میں اتار لیا گیا، کراچی سے لاہور پہنچنے والی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا ہے۔

  • اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات ضبط

    اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات ضبط

    اسلام آباد: محکمہ انسداد منشیات کی ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 مختلف کارروائیاں کیں۔

    بحرین جانے والے خیبر کے رہائشی ملزم کی چپل سے 516 گرام آئس اور 104 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، قطر جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 704 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

    تیسری کارروائی میں مانچسٹر جانے والے ملزم سے 1200 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    لاہور ایئرپورٹ پر کی جانے والی کارروائی میں بحرین جانے والی نارووال کی خاتون کے بیگ سے 1 کلو 933 گرام آئس برآمد کی گئی، دوسری کارروائی میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی خاتون سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی۔

    اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں کوئٹہ سے 97 کلو 250 گرام چرس اور 2 کلو افیون برآمد کرلی گئی۔

    علاوہ ازیں چمن بائی پاس کے قریب 4 کلو 8 گرام چرس اور 10 کلو 7 گرام مشکوک مواد برآمد کرلیا گیا۔

    اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

  • سوٹ کیس میں عجیب چیز پھنسی دیکھ کر ایئرپورٹ انتظامیہ حیران رہ گئی

    سوٹ کیس میں عجیب چیز پھنسی دیکھ کر ایئرپورٹ انتظامیہ حیران رہ گئی

    نیویارک: امریکا میں ایئرپورٹ عملہ اس وقت شدید حیران ہو گیا جب انھوں ںے اسکیننگ مشین کے ذریعے ایک سوٹ کیس میں عجیب سی چیز پھنسی دیکھ لی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق 16 نومبر کو نیویارک میں ایئرپورٹ پر اورلینڈو جانے والے ایک مسافر کے بیگ کو جب چیک کیا گیا تو عملہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس میں بلی کے سائز جتنی کوئی چیز پھنسی ہوئی ہے۔

    جب عملے کے ارکان نے سوٹ کیس کھلوایا تو اس میں واقعی ایک بلی ٹھونس کر رکھی گئی تھی، اور وہ کئی گھنٹوں سے بیگ کے اندر اسی حالت میں موجود تھی، لیکن خوش قسمتی سے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

    عملے کا کہنا تھا کہ اگر بلی اسی حالت میں پرواز کے دوران ہولڈ میں رہتی تو مر بھی سکتی تھی۔

    ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ عملہ آئے دن غیر قانونی اسلحہ، اور دیگر غیر قانونی سامان کے کیسز سے تو ڈیل کرتا ہی رہتا ہے، تاہم اس قسم کا معاملہ واقعی منفرد تھا۔

    بعد ازاں ڈیلٹا ایئرلائن پر سفر کرنے والے مسافر کو تلاش کیا گیا، اور ان سے بلی کے بارے میں وضاحت مانگی گئی تو انھوں نے کہا کہ یہ ان کی بلی نہیں ہے، بلکہ کسی اور کی ہے۔

    اگرچہ مسافر کو پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا، تاہم ان کی فلائٹ بلی کی وجہ سے چھوٹ گئی، اور انھیں اگلے دن جانا پڑا۔ عملے کا کہنا تھا کہ پالتو جانوروں کو ظاہر کیے بغیر ان کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہے، پالتو جانوروں کی اسکریننگ بھی ایک الگ کمرے میں کی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    ریاض: سعودی عرب میں ایئر پورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا ارادہ کیا جارہا ہے تاکہ سیاحت کے لیے ہوائی اڈوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش بنایا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے مملکت اور اس کے ہوائی اڈوں کو پرکشش بنانے کے لیے ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    ایئرپورٹ فیس میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد ریاض، جدہ اور دمام کے ہوائی اڈوں سے کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تخفیف کا فیصلہ اسی سال نافذ ہوگا، سعودی محکمہ شہری ہوا بازی ہوائی اڈوں کو معقول حد تک فیس میں کمی کا اختیار دے گا۔

    خیال رہے کہ شہری ہوا بازی نے 15 جولائی 2022 سے سعودی عرب کی فضائی حدود دنیا بھر کی ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    ہر وہ ایئر لائن جو سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے مقررہ قواعد و ضوابط پورے کرے گی اسے سعودی عرب کی فضائی سرحدیں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ سعودی عرب شکاگو معاہدہ 1944 کے تحت عائد ہونے والی پابندیاں پوری کرنا چاہتا ہے۔

    اسی جذبے کے تحت طے کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی میں استعمال ہونے والے مسافر ہوائی جہازوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    سعودی عرب چاہتا ہے کہ وہ 3 براعظموں کو جوڑنے والے خصوصی محل وقوع کی اپنی پوزیشن دنیا بھر میں مضبوط بنائے، اسی تناظر میں مملکت کی فضائی حدود تمام ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔